• KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am

15 سال اور زائد عمر کے شہریوں کی ویکسی نیشن کا آغاز پیر سے ہوگا

شائع September 12, 2021
انہوں نے کہا کہ انہیں فائزر ویکسین لگائی جائے گی اور یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی — فائل فوٹو: اے ایف پی
انہوں نے کہا کہ انہیں فائزر ویکسین لگائی جائے گی اور یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی — فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کل (بروز پیر) سے 15 سے 17 سال کے نوعمر شہریوں کو ویکسین لگانے کا آغاز کرے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے کی طرح یہ اتوار بھی ان افراد کو ویکسین لگانے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جنہیں دوسری خوراک لگنی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز 3 ہزار 480 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ عالمی وبا سے 82 افراد انتقال کرگئے۔

وزارت قومی صحت (این ایچ ایس) کے ترجمان ساجد شاہ نے ڈان کو بتایا کہ 15 سے 17 سال کے نوعمر شہریوں کو پیر سے ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 'انہیں فائزر ویکسین لگائی جائے گی اور یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی، اس عمر کے بچوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے حاصل کردہ 'ب' فارم کے ہمراہ قریبی ویکسی نیشن سینٹرز جائیں'۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی کا 15 سال کی عمر کے افراد کو بھی ویکسین لگانے کا فیصلہ

ایک سوال کے جواب میں ساجد شاہ کا کہنا تھا کہ نوعمر بچے بھی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (سی این آئی سی) رکھنے والے افراد کی طرح نادرا کی ویب سائٹ سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'فائزر ویکسین تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر دستیاب ہوگی جبکہ ہم بچوں کو ویکسین لگانے کے لیے تعلیمی اداروں میں ٹیمیں بھیجنے کا بھی انتظام کر رہے ہیں'۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ 24 اگست کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ یکم ستمبر سے 17 سال سے زائد عمر کے افراد کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوا سکیں گے اور تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کے لیے 15 اکتوبر تک تمام افراد کو ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوانی ہوں گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ 15 سے 17 سال کے نو عمر افراد کی ویکسی نیشن کے لیے ویکسین لگانے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ویکسین نہ لگوانے والے افراد میں کورونا سے موت کے امکانات 11 فیصد زیادہ

ساجد شاہ نے کہا کہ جلد از جلد زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں وہ تمام افراد جن کی عمر 15 سال سے زائد ہے وہ محفوظ ہوجائیں گے اور ان میں بیماری کی تشویش ناک صورتحال کے خطرات کم ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو تجویز کرتے ہیں ویکسین لگوائیں تاکہ مختلف شعبے جو بندش کا شکار ہیں کھولے جاسکیں اور معیشت، وزیر اعظم عمران خان کے نظریے کے مطابق ترقی کر سکے۔

دریں اثنا این سی او سی نے اعلان کیا تھا کہ وہ یہ اتوار بھی ان افراد کے لیے وقف کرے گی جنہوں نے ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لگوائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 18 سال سے کم عمر افراد کیلئے این سی او سی کی نظرثانی شدہ گائیڈ لائنز کا اعلان

اعلان میں کہا گیا تھا کہ وہ افراد جو ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کے اہل ہیں کسی بھی روز ویکسی نیشن سینٹر کا دورہ کر سکتے ہیں۔

تاہم اتوار کو خاص طور پر ان لوگوں کے لیے وقف کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی ویکسین کی خوراکیں مکمل کر سکیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024