• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

غیر منصفانہ ٹیکس وصولی کا نظام آخر کب تک؟

شائع October 4, 2021
لکھاری لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز میں اکنامکس پڑھاتے ہیں، اور IDEAS لاہور کے ویزیٹنگ فیلو ہیں۔
لکھاری لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز میں اکنامکس پڑھاتے ہیں، اور IDEAS لاہور کے ویزیٹنگ فیلو ہیں۔

ہمارے نظامِ ٹیکس کے بڑے مسائل میں سے ایک اس نظام میں دانستہ اور نادانستہ طور پر گہرائی سے پیوستہ ناانصافیاں ہیں۔

یعنی وہ افراد جو اپنی مرضی یا ملازمتی/کاروباری تقاضوں کے باعث رجسٹر شدہ اور ٹیکس نیٹ میں شامل ہیں وہ ایک بھاری رقم ٹیکس کی صورت میں دیتے ہیں۔ مگر دوسری طرف وہ لوگ جو ٹیکس گزار کی حیثیت سے رجسٹرڈ نہیں ہیں وہ ایک مدت سے تھوڑا یا بالکل بھی ٹیکس ادا نہیں کر رہے ہیں، اور اس پر ستم یہ کہ ان میں سے بہت سوں کو ریاست کی جانب سے بار بار کسی نہ کسی صورت میں رعایتیں بھی دی جاتی رہی ہیں۔ مزید برآں، ریاست نے مخصوص طبقات کو فائدہ پہنچانے کے لیے بہت سے ٹیکسوں کو معاف کردیا ہے جبکہ کچھ ایسے بھی شعبے ہیں جنہیں چند مواقع پر ٹیکس چھوٹ بھی دی جاتی ہے۔

اب جو لوگ ٹیکس نیٹ میں آتے ہیں اور جنہیں تمام ٹیکسوں کو ادا کرنا پڑتا ہے وہ محصولاتی نظام اور ریاست کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہوں گے؟

پڑھیے: صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ٹیکس قوانین کا نفاذ ملک کے لیے خطرناک کیوں؟

ناانصافی کا ایک اور پہلو یہ بھی ہے کہ زیادہ تر جن لوگوں کو ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے یا جو ان ٹیکسوں کی ادائیگی سے مطمئن ہیں انہیں بھی لگتا ہے کہ ان کے ٹیکس کے بدلے ریاست انہیں زیادہ کچھ نہیں دے رہی ہے۔

عام رائے یہی ہے کہ ریاست تعلیم اور صحت کی غیر معیاری سہولیات فراہم کرتی ہے جس کے سبب متوسط آمدن اور اعلیٰ آمدن کے حامل افراد ان سہولیات کے لیے اپنے علاقوں کے متعلقہ نجی اداروں کا رخ کرتے ہیں۔ فراہمی آب اور نکاس آب، کچرے کو ٹکھانے لگانے اور سیکیورٹی کے لیے بھی اکثر نجی اداروں کی اضافی مدد حاصل کی جاتی ہیں اور چند جگہوں پر ایسے تمام تر کاموں کا مکمل انحصار نجی شعبے پر ہوتا ہے۔

بہت سے ٹیکس دہندگان کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ناانصافی صرف یہیں تک محدود نہیں۔ کئی ٹیکس دہندگان تو اس قابل ہوتے ہیں کہ وہ نجی شعبے سے اپنی ضروریات پوری کرلیں مگر جن کے پاس وسائل کی کمی ہے انہیں پھر (پانی، نکاس آب، صحت، تعلیم، سیکیورٹی کی) سرکاری خدمات پر ہی انحصار کرنا پڑتا ہے۔ یوں انہیں پھر سرکار کی جانب سے غیر معیاری خدمات فراہم کی جارہی ہوتی ہیں۔ اب اگر ریاست غیر منصفانہ اور کسی حد تک زبردستی کرنے والے نظام کے تحت حاصل کردہ محصولات کے ذریعے اس پر منحصر افراد کو سہولیات فراہم نہ کرسکے تو ایسی صورتحال سے شہری کس طرح مطمئن ہوسکتے ہیں؟

