• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سندھ حکومت نے عمر شریف کیلئے ایئر ایمبولینس کی رقم جاری کردی

شائع September 20, 2021
عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

سندھ حکومت نے لیجنڈری کامیڈین، میزبان و اداکار عمر شریف کو علاج کے لیے پاکستان سے امریکا منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس سے متعلق رقم جاری کردی۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں محکمہ خزانہ کے فنانس ڈویژن کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام رقم ڈالرز میں جاری کی جائے۔

محکمہ صحت کی جانب سے ہدایات کی گئیں کہ عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس اور اس کی سروس کی مد میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 69 ہزار 800 امریکی ڈالر جاری کیے جائیں۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ مذکورہ رقم عمر شریف کے علاج کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے 14 ستمبر کو جاری کیے گئے 4 کروڑ روپے کے فنڈ سے جاری کی جائے۔

ساتھ ہی محکمہ صحت نے فنانس ڈویژن کو ہدایات کیں کہ تمام رقم ’آن کال انٹرنیشنل ائیر ایمبولینس‘ کے اکاؤنٹ میں بھیجی جائے۔

محکمہ صحت نے فنانس ڈویژن کو ایئر ایمبولینس سے متعلق دستاویزات بھی فراہم کیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف اور اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری

جاری کی گئی دستاویزات کے مطابق ایئر ایمبولینس کا کرایہ ایک لاکھ 59 ہزار 800 ڈالر ہے جب کہ سروس کی مد میں بھی 10 ہزار ڈالر کے اخراجات آئیں گے۔

دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ ایئر ایمبولینس عمر شریف کو کراچی کے آغا خان ہسپتال سے اٹھا کر امریکا کی جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کرے گی۔

دستاویزات کے مطابق سندھ حکومت نے عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کی بکنگ 16 ستمبر کو کروائی لیکن اس پر ایئر ایمبولینس کی روانگی کی تاریخ درج نہیں۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو بھی ایئر ایمبولینس کے لیے فضائی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق خط لکھ دیا ہے۔

عمر شریف ایک ماہ سے ہسپتال میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف ایک ماہ سے ہسپتال میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت سے ایئر ایمبولینس کو رقم کی ادائیگی سے متعلق بھی مدد مانگی گئی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اب 21 ستمبر تک ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لے جانے کے لیے کراچی پہنچے گی لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے عارضہ قلب کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

مزید پڑھیں: عمر شریف 36 گھنٹے کے اندر امریکا روانہ ہوں گے، حکومتِ سندھ

ان کی بیماری سے متعلق دو روز قبل ڈاکٹر شہاب طارق نے بتایا تھا کہ ان کے دل کا ایک ’وال‘ کام نہیں کر رہا، جس کی وجہ سے دل میں جمع ہونے والا خون واپس پھیپھڑوں میں جا رہا ہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے یہ بھی بتایا تھا کہ عمر شریف کے ایک گردے میں بھی مسئلہ ہے جب کہ انہیں ذیابیطس بھی لاحق ہے۔

ان کے مطابق عمر شریف کی سرجری کرکے ان کے دل کے دونوں ’والوں‘ کو آپس میں جوڑا جائے گا۔

عمر شریف نے رواں ماہ کے آغاز میں وفاقی حکومت سے ویزا جاری کرنے اور ایئر ایمبولینس سے متعلق مدد مانگی تھی، جس کے بعد سندھ حکومت نے ان کے علاج کے لیے 14 ستمبر کو چار کروڑ روپے کے فنڈ جاری کیے تھے۔

عمر شریف کے خاندان کو تین دن قبل ہی امریکا کے ویزے مل گئے تھے اور اب ایئر ایمبولینس کے لیے بھی رقم جاری کردی گئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Faisal Amir Awan Sep 20, 2021 06:44pm
Waste of taxpayer money on Umer sharif.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024