• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
شائع August 28, 2021
چور ہیرو ٹام کروز کی حقیقت میں بی ایم ڈبلیو لے اڑے—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ
چور ہیرو ٹام کروز کی حقیقت میں بی ایم ڈبلیو لے اڑے—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ

شوبز کی دنیا میں اس ہفتے بھی افواہوں اور خبروں کا بازار گرم رہا اور ہولی وڈ سے لے کر بولی وڈ اور پاکستانی شوبز انڈسٹری کی کئی خبریں سامنے آئیں۔

اس ہفتے جہاں ہولی وڈ ایکشن ہیرو ٹام کروز کی گاڑی کی چوری ہوئی، وہیں ماہرہ خان نے اپنے بوائے فرینڈ جنم دن کے موقع پر ان سے ایک بار پھر اظہار محبت کرکے تصدیق کی کہ وہ تعلقات کو بڑھانے میں سنجیدہ ہیں۔

ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو چوری

آنے والی ایکشن فلم مشن امپاسیبل 7 کی شوٹنگ میں مصروف ٹام کروز کی مہنگی بی ایم ڈبلیو کار ہی چوری ہوگئی۔

بی بی سی کے مطابق ٹام کروز برطانوی ریاست انگلینڈ کے علاقے ویسٹ مڈ لینڈ میں فلم کی عکسبندی میں مصروف تھے کہ حقیقی چور ان کی بی ایم ڈبلیو لے اڑے۔

فلموں کے بعد حقیقی زندگی میں ہیرو کی کار چوری ہونے کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور خفیہ کیمروں کے ریکارڈ کے ذریعے اصلی غنڈوں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو کی قیمت ایک لاکھ برطانوی پائونڈ یعنی پاکستانی 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کے قریب تھی۔

ٹام کروز کی مشن امپاسیبل کی شوٹنگ گزشتہ دو سال سے جاری ہے اور کورونا کی وجہ سے اس کی شوٹنگ متعدد بار ملتوی بھی ہوئی، فلم کی عکسبندی کے دوران اداکار خطرناک اسٹنٹ بھی خود کرتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ فلم کے بعض مناظر کے لیے کروڑوں روپے کی مالیت کی گاڑیاں اور املاک کو جلایا جا چکا ہے۔

ماہرہ خان کا سلیم کریم کے لیے محبت کا پیغام

اداکارہ ماہرہ خان نے حال ہی میں سلیم کریم کی سالگرہ پر ان کے لیے محبت بھرا پیغام شیئر کیا تو شوبز شخصیات نے بھی دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

ماہرہ خان نے 27 اگست کو انسٹاگرم پوسٹ میں سلیم کریم کو مینشن کرتے ہوئے انہیں اپنی محبت قرار دیا ۔

ماہرہ خان نے سلیم کریم کو بہتر شخص قرار دیتے ہوئے مختصر پیغام لکھا کہ ان کا ساتھ ہی اداکارہ کو بہتر احساسات دلاتا ہے اور وہ ان کی حقیقی محبت ہیں۔

اداکارہ کی جانب سے پیغام شیئر کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات نے بھی سلیم کریم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جنم دن کی مبارک باد پیش کی۔

ماٰضی میں ماہرہ خان اعتراف کر چکی ہیں کہ انہیں سلیم کریم سے محبت ہے اور وہ مستقبل میں اپنے تعلق کو رشتے میں بدلنے کے خواہاں ہیں۔

ماہرہ خان اور سلیم کریم کے درمیان 2019 سے تعلقات ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ماہرہ خان اور سلیم کریم کے درمیان 2019 سے تعلقات ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماضی میں ماہرہ خان اور سلیم کریم کی شادی کی خبریں بھی پھیلتی رہی ہیں جب کہ رواں برس جولائی میں بھی ان کی شادی کی افواہیں پھیلی تھیں جس پر اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ انہوں خفیہ شادی نہیں کی۔

خاتون فلم ساز افغانستان سے نکلنے میں کامیاب

افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد وہاں مقیم غیر ملکی اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کا وہاں سے انخلا جاری ہے اور ہزاروں افراد کامیابی سے دیگر ممالک منتقل ہوچکے ہیں اور ایسے ہی خوش قسمت لوگوں میں ایرانی نژاد افغان فلم ساز شہربانو سادت بھی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شہربانو سادت کامیابی سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست ابو ظہبی منتقل ہوگئی ہیں اور وہاں سے وہ کچھ دن بعد یورپ منتقل ہوجائیں گی۔

افغانستان سے زندہ بچ نکلنے پر انہوں نے خدا کے شکرانے ادا کرتے ہوئے خود کو خوش قسمت قرار دیا اور کہا کہ لاکھوں افغان باشندے ایسے ہین جو وہاں سے چاہنے کے باجود نکل نہیں سکتے۔

تصویر ہولی وڈ رپورٹر
تصویر ہولی وڈ رپورٹر

ابو ظہبی پہنچنے کے بعد انہوں نے طالبان کی کارروائیوں پر بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا تھا ۔

