• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ٹی 20 ورلڈکپ کے سب سے ’ جارحانہ ‘ بیٹسمین کون ہیں؟

آئی سی سی ٹی20 کرکٹ میلہ بس سجنے کوہے، تو آئیے دیکھتے ہیں اس ٹورنامنٹ میں چھکوں کی برسات کرنے میں کون سے کھلاڑی آگےہیں۔
شائع October 18, 2021 اپ ڈیٹ November 12, 2021

ٹی 20 کرکٹ بلاشبہ ایک جنون کا نام ہے۔ اس جنون کی وجہ کھلاڑیوں اور خاص طور پر بیٹسمینوں کے کھیلنے کا وہ جارحانہ انداز ہے جو شائقین کرکٹ کو پُرجوش کردیتا ہے۔

آئی سی سی ٹی20 کرکٹ میلہ بس سجنے کو ہے، تو آئیے نظر ڈالتے ہیں کہ اب تک مجموعی طور پر اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے اور تیز ترین رنز بنانے والے کون سے کھلاڑی سرِفہرست ہیں۔

کرس گیل

کرس گیل— تصویر: اے پی
کرس گیل— تصویر: اے پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز ویسٹ انڈین کھلاڑی کرس گیل کے پاس ہے۔ 42 سالہ آل راؤنڈر نے اب تک کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے 28 میچوں میں حصہ لیا ہے اور 60 چھکے لگائے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 146.73 ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک ہی اننگ میں سب سےزیادہ 11 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی کرس گیل کے ہی پاس ہے۔ یہ ریکارڈ انہوں نے 16 مارچ 2016ء کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بنایا تھا۔

یووراج سنگھ

یووراج سنگھ— تصویر:اے ایف پی
یووراج سنگھ— تصویر:اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں اب تک سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں میں یووراج سنگھ کا دوسرا نمبر ہے۔ بھارتی مڈل آرڈر بلے باز نے ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 31 میچ کھیلے اور 33 چھکے لگائے ہیں۔

مختصر طرز کی کرکٹ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 128.91 رہا۔ اس کے علاوہ وہ دنیائے کرکٹ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگائے اور یہ کارنامہ انہوں نے 19 ستمبر 2007ء کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انجام دیا۔ اس میچ میں انہوں نے کل 7 چھکے لگائے تھے۔

شین واٹسن

شین واٹسن— تصویر: اے ایف پی
شین واٹسن— تصویر: اے ایف پی

آسٹریلوی کھلاڑی شین واٹسن نے ٹی20 ورلڈ کپ میں 24 میچ کھیلے، جن میں مجموعی طور پر 31 چھکے لگائے۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 140.94 کا ہے۔ انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک اننگ میں سب سے زیادہ 7 چھکے 28 ستمبر 2012ء کو بھارت کے خلاف لگائے۔

اے بی ڈی ویلیئرز

اے بی ڈی ویلیرز— تصویر: رائٹرز
اے بی ڈی ویلیرز— تصویر: رائٹرز

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 30 میچ کھیلے اور 30 چھکے لگائے ہیں۔ یوں وہ ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

ڈی ویلیئرز نے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران ایک اننگ میں سب سے زیادہ 6 چھکے اسکاٹ لینڈ کے خلاف 7 جون 2009ء کو کھیلے جانے والے میچ میں لگائے تھے۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 143.40 ہے۔

مہیلا جے وردھنے

مہیلا جے وردھنے— تصویر: اے ایف پی
مہیلا جے وردھنے— تصویر: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں میں سری لنکن کھلاڑی مہیلا جے وردھنے پانچویں نمبر پر ہیں۔ جے وردھنے نے ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 31 میچوں میں 25 چھکے لگائے ہیں۔ واضح رہے کہ انہوں نے 2014ء میں بین الاقوامی ٹی20 کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔


سب سے زیادہ اسٹرئیک ریٹ کے حامل کھلاڑی

ٹی20 کرکٹ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس میں تیزی سے رنز بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ محدود اوورز کے اس کھیل میں ان بلے بازوں کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے جن کا اسٹرائیک ریٹ زیادہ ہو اور وہ تیزی سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

ذیل میں ان کھلاڑیوں کا ذکر کیا گیا ہے جو ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ رکھتے ہیں۔ یہ فہرست صرف ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر کم از کم 500 رنز بنا چکے ہیں۔

شاہد آفریدی

تصویر: اے پی
تصویر: اے پی

پاکستان کے شاہد آفریدی نے ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 32 اننگز میں 546 رنز بنائے ہیں۔ اگرچہ ان کا اوسط صرف 18.8 کا ہے لیکن ان کا 154.23 کا اسٹرائیک ریٹ ان کے جارحانہ انداز کا مظہر ہے۔ اسی جارحانہ انداز کی مدد سے انہوں نے 2009ء کے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو جیت سے ہمکنار کیا تھا۔

کیون پیٹرسن

تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

انگلینڈ کے کیون پیٹرسن ٹی20 ورلڈ کپ میں بہترین اسٹرائیک ریٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ 41 سالہ ٹاپ آرڈر بلے باز نے ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 15 اننگز میں 44.61 کی اوسط سے 580 رنز اسکور کیے ہیں اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 148.33 ہے۔

کرس گیل

تصویر: اے پی
تصویر: اے پی

کرس گیل نے ٹی20 کرکٹ میں بیٹنگ کا ایک نیا انداز متعارف کروایا ہے اور جس وقت وہ بہترین کارکردگی دکھا رہے ہوں تو اس وقت ان کو روکنا بلاشبہ ناممکن ہوجاتا ہے۔ گیل نے ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 26 اننگز کھیلی ہیں اور 40 کے اوسط سے کل 920 رنز بنائے ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 146.73 ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز

تصویر: اے پی
تصویر: اے پی

جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیرز نے ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 29 اننگز کھیلی ہیں جن میں انہوں نے 29.87 کی اوسط سے 717 رنز اسکور کیے ہیں۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 143.40 ہے۔

شین واٹسن

تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

محدود اوورز کی کرکٹ کی بات کی جائے تو شین واٹسن کا شمار مؤثر ترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 22 اننگز کھیلی ہیں جن میں 28.26 کی اوسط کے ساتھ 537 رنز اسکور کیے ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 140.94 ہے۔