• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمر شریف کی بہتر علاج کیلئے وزیراعظم سے مدد کی اپیل

شائع September 10, 2021
عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں علاج کی اپیل کی—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں علاج کی اپیل کی—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان کے نامور کامیڈین، اسٹیج اداکار و میزبان عمر شریف نے بہتر علاج کے لیے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کے مطابق انہیں بہتر علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہیے۔

عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں علاج کی اپیل کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ہسپتال کے بستر پر موجود ہیں اور کافی کمزور نظر آرہے ہیں۔

ٹی وی شو میزبان وسیم بادامی نے اپنے پروگرام الیونتھ آور میں عمر شریف کا خصوصی پیغام جاری کیا۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کی وائرل تصویر پر مداحوں کا اظہارِ تشویش

عمر شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ 'ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ مجھے بہتر علاج کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہیے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میری قسمت میں تھا کہ میں نے عمران خان کے شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے میں مدد کی'۔

عمر شریف کا کہنا تھا کہ 'ڈاکٹرز نے مجھے کہا ہے کہ میرا بہتر علاج امریکا میں ہوسکتا ہے'۔

انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'میں عمر شریف، وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مخاطب ہوں، عمران خان جب بھی کوئی کام شروع کیا ہے آپ نے مجھے فون کیا، میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے اسی لیے مجھے یقین ہے کہ آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے'۔

تاہم عمر شریف کی جانب سے ویڈیو بیان میں اپنی بیماری سے متعلق تفصیلات بیان نہیں کی گئیں اور نہ ہی پروگرام کے میزبان نے اس حوالے سے کچھ بتایا۔

یہ بھی پڑھیں: اہلخانہ نے عمر شریف کے انتقال کی خبروں کی تردید کردی

علاوہ ازیں وسیم بادامی نے بتایا کہ ڈاکٹرز یہ کہتے ہیں کہ یہ 15 سے 20 روز میں ان کے علاج کی ضرورت ہے اور ان کے مرض کا علاج دنیا کے صرف 3 ممالک امریکا، جرمنی اور سعودی عرب میں موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 2 سے 3 ہفتے سے زیادہ تاخیر نہیں کی جاسکتی ہیں اس سے زیادہ وقت نہیں ہے۔

اسی پروگرام میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی گفتگو کی اور کہا کہ ہم ان کی صحت کے لیے دعا گو ہیں۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ 'میں وزیراعظم کو عمر شریف کا یہ پیغام دوں گا اور جن 3 ممالک میں ان کا علاج ہے وہاں بھی بذات خود رابطہ کروں گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم سعودی اور جرمن سفارتخانے سے رابطہ کرکے اقدامات اٹھائیں گے امریکا سے بھی کہیں گے لیکن یہ دونوں ملک قریب ہیں تو معاملات جلدی ہوجائیں گے'۔

مزید پڑھیں: عمر شریف ہسپتال میں ہیں اور روبہ صحت ہیں، فیصل قریشی

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ 'جو کچھ حکومت کرسکتی ہے عمر شریف کے لیے کرے گی'۔

بعدازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعظم آفس ان سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'وسیم بادامی سے صبح ہی بات ہو گئی ہے، جیسے ہی ہمیں مزید معلومات ملتی ہیں اس پر فوری کام شروع کر دیا جائے گا اور آپ کو آگاہ کرتے رہیں گے'۔

خیال رہے کہ عمر شریف کی صحت کے حوالے سے گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

ان سے متعلق افواہیں اس وقت شروع ہوئیں جب سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب ایک اکاؤنٹ سے عمر شریف کی ویل چیئر پر بظاہر بیمار حالت کی تصویر شیئر کی گئی تھی۔

تصویر وائرل ہونے کے بعد ایکسپریس ٹریبیون نے اپنی رپورٹ میں اداکار کے اہلخانہ کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ عمر شریف کے اہلخانہ نے تصدیق کی کہ مذکورہ تصویر کچھ عرصہ قبل کی ہے جب کہ اداکار اپنے معمولی چیک اپ کے لیے ہپستال گئے تھے۔

بعدازاں 4 اور 5 ستمبر کو سوشل میڈیا پر ان کی انتقال کی افواہیں گردش کررہی تھیں اور عمر شریف کے اہل خانہ نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے مختصر بات کرتے ہوئے اداکار سے متعلق افواہوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور ان کی خیریت کی تصدیق کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی’علالت‘ کی خبروں پر اہل خانہ کی وضاحت

5 ستمبر کو ہی اداکار فیصل قریشی نے بھی تصدیق کی تھی کہ عمر شریف روبہ صحت ہیں اور یہ بھی بتایا تھا کہ اداکار ہسپتال میں ہیں۔

فیصل قریشی نے تصدیق کی تھی کہ عمر شریف ہسپتال میں زیر علاج ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
فیصل قریشی نے تصدیق کی تھی کہ عمر شریف ہسپتال میں زیر علاج ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ماضی میں بھی عمر شریف کے بیمار ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں اور 2017 میں بھی ان کی ہسپتال کے بسترے پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے اہلخانہ نے وضاحت بھی جاری کی تھی۔

ان کے اہلخانہ نے 2017 میں بتایا تھا کہ اداکار کو سینے میں معمولی انفیکشن ہوگیا تھا جب کہ ان سے متعلق خبریں پھیلائی گئی تھیں کہ وہ کینسر کا شکار ہوگئے جب کہ بعض سوشل میڈیا پیجز پر ان کے انتقال کی افواہیں پھیلائی تھیں۔

2017 میں بھی عمر شریف کی ہسپتال کے بستر پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی—اسکرین شاٹ
2017 میں بھی عمر شریف کی ہسپتال کے بستر پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں انہوں نے اسٹیج و تھیٹر نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامات میں پرفارمنس کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024