انکم ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے 35 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔ اگر آپ اپنی ماہانہ آمدن کے معاملے میں متوسط یا اس سے تھوڑے بڑے درجے میں آتے ہیں اور ٹیکس نیٹ میں شامل ہیں (یہ بات تقریباً تمام تنخواہ دار طبقہ اور رجسٹر شدہ کاروبار پر صادق آتی ہے) تو عین ممکن ہے کہ آپ صرف انکم ٹیکس کی مد میں ہی اپنی آمدن کا اوسطاً 15 سے 20 فیصد حصہ بطور ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ تنخواہ داروں کو تو ٹیکس ادا کرنے کی نوبت بھی نہیں آتی کیونکہ انہیں ٹیکس کٹوتی کے بعد ہی تنخواہ ملتی ہے۔

پھر آتا ہے سیلز ٹیکس جو اکثر مصنوعات اور متعدد سروسز پر تقریباً 16 سے 17 فیصد تک ادا کرنا پڑتا ہے، اور بہت سی مصنوعات اور سروسز کی فراہمی پر ایسے خصوصی لیویز اور ٹیکس ادا کرنے پڑتے ہیں جن کی inelastic demand ہوتی ہے (یعنی وہ مصنوعات اور سروسز جن کی قیمت بڑھنے کے باوجود طلب کو زیادہ نقصان نہیں پہنچتا) یا جہاں سے ریاست باآسانی اور کم خرچ کے ساتھ ٹیکس وصول کرسکتی ہے۔

پڑھیے: معاشی اعتبار سے وزیراعظم عمران خان کے 3 سال

ان میں ٹیلی فون بل، گیس اور بجلی کی سہولیات کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات شامل ہیں۔ رواں ماہ میں نے اپنے بجلی کا جو بل ادا کیا اس کی رقم کا 25 فیصد حصہ اضافی ٹیکسوں اور سرچارجز پر مشتمل تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس وصولی کے درجے کو اگرچہ بڑی حد تک مبہم رکھا جاتا ہے، لیکن ان پر اچھا خاصا ٹیکس وصول ضرور کیا جاتا ہے۔ روڈ ٹیکس اور مقامی پانی اور دیگر سرچارجز سمیت دیگر تمام سروسز پر بھی ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

تنخواہ دار، رجسٹر شدہ اور ٹیکس نیٹ میں شامل افراد غالباً اور اوسطاً اپنی آمدن کا تقریباً 50 فیصد مختلف ٹیکسوں کی صورت میں ریاست کو دے دیتے ہیں۔ یہ تناسب کسی بھی طور پر معمولی نہیں کہا جاسکتا۔

جو افراد ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں اور/یا جنہیں ٹیکس معاف کیا گیا ہے، انہیں اوسط کے اعتبار سے صرف بالواسطہ ٹیکس ادا کرنے پڑتے ہیں۔ لہٰذا ناانصافی عیاں ہے۔ کاشتکاروں کو ٹیکس کی چھوٹ کیوں دی جائے؟ تاجروں یا پراپرٹی کے کاروبار سے منافع کمانے والوں کو معمولی سا ٹیکس کیوں دینا پڑتا ہے؟ یہ کہنا کہ ریاست ان کے لیے ٹیکس وصولی کا نظام بنانے سے قاصر ہے، اسے ناانصافی نہ کہا جائے تو اور کیا کہا جائے۔ گزشتہ دہائیوں کے دوران ریاست ایک منصفانہ نظام تیار کرنے میں ناکام کیوں رہی ہے؟

مگر جب ٹیکس دہندگان کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ ریاست ان کی ٹیکس ادائیگیوں یا بالجبر ادائیگیوں کے بدلے میں کوئی کام نہیں کر رہی تب صورتحال مزید دلخراش ہوجاتی ہے۔

