• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

دپیکا پڈوکون ہولی وڈ میں واپسی کے لیے تیار

شائع August 31, 2021
اداکارہ نے 2017 میں ہولی وڈ ڈیبیو کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے 2017 میں ہولی وڈ ڈیبیو کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون کے حوالے سے خبر ہے کہ وہ جلد ہی تقریباً 5 سال بعد ہولی وڈ میں واپسی کریں گی۔

دپیکا پڈوکون نے 2017 کی ایکشن تھرلر فلم ’ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج‘ کے ذریعے ہولی وڈ ڈیبیو کیا تھا۔

تاہم اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ وہ جلد ہی ایک رومانٹک کلچرل کامیڈی فلم میں دکھائی دیں گی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق دپیکا پڈوکون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ وہ جلد ہی ہولی وڈ فلم میں دکھائی دیں گی۔

اداکارہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وہ فلم میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی جب کہ ساتھ ہی وہ فلم کی شریک پروڈیوسر بھی ہوں گی۔

دپیکا کی اداکاری کو ٹرپل ایکس کی تیسری فلم میں سراہا گیا تھا—اسکرین شاٹ
دپیکا کی اداکاری کو ٹرپل ایکس کی تیسری فلم میں سراہا گیا تھا—اسکرین شاٹ

دپیکا پڈوکون مذکورہ فلم کو امریکی پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ مل کر بنائیں گی اور یہ ان کی پہلی ہولی وڈ پروڈکشن فلم ہوگی۔

اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ دپیکا پڈوکون کے شریک پروڈیوسر کی جانب سے بھی جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ جلد ہی فلم کی بھارت و امریکا میں شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی ہدایات کون دے گا اور اس کی دیگر کاسٹ میں کون سے اداکار شامل ہیں۔

ابھی فلم کی مکمل کہانی سے متعلق بھی اعلان نہیں کیا گیا لیکن بتایا گیا کہ مذکورہ فلم رومانٹک کلچرل ہوگی اور ممکنہ طور پر فلم میں مغربی و مشرقی جوڑے کے رومانس کو دکھایا جائے گا۔

مذکورہ فلم سے قبل دپیکا پڈوکون 2017 کی کامیاب فلم ’ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج‘ میں دکھائی دی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومیت کے باعث ہولی وڈ فلم میں کاسٹ کیا گیا، دپیکا پڈوکون

مذکورہ فلم میں انہوں نے جاسوس خاتون کا کردار ادا کیا تھا، انہوں نے ہیرو ون ڈیزل کو اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے مدد فراہم کی تھی۔

یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ دپیکا پڈوکون ممکنہ طور پر ’ٹرپل ایکس‘ سیریز کی چوتھی فلم کا بھی حصہ ہوں گی لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

علاوہ ازیں یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ اگر دپیکا پڈوکون سیریز کی چوتھی فلم کا حصہ نہ بھی ہوئیں تو وہ مذکورہ فلم میں ’لنگی ڈانس‘ آئٹم سانگ کرتی دکھائی دیں گی لیکن اس کی بھی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔

’ٹرپل ایکس‘ سیریز کی ٹیم نے تاحال چوتھی فلم کے حوالے سے کوئی مزید اعلانات بھی نہیں کیے اور فلم کا منصوبہ گزشتہ تین سال سے تاخیر کا شکار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024