• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

الیکشن کمشنر نے اپنی رپورٹ میں ای وی ایم کی فائنڈنگ شامل نہیں کیں، فواد چوہدری

شائع September 19, 2021
فواد چوہدری نے کہا کہ فلپائن کی عوام نے ای وی ایم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا تھا—فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا کہ فلپائن کی عوام نے ای وی ایم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا تھا—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے الیکشن کمشنر کے ’کنڈیکٹ‘ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے حق میں موجود ڈیٹا یا فائنڈنگز کو حذف کردیا تھا۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ رپورٹ میں ایسے اعتراضات لگائے گئے جس کی بنیاد پر وہ (الیکشن کمشنر) فیصلہ کرچکے تھے کہ ای وی ایم کے خلاف رپورٹ دینی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا الیکشن ہر صورت ای وی ایم مشین پر کرانے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ایک کمپنی نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی تھی کہ فلپائن میں 2007 میں روایتی انداز میں ہونے والے انتخابات کے نتائج آنے میں 6 ہفتے لگے تھے، 2010 میں پہلا جبکہ 2019 میں دوسرا الیکشن ای وی ایم پر ہوا اور چند گھنٹوں میں نتائج سامنے آگئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ فلپائن کی عوام نے ای وی ایم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا تھا، 2019 میں انتخابی اعتراض کی تعداد صرف 19 تھیں۔

انہوں نے الیکشن کمیشن کے دیگر دو اراکین کو مخاطب کرکے کہا کہ ’آپ الیکشن کمشنر کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے آگے بڑھیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اہم مواد کو اپنی رپورٹ میں شامل نہیں کیا اور اسے نکال دیا، ای وی ایم پر بحث کا آغاز 2011 سے شروع ہوا اور اس ضمن میں پائلٹ پراجیکٹس بھی ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے افسوس کا اظہار کیا کہ نادرا اور الیکشن کمیشن کے مابین تنازع کئی مسائل پیدا کردے گا، اگر الیکشن کمیشن ٹیکنالوجی کو ناکام بنانے میں مصروف ہوجائے گا تو ایک اور بڑا تنازع کھڑا ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ای وی ایم کی مخالفت وہی لوگ کررہے ہیں جو شفافیت کے خلاف ہیں'

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بعض اراکین نے فلپائن میں ای وی ایم کا جائزہ لیا تھا اور پاکستان آکر انہوں نے اس کی تعریف بھی کی تھی۔

فواد چوہدری نے اپوزیشن کو مخاطب کرکے کہا کہ ’میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ زندگی میں کبھی اپنے پاؤں سے آگے دیکھنے کی صلاحیت پیدا کریں، اسی طرح اپوزیشن نے میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بل کا مسودہ پڑھے بغیر دھرنے میں شرکت کی اور اب صحافیوں کی نمائندہ تنظیمیں حکومت کی جوائنٹ کمیٹی کا حصہ ہیں، اس صورتحال میں اپوزیشن کی حیثیت کیا رہ جاتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ اگر ایک شیطان دھرنا شروع کردے تو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زراری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نائب صدر مریم نواز، شیطان کے دائیں اور بائیں دھرنے میں بیٹھ جاتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اب ای وی ایم کا وقت آگیا ہے، ہر شخص متفق ہے کہ الیکشن اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے اور اگر اپوزیشن کو ترامیم درکار ہیں تو وہ بتائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی منظوری کے بعد بل سینیٹ میں منسوخ ہوگیا لیکن پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن میں لائیں گے اور پارلیمان کا فیصلہ حمتی ہوگی اس میں الیکشن کمیشن کا کوئی دخل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ای سی پی کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر 37 اعتراضات

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ کے انتخاب میں ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کرکے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی نافرمانی کی اور ہم الیکشن کمیشن کے خلاف عدالت بھی جا سکتے تھے لیکن ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنے رویے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کیونکہ 2023 کے انتخابات، انتخابی اصلاحات کے بعد ہی ہوں گے اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

ای وی ایم کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے تعاون نہیں کیا، شبلی فراز

علاوہ ازیں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ ای وی ایم کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے تعاون نہیں کیا، الیکشن کمشنر نے غیر سرکاری طور پر 37 نکات پر مشتمل اعتراضات کی فہرست دے دی۔

انہوں نے کہا کہ 37 سے 27 اعتراضات دراصل الیکشن کمیشن کے اپنے خلاف چارج شیٹ تھے جبکہ دیگر اعتراضات تکنیکی نوعیت کے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کو دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی۔

شبلی فراز نے 10 اعتراضات کا انتہائی مختصر انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ووٹ اور ووٹر کی معلومات خفیہ رہے گی، شفافیت 100 فیصد ہے، ہیک نہیں کی جاسکتی، مشین غیر جانبدار ہے اور دوبارہ استعمال بھی کی جا سکتی ہے کیونکہ ای وی ایم مقامی سطح پر تیار کی گئی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: الیکٹرانک ووٹنگ مشین تنازع: سینیٹ پینل میں حکمراں اتحاد کی طاقت میں اضافہ کردیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد شفاف انتخابات کرانا ہیں، آپ ہماری تیار کردہ مشین مت استعمال کریں لیکن پھر دوسری مشینوں پر غور کریں، دراصل بات نیت کی ہے لیکن پاکستان میں اپوزیشن انتہائی نالائق بچوں کی طرح ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایک ماحول بنانے کی سعی جاری ہے جس سے لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے استعمال کا خواہش مند نہیں ہے، وہ وقت گزارنے کے بعد کہیں گے کہ اچھا بات تو ٹھیک ہے لیکن اب ہمارے پاس وقت نہیں ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن کو مخاطب کرکے کہا کہ شفاف انتخابات کرانے کی کوشش میں الیکشن کمیشن کا تاریخ میں لکھا جائے تو انہیں ای وی ایم یا ٹیکنالوجی کے بارے میں کچھ کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024