• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تیسرے نکاح کے وقت گود میں نواسہ لیے بیٹھی تھی، عتیقہ اوڈھو

شائع September 29, 2021
نواسا بالغ ہوگا تب ان کے ساتھ نکاح والی تصویر میڈیا کو دکھاؤں گی، اداکارہ—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
نواسا بالغ ہوگا تب ان کے ساتھ نکاح والی تصویر میڈیا کو دکھاؤں گی، اداکارہ—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تیسری شادی کے نکاح کے وقت اپنا نواسہ گود میں لیے بیٹھیں تھیں اور ان کی شادی میں ان کے شوہر کے بچوں اور نواسوں اور پوتوں نے بھی شرکت کی تھی۔

’فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں عتیقہ اوڈھو نے اپنے کیریئر، شوبز انڈسٹری کے حالات اور اپنی شادیوں اور معاشقوں کے بارے میں کھل کر باتیں کیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے لیے اسٹائلسٹ کے طور پر کام سے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے بیرون ملک سے ڈیزائنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی تھی۔

ان کے مطابق وہ پس پردہ ٹی وی منصوبوں پر کام کرتے کرتے اچانک اداکارہ بنیں اور ابتدائی طور پر انہوں نے ماڈلنگ کی۔

عتیقہ اوڈھو کے مطابق انہوں نے پہلی شادی طلاق پر ختم ہونے اور اپنے ہاں دو بچوں کی پیدائش کے بعد اداکاری کا آغاز کیا، کیوں کہ اس وقت انہیں بچوں کی پرورش کے لیے مالی معاونت کی ضرورت تھی۔

اداکارہ کے مطابق انہیں پہلے ہی ڈرامے ’ستارہ اور مہرالنسا‘ میں ستارہ کا کردار ادا کرنے سے شہرت ملی اور ایک دم سے ان کی زندگی تبدیل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہم سفر‘ میں میرے کردار پر خواتین روتیں، انہیں مجھ پر ترس آتا تھا، عتیقہ اوڈھو

عتیقہ اوڈھو کے مطابق ڈراموں میں شہرت بٹورنے کے بعد انہیں جلد ہی فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی اور انہیں ٹی وی کے ساتھی اداکاروں نے بھی بڑے پردے پر کام کرنے سے روکا مگر انہوں نے کسی کی بات نہیں سنی۔

سینئر اداکارہ کے مطابق پہلی شادی کی ناکامی کے بعد انہوں نے اپنی ہی مرضی سے دوسری شادی کی مگر اتفاق سے وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی اور ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔

اداکارہ نے پہلی شادی ختم ہونے کے بعد ہی اداکاری کا آغاز کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے پہلی شادی ختم ہونے کے بعد ہی اداکاری کا آغاز کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ انہوں نے تمام شادیاں پسند اور پیار سے کیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ شادی جیسے رشتے پر بھرپور یقین رکھتی ہیں، اس لیے انہوں نے دو ناکامیوں کے بعد تیسری مرتبہ زائد العمری میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے تیسرے شوہر ثمر علی خان کو خود شادی کی پیش کش کی تھی۔

مزید پڑھیں: شراب برآمدگی کیس: عتیقہ اوڈھو 9 سال بعد باعزت بری

عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ انہوں نے اور ثمر علی خان نے خاموشی سے نکاح کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن جب انہوں نے اپنے بچوں کو بات بتائی تو سب نے کہا کہ شادی کی تقریب منعقد کی جائے۔

اداکارہ کے مطابق ان کی شادی میں ان کے شوہر اور ان کے بچوں سمیت ان کے نواسوں اور شوہر کے بچوں اور ان کے بچوں نے بھی شرکت کی۔

عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ وہ نکاح کے وقت اپنی گود میں نواسے کو لے کر بیٹھی تھیں، جس پر کئی لوگ حیران ہونے سمیت خوش بھی ہوئے۔

خیال رہے کہ عتیقہ اوڈھو نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن ثمر علی خان سے جون 2012 میں شادی کی تھی، ان کے شوہر 2013 سے 2018 تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔

عتیقہ اوڈھو کو پہلے اور دوسرے شوہر سے بچے ہیں اور 2012 میں تیسری شادی کے وقت نانی اور بعد ازاں دادی بن چکی تھیں۔

پہلے ڈرامے ستارہ اور مہرالنسا سے ہی شہرت ملی، اداکارہ—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
پہلے ڈرامے ستارہ اور مہرالنسا سے ہی شہرت ملی، اداکارہ—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

'ہم دادیاں بن گئیں، ہمایوں سعید اب بھی ہیرو آتا ہے'

اسی انٹرویو میں عتیقہ اوڈھو نے مزاحیہ انداز میں ہمایوں سعید پر بھی تنقید کی اور انہیں ٹوکا کہ ابھی تک وہ ہیرو کے طور پر اسکرین پر دکھائی دیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ اور ان جیسی دوسری اداکارائیں ڈراموں میں اب ماں، ساس اور دادی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں مگر ہمایوں سعید اب بھی ہیرو کے طور پر دکھائی دیتے ہیں اور یہ بہت بڑی ناانصافی ہے۔

عتیقہ اوڈھو کا کہنا تھا کہ ماضی میں وہ اور ہمایوں سعید ہیرو اور ہیروئن کے طور پر ساتھ کام کر چکے ہیں اور رومانوی کردار بھی ادا کر چکے ہیں مگر اب ان کے لیے ماں، ساس اور دادی جیسے کردار رہ گئے ہیں جب کہ ہمایوں سعید ہیرو کے طور پر نظر آتا ہے۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ ہمایوں سعید کو بھی کہتی رہتی ہیں کہ یہ ناانصافی ہے اور انہوں نے ہدایت کار ندیم بیگ کو پال رکھا ہے، وہ ان کے فریم بنا اور سجا کر انہیں ہیرو کے طور پر پیش کرتے ہیں۔

عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ ہدایت کار ندیم بیگ بھی ان کے اچھے دوست ہیں اور وہ انہیں بھی کہتی رہتی ہیں کہ وہ ہمایوں سعید کو ہیرو بنا کر پیش کرنے میں لگے ہیں، کیوں کہ انہیں اداکار نے پال رکھا ہے۔

اداکارہ کے مطابق ماضی میں ہمایوں سعید ان کے ساتھ رومانوی ہیرو کے طور پر کام کر چکے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ کے مطابق ماضی میں ہمایوں سعید ان کے ساتھ رومانوی ہیرو کے طور پر کام کر چکے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

تبصرے (2) بند ہیں

عرفان Sep 30, 2021 03:01am
آپ جیسی دادی دیکھ کر تو اب بھی احتراماکھڑے ہو جاتے ہین۔
shokee ahmed Sep 30, 2021 03:38pm
We must give credit to Attiqa for her three marriages. No doubt marriage is a good idea but it is not written anywhere about its success or failure. I send her my good wishes for the success of her third marriage.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024