زیادہ تر ٹیکس دہندہ آبادی صحت، تعلیم، پانی، کچرے کو ٹھکانے لگانے اور یہاں تک کہ سیکیورٹی جیسی سہولیات کے لیے بھی نجی شعبے کی خدمات حاصل کرتی ہے۔ نجی شعبے کے ملازمین پینشن کے فوائد یا دیگر مراعات سے بھی قاصر رہتے ہیں۔ مجھے 60 برس کے بعد اولڈ ایج بینیفٹ اسکیم کے تحت 9 ہزار ماہانہ ملیں گے۔ اس رقم کا ایک بڑا حصہ بھی ادارہ ہی فراہم کرتا ہے۔

ریاست کی جانب سے جو خدمات فراہم کی جاتی ہیں وہ عموماً غیر معیاری ہوتی ہیں یوں معاملہ مزید بگڑ جاتا ہے۔ چنانچہ ہر قسم کی سہولت کے لیے ریاست کی خدمات پر منحصر رہنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے جبکہ جو لوگ ٹیکس ادا کرتے ہیں وہ اپنے حصے سے زیادہ کا کام انجام دے رہے ہیں۔ یوں نظام کی بظاہر اور حقیقی ناانصافیوں میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔

پڑھیے: امیر امیر تر اور غریب غریب تر کیوں ہو رہا ہے؟

ایک دوسرے کے پیچھے اقتدار میں آنے والی حکومتوں کے وعدوں کے باوجود ریاست ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے میں یا تو ناکام رہی ہے یا پھر راضی ہی نہیں ہے۔ مگر ہر سال ریونیو کی ضرورت اور ریونیو کو پیدا کرنے کا دباؤ بڑھتا جاتا ہے۔

ریاست چاہتے نہ چاہتے ہوئے بالواسطہ ٹیکس دینے والوں پر تکیہ کرتی ہے یا پھر ان افراد سے زیادہ سے زیادہ ٹیکس بٹورنے کی کوشش کرتی ہے جو پہلے سے ٹیکس نیٹ میں شامل ہیں۔ دونوں آپشنز ہی ٹیکس نظام کی ناانصافی کو بڑھاتے ہیں۔

ہمیں نظام کی اس روش کا خاتمہ کرنے کے لیے لائحہ عمل درکار ہے۔ اگر اس روش کا خاتمہ نہ ہوا تو زیادہ ریونیو پیدا کرنے کی ریاست کی صلاحیت کمزور ہوگی اور یہ کمزوری اقتصادی پیداوار اور استحکام کے لیے تباہ کن ثابت ہوگی۔ شہریوں کی وفاداری اور سماجی معاہدے پر بھی اس کے نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔


یہ مضمون یکم اکتوبر 2021ء کو ڈان اخبار میں شائع ہوا۔

فیصل باری

لکھاری لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز میں اکنامکس پڑھاتے ہیں، اور IDEAS لاہور کے ویزیٹنگ فیلو ہیں۔ ان کا ای میل ایڈریس [email protected] اور [email protected] ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (4) بند ہیں

