• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

عمر شریف کی طبیعت پھر خراب، علاج کیلئے امریکا روانگی مؤخر

شائع September 27, 2021 اپ ڈیٹ September 28, 2021
اداکار ایک ماہ سے ہسپتال میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
اداکار ایک ماہ سے ہسپتال میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

عارضہ قلب میں مبتلا لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کی طبیعت پھر خراب ہونے کے باعث علاج کے لیے ان کی امریکا روانگی مؤخر کردی گئی جبکہ انہیں امریکا لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس بھی کراچی پہنچ گئی ہے۔

عمر شریف کا امریکا میں علاج کرنے والی ٹیم کے رکن پاکستانی نژاد ڈاکٹر و ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا کہ ڈائیلائسز کے دوران اداکار عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں سی سی یو وارڈ منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کی امریکا روانگی کیلئے ایئر ایمبولینس 26 ستمبر کو کراچی پہنچے گی

عمر شریف کی طبیعت بگڑنے کے بعد ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ علاج کے لیے امریکا سفر کرنے کے قابل نہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا کہ 24 گھنٹے کے دوران عمر شریف کی طبیعت دیکھنے کے بعد ان کی روانگی کا فیصلہ ہوگا۔

عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک

علاوہ ازیں عمر شریف کے اہلخانہ کے مطابق ایئرایمبولینس کمپنی کو عمر شریف طبیعت کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے اب روانگی کا نیا شیڈول آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: رقم اور ویزے جاری ہونے کے باوجود عمر شریف امریکا روانہ نہ ہوسکے

اہلخانہ کے مطابق امریکا میں عمر شریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، ڈاکٹر طارق شہاب پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ایئر ایمبولینس کراچی پہنچ گئی

علاوہ ازیں عمر شریف کو علاج کی غرض سے امریکا لے جانے کے لیے 12 گھنٹے کی تاخیر کے بعد ایئر ایمبولینس کراچی پہنچ گئی۔

پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق عمر شریف کو آج (27 ستمبر کو) امریکا روانہ ہونا تھا۔

تاہم ڈاکٹرز کی جانب سے کیے گئے مختلف ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد ان کی روانگی میں تاخیر ہوسکتی ہے۔

ایئرایمبولینس کراچی پہنچ گئی ہے—فوٹو:قاضی حسن
ایئرایمبولینس کراچی پہنچ گئی ہے—فوٹو:قاضی حسن

نجی ہسپتال کے طبی ماہرین نے عمر شریف کو اگلے 24 گھنٹے فضائی سفر کرنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے کہا ہے کہ امریکا روانگی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

قبل ازیں ذرائع کے حوالے سے کہا جارہا تھا کہ عمر شریف کی روانگی کے لیے ایئر ایمبولینس کی پاکستان آمد تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ ایئر ایمبولینس کی پاکستان آمد کے شیڈول میں ایک مرتبہ پھر تبدیلی کردی گئی ہے اور کمپنی نے اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

عمر شریف کو آج ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا منتقل کیا جانا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کو آج ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا منتقل کیا جانا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

قبل ازیں کہا گیا تھا کہ ایئر ایمبولینس 12 گھنٹے تاخیر سے آج صبح 11 بجے کراچی ایئرپورٹ لینڈ کرے گی اور اداکار کو دوپہر 12:20 پر لے کر روانہ ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ایئر ایمبولینس منیلا، فلپائن سے کراچی پہنچے گی، جرمنی میں ری فیولنگ کرائے گی اور پھر امریکا پہنچے گی۔

مزید پڑھیں: عمر شریف اور اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری

خیال رہے کہ عمر شریف کا علاج جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال میں کیا جائے گا تاہم عمر شریف کے ساتھ اہلخانہ ایئر ایمبولینس میں سفر نہیں کر سکیں گے۔

اسٹاپ اوور کے ایئرپورٹس پر تمام مسافروں کا ویزا ہونا ضروری جبکہ مریض کو استثنیٰ حاصل ہے۔

عمر شریف کے اہلخانہ کے پاس اسٹاپ اوور کا ویزا نہیں ہے وہ 28 ستمبر کو کمرشل پرواز سے امریکا جائیں گے۔

24 ستمبر کو جاری کیے گئے روانگی کے شیڈول میں کہا گیا تھا کہ ایئر ایمبولینس 26 ستمبر کو رات 11 بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر ون پر لینڈ کرے گی اور عمر شریف کو لے کر 27 ستمبر کو روانہ ہوگی۔

خیال رہے کہ عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ ان کے اہلخانہ نے ان کے بیمار ہونے یا ہسپتال میں داخل ہونے کی اطلاعات کو مسترد کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے تسلیم کیا کہ عمر شریف زیر علاج ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے عمر شریف کیلئے ایئر ایمبولینس کی رقم جاری کردی

ہسپتال میں عمر شریف کی طبیعت بگڑ جانے پر انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک علاج کے لیے مدد طلب کی تھی۔

عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں علاج کی اپیل کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں علاج کی اپیل کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

عمر شریف کی جانب سے مدد طلب کیے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

بعدازاں 16 ستمبر کو عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری کیے گئے تھے تاہم ایئر ایمبولینس کے انتظام میں وقت لگ گیا۔

عمر شریف کو علاج کے لیے کراچی سے امریکا کے شہر واشنگٹن منتقل کرنے کے لیے حکومت سندھ نے 20 ستمبر کو 2 کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بھی جاری کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024