• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

طویل سفر کی تھکاوٹ کے باعث عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں داخل

شائع September 29, 2021
عمر شریف کے دل کے والوز کو ملانے کے لیے ان کا آپریشن کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کے دل کے والوز کو ملانے کے لیے ان کا آپریشن کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک

علاج کے لیے بذریعہ ایمبولینس امریکا روانہ ہونے والے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کو طویل فضائی سفر کی تھکاوٹ کے باعث جرمنی کے ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

نجی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا کہ کراچی سے بذریعہ ایئر ایمبولینس روانگی کے بعد سوا 7 گھنٹے کے مسلسل فضائی سفر کی وجہ سے عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکا بخار ہوگیا تھا۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا کہ ایئر ایمبولینس کمپنی سے رابطے کے بعد عمر شریف کو رات کے لیے جرمنی میں نیورمبرگ کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ اور کچھ ٹیسٹ کیے گئے۔

مزید پڑھیں: عمر شریف علاج کے لیے بذریعہ ایئر ایمبولینس امریکا روانہ

انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات ایئر ایمبولینس کمپنی کر رہی ہے اور ڈاکٹرز ان سے رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لے کر جرمنی سے بدھ کی صبح آئس لینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔

عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک

دوسری جانب جنگ اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایئر ایمبولینس میں عمر شریف کے ساتھ سفر کرنے والی ان کی اہلیہ زرین غزل کے پاس جرمنی کا ویزا نہیں تھا، جس کی وجہ سے وہ ایئرپورٹ سے باہر نہیں جاسکتی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق عمر شریف کو ہسپتال میں داخل کرائے جانے کے بعد انہیں ہنگامی ویزے کی ضرورت پڑی جس کے لیے انہیں پولیس سے رجوع کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق ویزا کے حصول کی کارروائی کے دوران زرین غزل نے 4 گھنٹے نیورمبرگ ایئرپورٹ کے قریبی تھانے میں گزارے اور جرمنی کا ہنگامی ویزا ملنے کے بعد وہ عمر شریف کی دیکھ بھال کے لیے ہسپتال پہنچیں۔

خیال رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لیے کم از کم ایک ہفتہ قبل امریکا روانہ ہونا تھا مگر ایئر ایمبولینس کی پاکستان آمد، اداکار کے ویزا کے اجرا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ان کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔

عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس 26 ستمبر کی شب کراچی ایئر پورٹ پہنچ چکی تھی مگر پھر اداکار کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کی روانگی مؤخر کردی گئی تھی اور وہ 27 ستمبر کو روانہ ہوئے۔

انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں وزیراعظم سے ویزا کے حصول میں مدد کی اپیل کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں وزیراعظم سے ویزا کے حصول میں مدد کی اپیل کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

عمر شریف گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں عارضہ قلب کے علاوہ گردوں کے امراض کا بھی سامنا ہے جب کہ انہیں ذیابطیس بھی ہے۔

عمر شریف کے علاج کے لیے سندھ حکومت نے 14 ستمبر کو 4 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے تھے، جس کے بعد صوبائی حکومت نے انہیں امریکا منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس کے کرائے کی مد میں 20 ستمبر کو 2 کروڑ 84 لاکھ روپے جاری کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی طبیعت پھر خراب، علاج کیلئے امریکا روانگی مؤخر

عمر شریف کے ہمراہ ایئر ایمبولینس میں تیسری اہلیہ غزل زرین روانہ ہوئیں —فائل فوٹو: انسٹاگرام
عمر شریف کے ہمراہ ایئر ایمبولینس میں تیسری اہلیہ غزل زرین روانہ ہوئیں —فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکار کو امریکا روانگی کے لیے 14 ستمبر کو ویزے بھی مل چکے تھے لیکن ایئر ایمبولینس کا انتظام ہونے اور دیگر کچھ مسائل کی وجہ سے وہ کم از کم 10 دن تاخیر سے علاج کے لیے امریکا روانہ ہوئے۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کی امریکا روانگی کیلئے ایئر ایمبولینس 26 ستمبر کو کراچی پہنچے گی

امریکا میں عمر شریف کا علاج واشنگٹن کی جارج یونیورسٹی ہسپتال میں 10 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان کی ٹیم کرے گی، ان کا علاج کرنے والی ٹیم میں اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب بھی شامل ہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے کچھ دن قبل عمر شریف کی بیماری اور علاج کے حوالے سے بتایا تھا کہ کامیڈین کو عارضہ قلب لاحق ہے مگر انہیں گردوں کے مسائل اور ذیابطیس بھی ہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کے دل کے ایک ’وال‘ نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور دل میں جمع ہونے والا خون واپس ’پھیپھڑوں‘ کی جانب جا رہا ہے، جس کی وجہ سے اداکار کو سانس لینے میں بھی مشکل درپیش ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024