پاکستانی Oct 04, 2021 10:53am
پھر بھی عمران خان کہتے ہے کہ پاکستانی تیکس نہیں دیتے، پاکیستانی عام عوام تو دنیا میں سب سے زیادہ ان ڈائرکٹ تیکس دیتی ہیں۔ آپ صرف انکم ٹیکس کی مد میں ہی اپنی آمدن کا اوسطاً 15 سے 20 فیصد حصہ بطور ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ تنخواہ داروں کو تو ٹیکس ادا کرنے کی نوبت بھی نہیں آتی کیونکہ انہیں ٹیکس کٹوتی کے بعد ہی تنخواہ ملتی ہے۔ پھر آتا ہے سیلز ٹیکس جو اکثر مصنوعات اور متعدد سروسز پر تقریباً 16 سے 17 فیصد تک ادا کرنا پڑتا ہے، اور بہت سی مصنوعات اور سروسز کی فراہمی پر ایسے خصوصی لیویز اور ٹیکس ادا کرنے پڑتے ہیں جن کی inelastic demand ہوتی ہے (یعنی وہ مصنوعات اور سروسز جن کی قیمت بڑھنے کے باوجود طلب کو زیادہ نقصان نہیں پہنچتا) یا جہاں سے ریاست باآسانی اور کم خرچ کے ساتھ ٹیکس وصول کرسکتی ہے۔ ان میں ٹیلی فون بل، گیس اور بجلی کی سہولیات کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات شامل ہیں۔ رواں ماہ میں نے اپنے بجلی کا جو بل ادا کیا اس کی رقم کا 25 فیصد حصہ اضافی ٹیکسوں اور سرچارجز پر مشتمل تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس وصولی کے درجے کو اگرچہ بڑی حد تک مبہم رکھا جاتا ہے، لیکن ان پر اچھا خاصا ٹیکس وصول ضرور کیا جاتا ہے۔ روڈ ٹیکس اور مقامی پانی اور دیگر سرچارجز سمیت دیگر تمام سروسز پر بھی ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ تنخواہ دار، رجسٹر شدہ اور ٹیکس نیٹ میں شامل افراد غالباً اور اوسطاً اپنی آمدن کا تقریباً 50 فیصد مختلف ٹیکسوں کی صورت میں ریاست کو دے دیتے ہیں۔ یہ تناسب کسی بھی طور پر معمولی نہیں کہا جاسکتا۔
Legal Oct 04, 2021 12:38pm
The State can payback corresponding to the taxes collected by it - we cannot ignore that the fee in which a child of a middle class family becomes a doctor /engineer/ lawyer from public university in Pakistan is very low as compared to the universities of USA, UK nad Canada - Besides, if thousands of people come to government hospitals, if almost all accident and medico legal cases are attended at public hospitals then obviously the state is giving services. The poor people are being operated and treated for free which otherwise costs in millions - NICVD is an example. All these roads on which we travel, overhead bridges and underpasses, Police for internal peace and Army for defences of people of Pakistan are shouting out loud the application of our tax money. If all of our people will pay taxes honestly then we will get improved facilities.
Legal Oct 04, 2021 02:54pm
The Article has also criticized on sales tax levy - It needs to be appreciated that the Government tries its best not to impose sales tax on basic needs thus it fully facilitates poor class - for instance, there is no sales tax on vegetables , chicken and other meats, pulses, rice , flour etc. Similarly, no sales tax on medicines. Further, there is no sales tax on medical services and education services. The list may be revisited and no one calims perfection but the bottome line is that the Government takes care of less privileged people while impsing sales tax
Legal Oct 04, 2021 04:50pm
The assumption that a normal Pakistani contributes around 50% of his income to state seems exaggerated - Who is common Pakistani - let us assume a person deriving Rs. 100,000 per month - suppose ;he pays house rent of Rs. 20,000 on which there is no sales tax; buy vegetables, chicken, flour, eggs, bread, pulses and fruits of Rs. 15,000 with no sales tax ; pays children education fee of Rs. 10,000 with no sales tax , pays Rs. 5,000 to servant, Rs. 2,000 for medicines and doctor, Rs. 1,500 for bike repair and Rs. 1,500 for buying daily used exempt household items, So 50,000 expense is clealry tax free. On remaining 50,000 even if we suppose that half of the expense is subject to sales tax and average rate is 15% so he ends up paying sales tax of less than Rs. 4,000 on salary of Rs. 100,000. Thus, a man deriving income of over Rs. 1 lac a month pays not more than 4% indirect taxes while a person deriving lesser amount pays substantially less amount of indirect taxes as well. I think this 4% or lessers is the amount that this Country and our fellow beings owe to us and we shoudl contribute the same for common good graciously

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024