شہربانو سادت ایران میں پیدا ہوئی تھیں مگر 2001 میں افغانستان منتقل ہوئیں ، جس کے بعد انہوں نے فلم و ٹی وی پروڈکشن میں کام کیا اور ان کی ہدایت کردہ فلم نے 2016 میں کانز فلم فسیٹیول میں ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

نواز الدین صدیقی کے فلمی سین کی ویڈیو وائرل

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی حال ہی میں ایک شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے 2012 کی اپنی مقبول فلم گینگ آف واسے پور کے ایک سین کو خاتون میزبان کے ساتھ شوٹ کیا، جس کی ویڈیو کے خوب چرچے ہو رہے ہیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوازالدین صدیقی مٹن بریانی کھانے کے دوران بغیر اجازت کے مٹن اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں جس پر خاتون میزبان انہیں ٹوکتی ہیں اور ان کی کلاس لیتے ہوئے ان سے کہتی ہیں کہ اجازت کے بغیر گوشت نہیں لینا اور کھانا چاہیے۔

مذکورہ ویڈیو میں فلمایا گیا سین ان کی فلم گینگ آف واسے پور کا سین ہے، جسے انہوں نے ساتھی اداکارہ ہما قریشی کے ساتھ فلمایا تھا۔

سوناکشی سنہا کو مداح نے شادی کی پیش کش کردی

بولی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے حال ہی میں انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے تو ایک دیوانے مداح نے ان سے سوال کرنے کے بجائے انہیں شادی کی پیش کش کر ڈالی۔

مداح کی جانب سے شادی کی پیش کش کیے جانے پر دبنگ اداکارہ نے بھی انہیں کرارا جواب دیا اور کہا کہ اس وقت وہ ایسے پرپوزل قبول نہیں کر رہیں۔

اداکارہ نے پیش کش مسترد کردی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے پیش کش مسترد کردی—اسکرین شاٹ

سوناکشی سنہا نے مداح کو جواب دیا کہ وہ آج کل انسٹاگرام پر شادی کی پیش کش کو قبول نہیں کر رہی ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق سوالات کے دوران مداحوں نے اداکارہ سے نامناسب مطالبات بھی کیے، ایک مداح نے ان سے بکنی کی تصاویر شیئر کرنے کا کہا تو ایک مداح نے اداکارہ سے اپنے پائوں دکھانے کی فرمائش کر ڈالی۔

بیٹے کے کان میں اذان دینے کی زید علی کی ویڈیو وائرل

رواں ماہ 18 اگست کو والد بننے والے یوٹیوبر زید علی کی جانب سے نوزائیدہ بیٹے کے کان میں اذان دینے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مداح ان کی تعریفیں کر رہے ہیں۔

زید علی اور یمنیٰ زید کے ہاں 18 اگست کو پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، دونوں نے اگست 2017 میں شادی کی تھی۔

چینی اداکارہ پر سوشل میڈیا پر پابندی

چینی حکومت کی جانب سے متعدد شوبز شخصیات کے خلاف جاری کریک ڈائون کے تحت حکومت نے معروف اداکارہ ژائو وئی (Zhao Wei) اور ژینگ شانگ (Zheng Shuang) پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان کے تمام سوشل میڈیا اکائونٹس بند کردیے۔

ژائو وئی کے نام پر بھی سوشل میڈیا پر پابندی لگادی گئی—فائل فوٹو: فیس بک
ژائو وئی کے نام پر بھی سوشل میڈیا پر پابندی لگادی گئی—فائل فوٹو: فیس بک

ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق چینی حکومت نے نہ صرف مذکورہ اداکاروں کے اکائونٹس بند کردیے بلکہ ان کے نام بھی ان تمام فلموں ، ڈراموں اور ٹی وی شوز سے نکال دیے گئے جن میں انہوں نے اداکاری کی تھی۔

ویب سائٹس پر موجود ٹی وی اور فلموں سے ان کے نام نکال دیے گئے جبکہ مذکورہ اداکاروں کے حوالے سے سوشل سائٹس پر کسی طرح کے تبصرے پر بھی پابندی لگادی گئی۔

نادیہ جمیل کے موٹر سائیکل پر سیر سپاٹے

گزشتہ برس بریسٹ کینسر کا شکار ہونے والی اداکارہ نادیہ جمیل موذی مرض سے صحت یاب ہونے اور برطانیہ سے وطن واپسی کے بعد سیر سپاٹے کرنے کے لیے خیبر پختونخوا اور شمالی علاقہ جات نکل گئیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر ہنزہ میں سیر و سیاحت کی تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ وہ سیاحتی مقامات پر موٹر سائیکل کے ذریعے سفر کریں گی اور جلد ہی اپنے سیر سپاٹوں کی ویڈیوز بھی شیئر کریں گی۔

اداکارہ نے ایک تصویر شیئر کی، جس میں انہیں ہیوی بائیک پر بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

بیٹے کی خواہش پر بولی وڈ ولن کی بیوی سے دوبارہ شادی

بھارتی اداکار و فلم ساز پرکاش رائے اور ان کی اہلیہ کوریو گرافر پونے ورما نے بیٹے کی فرمائش پر ایک دوسرے سے دوبارہ شادی کرلی۔

