• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’بلیک وڈو‘ کی ریلیز کے تنازع پر اسکارلٹ جانسن اور ڈزنی میں صلح ہوگئی

شائع October 1, 2021
اسکارلٹ جانسن نے پروڈکشن کمپنی کے خلاف جولائی میں مقدمہ دائر کیا تھا—فوٹو: اے پی
اسکارلٹ جانسن نے پروڈکشن کمپنی کے خلاف جولائی میں مقدمہ دائر کیا تھا—فوٹو: اے پی

ہولی وڈ فلم پروڈکشن کمپنی ’والٹ ڈزنی‘ اسٹوڈیو اور معروف اداکارہ اسکالٹ جانسن کے درمیان میگا بجٹ فلم ’بلیک وڈو‘ کو سینماؤں میں ریلیز نہ کرنے کے معاملے پر صلح ہوگئی۔

اسکارلٹ جانسن نے رواں برس جولائی میں ’والٹ ڈزنی اسٹوڈیو‘ کے خلاف لاس اینجلس کی عدالت میں ہرجانے کا سول مقدمہ دائر کیا تھا۔

اداکارہ نے اسٹوڈیو پر الزام لگایا تھا کہ پروڈکشن کمپنی نے ان سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ’بلیک وڈو‘ فلم کو سینماؤں کے بجائے اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کرکے ان کی کمائی کم کرنے کی کوشش کی ہے۔

مقدمہ دائر کیے جانے کے دو ماہ بعد اب دونوں فریقین نے تصدیق کی ہے ان کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق اسکارلٹ جانسن اور والٹ ڈزنی کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں تصدیق کی گئی کہ دونوں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی اور دونوں دوبارہ ایک ساتھ کام کرنے کے لیے پر امید ہیں۔

اداکارہ فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں—فائل فوٹو: اے پی
اداکارہ فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں—فائل فوٹو: اے پی

دونوں فریقین میں صلح کے بعد سول مقدمے کو ختم کرنے کے لیے عدالت میں دستاویزات بھی جمع کروادی گئیں۔

صلح ہونے کے بعد اسکارلٹ جانسن نے جاری کیے گئے بیان میں خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ مستقبل میں ڈزنی کی تخلیقی ٹیم کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے لیے پر امید ہے اور انہیں فخر ہے کہ انہوں نے اسکرین پر ’بلیک وڈو‘ کا روپ دھارا۔

یہ بھی پڑھیں: فلم کو سینما میں ریلیز نہ کرنے پر اسکارلٹ جانسن نے ڈزنی پر مقدمہ کردیا

معاہدہ طے پاجانے پر ’والٹ ڈزنی اسٹوڈیو‘ کے چیئرمین نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اداکارہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور وہ مستقبل میں بھی ان کے ساتھ متعدد منصوبوں پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

دونوں فریقین نے صلح کی تصدیق کرتے ہوئے معاہدہ طے پاجانے پر خوشی کا اظہاربھی کیا لیکن دونوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے درمیان کن شرائط پر صلح ہوئی اور اداکارہ نے کتنی رقم کا مطالبہ کیا تھا؟

اسکارلٹ جانسن نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
اسکارلٹ جانسن نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

اس سے قبل ڈزنی نے کہا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر فلم کو سینماؤں کے بجائے اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز نہیں کیا بلکہ کورونا کی وبا کے باعث سینما بند ہونے کی وجہ سے ایسا کیا گیا۔

ساتھ ہی اسٹوڈیو نے کہا تھا کہ اس کے باوجود اسکارلٹ جانسن کو معاہدے میں طے شدہ رقم سے 2 کروڑ ڈالر اضافی دیے جا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود اداکارہ نے ڈزنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

مزید پڑھیں: طویل تاخیر کے بعد ’بلیک وڈو‘ ریلیز

’بلیک وڈو‘ کو تین سال کی تاخیر کے بعد جولائی کے آغاز میں دنیا بھر میں سینماؤں میں محدود پیمانے پر ریلیز کیا گیا تھا۔

مذکورہ فلم میں اسکارلٹ جانسن نے ’بلیک وڈو‘ کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، وہ ایک دہائی سے ڈزنی اسٹوڈیوز کی سپر ہیروز فلموں میں بلیک وڈو کا کردار ادا کرتی آ رہی ہیں۔

’بلیک وڈو‘ ان کے مرکزی کردار کی پہلی اکیلی فلم ہے اور اسی فلم کی وہ ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024