• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’فحش فلمیں‘ بنانے کا کیس: شلپا شیٹی کے شوہر جیل سے رہا

شائع September 21, 2021
راج کندرا کو 21 ستمبر کو جیل سے رہا کیا گیا—فوٹو: ٹوئٹر
راج کندرا کو 21 ستمبر کو جیل سے رہا کیا گیا—فوٹو: ٹوئٹر

فحش فلمیں بنانے کے کیس میں گزشتہ روز عدالت سے ضمانت حاصل کرنے والے بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر صنعت کار راج کندرا کو جیل سے رہا کردیا گیا۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق 20 ستمبر کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت حاصل کرنے کے بعد 21 ستمبر کو راج کندرا کو جیل سے رہا کیا گیا۔

راج کندرا کو صبح ساڑھے گیارہ بجے ممبئی کے ارتھر روڈ جیل سے رہا کیا گیا، جہاں انہیں پولیس نے عدالتی ریمانڈ پر رکھا تھا۔

راج کندرا کو ممبئی پولیس نے رواں برس 19 جولائی کو ممبئی سے اپنی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا، بعد ازاں عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹی کے شوہر سمیت دو افراد فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار

راج کندرا نے دو ہفتوں کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت سے درخواست ضمانت کی تھی مگر عدالت نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ریمانڈ میں اضافہ کردیا تھا۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران ممبئی کی مقامی عدالتوں نے کم از کم تین بار راج کندرا کی درخواست ضمانت مسترد کی تھیں جب کہ دو بار ان کی درخواستوں پر سماعت ہی نہیں ہو سکی تھی۔

شوہر کی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹی سےبھی پوچھ گچھ کی گئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شوہر کی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹی سےبھی پوچھ گچھ کی گئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پولیس نے ان کے خلاف عدالت میں دو چالان پیش کیے تھے، ان کے خلاف دوسرا ضمنی چالان ان کی ضمانت سے تین دن قبل پیش کیا گیا تھا۔

راج کندرا کی ضمانت کی سماعت کے دوران عدالتی ریمارکس کے حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ عدالت نے مذکورہ کیس کی رپورٹنگ پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ راج کندرا کی گرفتاری کے بعد ان کے بچوں سے متعلق شائع کی گئی رپورٹس تشویش ناک ہیں۔

عدالت کے مطابق انہیں شلپا شیٹی کے حوالے سے کی جانے والی رپورٹنگ پر کوئی اعتراض نہیں، کیوں کہ وہ میڈیا میں خود سے متعلق خبروں کو سنبھال لیں گی مگر ان کے بچوں کے حوالے سے ہونے والی رپورٹنگ تشویش ناک ہے۔

مزید پڑھیں: فحش فلمیں بنانے کا کیس: پانچویں بار راج کندرا کی ضمانت نہ ہوسکی

ممبئی ہائی کورٹ نے بھارت کی نیشنل میڈیا کو ہدایات کیں کہ معاملے کی حساسیت کو نظر میں رکھتے ہوئے محتاط انداز میں رپورٹنگ کرے۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے ‘ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) نے بتایا کہ راج کندرا کی جیل سے رہائی کے بعد ممبئی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ کے شوہر کے لیپ ٹاپ اور موبائل فون سے پورن ویڈیوز برآمد کی گئیں۔

شلپا شیٹی نے شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شلپا شیٹی نے شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ممبئی کرائم برانچ نے دعویٰ کیا کہ صنعت کار کے لیپ ٹاپ، موبائل فون اور ہارڈ ڈرائیو ڈسک سے 119 پورن ویڈیوز برآمد کی گئیں، جنہیں شلپا شیٹی کے شوہر 9 کروڑ روپے میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ پولیس نے مذکورہ دعویٰ صنعت کار کی ضمانت اور رہائی کے بعد کیا ہے جب کہ ان کے خلاف عدالت میں جمع کروائے گئے دو چالان میں ایسی کوئی بات نہیں کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: ’فحش فلمیں‘ بنانے کا کیس: راج کندرا کی ضمانت منظور

اسی کیس میں پولیس نے راج کندرا کی بیوی شلپا شیٹی سے بھی دو مرتبہ تفتیش کی لیکن واضح طور پر یہ ثابت نہیں ہو سکا کہ اداکارہ بھی مذکورہ معاملے میں ملوث رہی تھیں۔

اداکارہ نے دو مرتبہ پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے بیانات میں شوہر کے فحش فلمیں بنانے کے الزامات کو مسترد کیا تھا لیکن ساتھ ہی بتایا تھا کہ وہ اپنے کاموں میں اتنی مصروف تھیں کہ شوہر کی حرکتوں پر نظر ہی نہ رکھ سکیں اور انہیں یہ علم ہی نہ ہوسکا کہ ان کے شوہر فحش فلمیں بنانے میں مصروف ہیں۔

ان کے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی کمپنی ’وویان انڈسٹریز‘ کے دفاتر کو استعمال کرتے ہوئے فحش فلمیں بنائیں اور ’ہاٹ شاٹ سمیت بولی فیم‘ نامی ایپس پر انہیں اپ لوڈ کیا، جنہیں لندن سے رجسٹرڈ کرواکر چلایا جا رہا ہے۔

راج کندرا پر یہ الزامات بھی ہیں کہ انہوں نے متعدد ماڈلز کو بلیک میل کرکے انہیں فحش فلمیں بنوانے کے لیے مجبور کیا۔

راج کندرا کی ضمانت 20 ستمبر کو منظور ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
راج کندرا کی ضمانت 20 ستمبر کو منظور ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024