• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جنوبی وزیرستان میں آئی ای ڈی دھماکے سے فوجی جوان شہید

شائع August 31, 2021
دھماکے کے نتیجے میں کرک کے رہائشی 25 سالہ سپاہی واجد اللہ شہید ہوگیا۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی
دھماکے کے نتیجے میں کرک کے رہائشی 25 سالہ سپاہی واجد اللہ شہید ہوگیا۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ ضلع جنوبی وزیرستان میں پیر کے روز دیسی ساختہ بم پھٹنے سے ایک فوجی شہید ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کی جانب سے رات گئے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ آئی ای ڈی دھماکے کے بعد فائرنگ کے تبادلے کے دوران علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں میں سے ایک مارا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایریا کلیئرنس کے دوران ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے عثمان منزہ میں ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) پھٹ گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں کرک کے رہائشی 25 سالہ سپاہی واجد اللہ شہید ہوگئے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: دہشت گردوں کے حملے میں کیپٹن شہید، 2 جوان زخمی

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'آئی ای ڈی لگانے میں ملوث دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے فوجی دستوں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد، جو بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا مارا گیا'۔

خیال رہے کہ حالیہ عرصوں میں ملک کے جنوبی سرحدی علاقوں میں پر تشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے اور رواں برس کے دوران شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے کئی واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

26 اگست کو صوبہ بلوچستان میں منگی ڈیم کے قریب لیویز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے 3 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

22 اگست کو صوبہ بلوچستان کے علاقے گچک میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک کیپٹن شہید اور دو جوان زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرستان: دہشت گردوں کے حملوں میں دو فوجی جوان شہید

اس سے قبل 20 اگست کو بلوچستان کے ضلع گوادر میں چین کے شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب ‘خودکش دھماکے’ میں دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

18 اگست کو جنوبی وزیرستان میں پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک نائب صوبیدار شہید اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔

11 اور 12 اگست کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں اور پاک فوج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہو گیا تھا۔

پاک فوج اور دہشت گردؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔

15 اگست کو بلوچستان کے ضلع لورالائی کے قریب فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور میجر سمیت 2 زخمی ہوگئے۔

ایف سی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی جس میں 3 دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024