• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رشی کپور کی آخری فلم ’شرما جی نمکین‘

شائع September 7, 2021
شرما جی نمکین میں رشی کپور کا باقی کردار پریش راول نے ادا کیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
شرما جی نمکین میں رشی کپور کا باقی کردار پریش راول نے ادا کیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ برس اپریل میں چل بسنے والے بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کی شوٹ کی گئی آخری فلم ’شرما جی نمکین‘ کی جھلکیاں دیکھتے ہی اداکار کے اہل خانہ اور مداح جذباتی ہوگئے۔

رشی کپور زندگی کے آخری ایام میں ایک عمر رسیدہ شخص کی رومانوی کہانی پر مبنی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، تاہم وہ فلم کو مکمل نہیں کروا سکے تھے۔

ان کی موت کے بعد رشی کپور کا کردار معروف اداکار پریش راول نے ادا کیا اور اب مذکورہ فلم میں دونوں اداکاروں کے کرداروں کی جھلکیاں جاری کردی گئیں۔

جاری کی گئی جھلکیوں میں رشی کپور اور پریش راول کو بیگ تھامے ہوئےدکھایا گیا ہے۔

’شرما جی نمکین‘ کی ہدایات ہتیش بھاٹیا نے دی ہیں اور وہ فلم کے شریک لکھاری بھی ہیں۔

فلم کو اداکار فرحان اختر کی پروڈکشن کمپنی ’ایکسل انٹرٹینمنٹ‘ کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا اور نصف فلم میں رشی کپور کا کردار پریش راول ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں جوہی چاولہ بھی دکھائی دیں گی، جو ماضی میں متعدد فلموں میں رشی کپور کے ساتھ رومانس کرتی دکھائی دی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں چل بسے

’شرما جی نمکین‘ کی کہانی ایک 60 سالہ مرد کے گرد گھومتی ہے، جس کے شوقین نرالے ہوتے ہیں۔

رشی کپور کا آدھا کردار پریش راول نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
رشی کپور کا آدھا کردار پریش راول نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

’شرما جی نمکین‘ میں رشی کپور کے کردار کی پہلی جھلکیاں 4 ستمبر کو اداکار کی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کی گئیں، جنہیں دیکھ کر ان کے اہل خانہ اور مداح جذباتی ہوگئے۔

فلم کے پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے رشی کپور کی بیٹی ردھما کپور نے جذباتی پوسٹ بھی لکھی اور پریش راول کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے ان کے والد کے باقی کردار کو نبھایا۔

رشی کپور کی بیوہ نیتو کپور نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں پریش راول کے لیے جذباتی پیغام لکھا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’شرما جی نمکین‘ کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے رواں برس کے اختتام تک یا پھر آئندہ سال کے آغاز میں ریلیز کیا جائے گا۔

رشی کپور 30 اپریل 2020 کو ممبئی کے سر ایچ ایم ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال میں کینسر کے علاج کے دوران چل بسے تھے۔

مزید پڑھیں: ’رشی کپور‘ ایک دور جس کا اختتام ہوا

ان میں 2018 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ علاج کے لیے امریکا بھی گئے تھے۔

رشی کپور نے بولی وڈ میں اپنے باقاعدہ کریئر کا آغاز سنہ 1973 میں فلم ’بوبی‘ سے کیا تھا جو ایک سپرہٹ فلم تھی، جس کے بعد انہوں نے 5 دہائیوں میں کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

انہوں نے اپنے زمانے کی مشہور ہیروئن نیتو سنگھ سے 1980 میں شادی کی تھی اور ان کے بیٹے رنبیر کپور بھی بولی وڈ میں صفِ اول کے اداکار ہیں، ان کی بیٹی ردھما بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔

سینئر اداکار 30 اپریل کو کینسر کے باعث چل بسے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سینئر اداکار 30 اپریل کو کینسر کے باعث چل بسے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024