• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

'آزمائش' میں خودکشی کے سین کے حق میں نہیں تھی، ٹیم کا دباؤ تھا، یشما گل

شائع September 24, 2021
شیزا کے کردار سے بہت کچھ سیکھا —
فائل فوٹو: انسٹاگرام
شیزا کے کردار سے بہت کچھ سیکھا — فائل فوٹو: انسٹاگرام

ٹی وی ڈراموں کی اداکارہ یشما گل نے نجی چینل پر نشر ہونے والے ڈرامے 'آزمائش' میں خودکشی کا ایک منظر فلمانے سے متعلق کہا ہے کہ وہ اس سین کے حق میں نہیں تھیں مگر ان پر ٹیم کا دباؤ تھا۔

نجی چینل 'اے آر وائے' پر نشر ہونے والے ڈراما سیریل 'آزمائش' میں اپنے کردار شیزا کے انجام تک پہنچنے سے متعلق انہوں نے اپنا آخری سین شیئر کرتے ہوئے ایک طویل پوسٹ شیئر کی۔

یشما گل نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ڈرامے میں شیزا کا کردار اپنے انجام کو پہنچا۔

مزید پٖڑھیں: خواتین کے لباس پر تنقید کرنے والے خود بھی ان جیسا لباس پہنتے ہیں، یشما گل

اداکارہ نے کہا کہ 'جیسا کہ شیزا کا کردار ادا کرنے کا میرا سفر اختتام پذیر ہورہا ہے تو میں یہ بیان کرنا چاہتی ہوں کہ مجھے یہ کردار ادا کرنے میں کتنا مزہ آیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'اپنے لائنز کی پریکٹس کرنا، ریہرسل کرنا اور سیٹ پر روزانہ اس کردار کے انداز میں آنا یاد رہے گا'۔

یشما گل نے کہا کہ میں نے اس کردار سے بہت کچھ سیکھا ہے خاص طور پر یہ کہ کس طرح ہمیشہ غلط کام کرنے کے نتائج بھگتنا پڑتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'میرے کردار کا اختتام ایک ایسی چیز تھی جس سے میں ذاتی طور پر متفق نہیں تھی، لیکن بطور اداکارہ مجھے ٹیم کی بات پر عمل کرنا ہے اور ان کے فیصلے پر قائم رہنا ہے کیونکہ وہ بہتر جانتے ہیں'۔

یشما گل نے کہا کہ 'میں ان تمام افراد کی مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اس عرصے میں سپورٹ کیا اور ہر دن بہتری کے لیے میری حوصلہ افزائی کی'۔

اداکارہ نے ڈرامے کی کاسٹ میں شامل کنزا ہاشمی، فہد شیخ، فرقان قریشی، منسا ملک اور دیگر کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ سب کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا تھا۔

انہوں نے ہدایت کار فجر رضا کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ فجر کا پہلا ڈراما اور میرا ان کے ساتھ پہلا پروجیکٹ تھا۔

یشما گل نے ڈرامے کے پروڈیوسرز فہد مصطفیٰ اور ڈاکٹر علی کاظمی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ان کی پوسٹ پر ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ 'خودکشی کے بجائے کچھ مثبت دکھانا چاہیے تھا'۔

جس کا جواب دیتے ہوئے یشما گل نے دیا کہ 'میں بذات خود اس کے حق میں تھی لیکن بعض اوقات آن ایئر پریشر اور پھر ٹیم کے دباؤ کی وجہ سے کرنا پڑتا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ یشما گل میں کورونا وائرس کی تصدیق

ڈرامے میں اداکارہ یشما گل نے شیزا نامی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا اور ان کے ساتھ اداکارا کنزہ ہاشمی نے نمرہ نامی لڑکی کا کردار نبھایا تھا۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

'آزمائش' میں دونوں اداکاراؤں کو سوتیلی بہنوں کے طور پر دکھایا گیا تھا جس میں یشما گل منفی کردار ادا کرتی نظر آئیں۔

اداکارہ یشما گل اس سے قبل ڈراما سیریل قربان ، گھر تتلی کا پر ، کی جانا میں کون ، پیا نام کا دیا اور الف میں اداکاری کرچکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024