بگ باس 15 کیلئے بھی سلمان خان کو اربوں روپے کا معاوضہ دیا جائے گا
بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شوز میں سب سے مشہور شو ’بگ باس‘ کا 15 واں سیزن رواں برس اکتوبر میں نشر ہوگا اور دیگر کئی سیزنز کی طرح اس مرتبہ بھی اس شو کی میزبانی دبنگ ہیرو سلمان خان کریں گے۔
ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ میں دیگر میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بگ باس 15 کے 14 ہفتوں کے لیے سلمان خان کو 350 کروڑ یعنی (ساڑھے 3 ارب) معاوضہ دیا جائے گا۔
یہ کہا جارہا ہے کہ سلمان خان 14 ہفتوں کے لیے 350 کروڑ روپے کا وصول کرنے جارہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ وہ ایک ہفتے کا 25 کروڑ معاوضہ وصول کریں گے۔
مزید پڑھیں: بگ باس 14 کی میزبانی کیلئے سلمان خان کا ساڑھے 4 ارب روپے کا معاہدہ
یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ سلمان خان، گزشتہ 11 سیزنز سے ریئلٹی شو بگ باس کی میزبانی کررہے ہیں۔
وہ ریئلٹی شو میں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے میزبان بھی ہیں اور جہاں سلمان خان نے میزبانی کے لیے اپنی فیس بڑھائی، وہیں ہر سال بگ باس کی شہرت اور تنازعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور پروگرام نے ریٹنگ اور کمائی کے نئے ریکارڈ بھی بنائے۔
سال 2020 میں بگ باس سیزن 14 کے آغاز سے قبل یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ سلمان خان سے سیزن 4 سے 6 تک ایک قسط کے ڈھائی کروڑ روپے وصول کیے تھے۔
سیزن 7 کے لیے انہوں نے ایک ہفتے کا 5 کروڑ روپے ادا کیا گیا تھا جبکہ سیزن 13 میں انہوں نے فی ہفتے کے 13 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔
یوں تو سیزن 14 میں سلمان خان نے میزبانی کے لیے 450 کروڑ روپے کا معاہدہ کیا تھا جو رواں برس کے سیزن 15 کے مقابلے میں 100 کروڑ زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بگ باس 13 کے لیے سلمان خان کا اربوں روپے کا معاوضہ
تاہم سیزن 14 میں انہوں نے 20 کروڑ روپے فی ہفتہ معاوضہ لیا تھا جبکہ اس مرتبہ وہ فی ہفتہ 25 کروڑ وصول کرنے جارہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ اس سال بگ باس سیزن 15 کا دورانیہ کم عرصے پر محیط ہوگا۔
بگ باس سیزن 15 کے آغاز سے قبل رواں برس بگ باس او ٹی ٹی کا انعقاد بھی ہوا تھا اور اس میں جیتنے والے سیزن 15 کا حصہ بھی ہوں گے۔
تاہم بگ باس او ٹی ٹی کی میزبانی سلمان خان کے بجائے فلمساز کرن جوہر نے کی تھی۔