• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

’کرکٹ برادری کا رویہ ایسا ہوگا تو ہم بھی آگے چل کر کسی بات کا لحاظ نہیں کریں گے‘

شائع September 21, 2021
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ عزت کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے— فوٹو: ڈان نیوز
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ عزت کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے نیوز لینڈ کرکٹ ٹیم کے بعد انگلینڈ کے دورہِ پاکستان منسوخ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ برادری اس طرح رویہ اختیار کرے گی تو ہم بھی آگے چل کر کسی بات کا لحاظ نہیں کریں گے۔

پی سی بی کی ویب سائٹ پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کو جواز بنا کر نیوزی لینڈ کی ٹیم چلی گئی جبکہ انہوں نے سیکیورٹی خدشات سے متعلق کوئی معلومات شیئر نہیں کیں۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بعد انگلینڈ بھی دورہ پاکستان سے دستبردار

پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی ایجنسیاں جو پوری دنیا میں ایک معیار رکھتی ہیں لیکن نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی خدشات سے متعلق کوئی چیز شیئر نہیں کی اور طیارہ پکڑ کر چلے جائیں جس کے بعد برطانیہ کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونا متوقع تھا۔

’مغربی ممالک کا عمل ہمارے لیے سبق ہے‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ عمل ہمارے لیے ایک سبق بھی ہے کہ ہم ان ممالک کو ہر طرح سے رام کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ہم مغربی ممالک کی خواہشات کو سر آنکھوں پر رکھتے ہیں اور جب ہماری ٹیم قرنطینہ میں ہوتی ہیں تو ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ غیر مناسب رویہ بھی اختیار کیا جاتا ہے لیکن ہم برداشت کر جاتے ہیں'۔

رمیز راجا نے عزم کا اظہار کیا کہ ’اب ہم ادھر ہی جائیں گے جہاں ہمارا مفاد ہے اور مفاد یہ ہے کہ پاکستان میں کرکٹ رکنی نہیں چاہیے‘۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بعد انگلینڈ بھی دورہ پاکستان سے دستبردار

ان کا کہنا تھا کہ انگلیش ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ ہونا متوقع تھا کیونکہ بدقسمتی سے مغربی بلاک اکٹھے ہوکر ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔

’اب آسٹریلیا پر تول رہا ہے‘

رمیز راجا نے کہا کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ ایک ہی بلاک ہے اور اب آسٹریلیا پر تول رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ برادری اگر مشکل میں ایک دوسرے کے کام نہ آئے تو فائدہ نہیں ہے کیونکہ آگے چل کر جنوبی افریقا کی سیریز ہے جو خطرے میں پڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہماری کرکٹ ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم ہوتی تو ان ممالک کو انکار کی جرات نہیں تھی اور اس صورتحال میں سبق یہ ہے کہ ہمیں اپنی کرکٹ بہت بہتر کرنی ہے تاکہ دونوں کا مفاد برقرار رہے۔

مزید پڑھیں: ڈومیسٹک سطح تک محدود رہتے ہوئے عالمی سطح کی ٹیم تیار کر سکتے ہیں، رمیز راجا

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل میں دنیا کے تمام کھلاڑی آجاتے ہیں جہاں انہیں سیکیورٹی خدشہ ہوتا ہے اور نہ ہی تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے۔

’بلاک بنا کر روکنے کی کوشش کی تو ہم بھی لحاظ نہیں کریں گے‘

انہوں نے برطانیہ اور نیوزی لینڈ کے حوالے سے کہا کہ اگر کوئی سیکیورٹی خدشہ ہوتا ہے تو ٹریول ایڈویزری تبدیل ہوتی ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا، اس لیے ان کے فیصلے ٹھیک نہیں ہیں۔

رمیز راجا نے کہا کہ اگر کرکٹ برادری اس طرح رویہ اختیار کرے گی تو ہم بھی آگے چل کر کسی بات کا لحاظ نہیں کریں گے جبکہ نیوزی لینڈ کو مراسلے ارسال کردیے ہیں تاکہ سیریز پر آنے والے اخراجات کی ادائیگی ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ عزت کے ساتھ کرکٹ کھیلیں اور عزت کے ساتھ غیر ملکی ٹیموں کو یہاں بلائیں گے۔

گزشتہ روز انگلینڈ نے آئندہ ماہ دورہ پاکستان سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں ہم نے انتہائی ہچکچاہٹ کے ساتھ خواتین اور مرد دونوں ٹیموں کے دورہ پاکستان سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم کو دو ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔

واضح رہے کہ چند دن قبل ہی نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے آغاز سے چند گھنٹے قبل دورہ پاکستان سیکیورٹی وجوہات کے سبب منسوخ کردیا تھا اور ہفتے کو نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپس لوٹ گئی تھی۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ذہنی اور جسمانی صحت کی نگہداشت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم جن موجودہ حالات سے گزررہے ہیں اس میں یہ مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

الیاس انصاری Sep 21, 2021 03:29pm
یہ دعوے کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024