• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہتا ہے، آئی سی سی میں بات ہوگی، چیئرمین پی سی بی

شائع September 17, 2021 اپ ڈیٹ September 18, 2021
چیئرمین پی سی بی نے معاملہ آئی سی سی میں اٹھانے کا عندیہ دیا--فائل/فوٹو: ڈان نیوز
چیئرمین پی سی بی نے معاملہ آئی سی سی میں اٹھانے کا عندیہ دیا--فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے نیوزی لینڈ کی جانب سے سیریز منسوخ کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ اب ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں سنے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں رمیز راجا نے کہا کہ 'یہ ایک مشکل دن تھا! شائقین اور اپنے کھلاڑیوں سے بہت معذرت چاہتا ہوں'۔

مزید پڑھیں: 'سیکیورٹی خدشات': نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا

انہوں نے کہا کہ 'سیکیورٹی خطرے پر یک طرفہ فیصلہ کرتے ہوئے دورے سے چلے جانا بہت تکلیف دہ ہے، خاص کر جب اس حوالے سے بتایا نہیں ہو'۔

رمیز راجا نے کہا کہ 'نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہتا ہے، نیوزی لینڈ ہمیں آئی سی سی میں سنے گی'۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ سے چند لمحے قبل ہی سیکیورٹی خطرے کے باعث دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 'پاکستان میں نیوزی لینڈ کی حکومت کو موصول سیکیورٹی خدشات میں اضافے اور نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی ایڈوائزرز کے مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلیک کیپس دورے کو جاری نہیں رکھیں گے' اور اب ٹیم کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ جو تجاویز ہمیں موصول ہوئیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ یہ پی سی بی کے لیے ایک دھچکا ہوگا جو شان دار میزبان رہے ہیں تاہم کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ واحد آپشن ہے'۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کو سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے، شیخ رشید

پی سی بی نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا تھا کہ 'نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکیورٹی کے حوالے سے الرٹ موصول ہوا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ 'پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومتِ پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے، ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سیکیورٹی انٹیلی جنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکیورٹی کا خطرہ نہیں ہے'۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ 'نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا'۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024