پرکاش راج نے اہلیہ کے ہمراہ رومانوی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں نے بیٹے کی خواہش پر ان کے سامنے دوبارہ شادی کی۔

دونوں نے 11 سال قبل شادی کی تھی اور 24 اگست کو انہوں نے سالگرہ کے موقع پر بیٹے کی فرمائش پر ان کے سامنے دوبارہ سات پھیرے لیے۔

ریشم اور ہمایوں سعید پرانے دوست

اداکارہ ریشم نے انسٹاگرام پر ہمایوں سعید کے ساتھ اپنی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنا پرانا اور بہترین دوست قرار دیا۔

اداکارہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مذکورہ تصویر ہمایوں سعید کی پہلی فلم انتہا کی ہے ۔

اداکارہ کی پرانی تصویر کو لوگوں نے سراہتے ہوئے ہمایوں سعید کی بھی تعریفیں کیں۔

سارہ خان کی فیس شوہر فلک شبیر سے زیادہ

گلوکار فلک شبیر نے حال ہی میں ایک اور میوزک ویڈیو ریلیز کی، جس میں وہ اہلیہ اداکارہ سارہ خان کے ہمراہ دکھائی دیے۔

اس سے قبل بھی دونوں نے شادی کی سالگرہ کے موقع پر ایک ویڈیو جاری کی تھی اور نئی ویڈیو میں دونوں کو ایک ساتھ دیکھنے پر جہاں مداحوں نے ان کی جوڑی کو پسند کیا، وہیں بعض لوگوں نے اس پر اعتراض بھی کیا۔

گانے میں دیگر ماڈلز کے بجائے اہلیہ کو شامل کرنے کی تنقید پر فلک شبیر نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ حیران کن طور پر مذکورہ ویڈیو میں کام کرنے کے لیے سارہ خان نے ان سے زیادہ فیس وصول کی۔

تاہم فلک شبیر نے سیدھی طرح اس بات کا جواب نہیں دیا کہ اہلیہ کی جگہ انہوں نے دوسری ماڈلز کو گانے میں کیوں کاسٹ نہیں کیا؟

میک اپ کرنے سے ہمیشہ کے لیے جلد خراب ہوچکی، جیسیکا چسٹین

اداکارہ جیسیکا چسٹین نے کہا ہے کہ جلد ریلیز ہونے والی بائیوگرافیکل فلم (دی آئز آف ٹیمی فائے) کے دوران انہیں یومیہ چار گھنٹے تک میک اپ کیا جاتا تھا،جس وجہ سے اب ان کی جلد ہمیشہ کے لیے خراب ہوچکی ہے۔

اداکارہ فلم کے ایک منظر میں—فوٹو: سرچنگ لائٹ پکچرز
اداکارہ فلم کے ایک منظر میں—فوٹو: سرچنگ لائٹ پکچرز

لاس اینجلس ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں جیسیکا چسٹین نے کہا کہ آنے والی فلم میں وہ امریکی مبلغ، گلوکارہ و شوبز شخصیت ٹیمی فائے میسنر کا کردار ادا کریں گی ۔

ان کے مطابق ان کے چہرے کو ٹیمی فائے میسنر جیسا بنانے کے لیے انہیں چار گھنٹے تک میک اپ روم میں بٹھاکر ان کا میک اپ کیا جاتا۔

اداکارہ کے مطابق تیزابیت سے بھرپور میک اپ مصنوعات کے چہرے اور آنکھوں پر لگنے کی وجہ سے اب ہمیشہ کے لیے ان کی جلد اور چہرہ خراب ہو چکا۔

ایمان علی کے بیان پر ٹی وی کو نوٹس

اداکارہ و ماڈل ایمان علی کی جانب سے رواں برس جون میں ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران خود کو مخنث افراد سے تشبیہ دینے پر پاکستان میڈیا ریگولیٹر اتھارٹی (پیمرا) نے اے آر وائی کو نوٹس بھیج دیا۔

ایمان علی نے گھبرانا منع ہے شو میں کہا تھا کہ وہ جب بھی سیلفی نکالنے کی کوشش کرتی ہیں، تب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی شکل کسی ’مخنث‘ شخص جیسی ہے، اس لیے وہ سیلفی نہیں نکالتیں۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ اپنا چہرہ مخنث افراد جیسا نظر آنے کی وجہ سے وہ سیلفی نہیں نکالتیں—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے کہا تھا کہ اپنا چہرہ مخنث افراد جیسا نظر آنے کی وجہ سے وہ سیلفی نہیں نکالتیں—اسکرین شاٹ

اداکارہ و ماڈل کی جانب سے خواجہ افراد کا ذکر تضحیکی انداز میں کیے جانے پر مخنث وکیل نیشا رائو نے پیمرا کو شکایت کی تھی جس پر اتھارٹی نے ٹی وی چینل کو نوٹس بھیجتے ہوئے اس پر جرمانہ عائد کردیا۔

کم کارڈیشین ناراض شوہر کے شو میں شادی والا جوڑا پہنیں گی

خبریں ہیں کہ امریکی ریئلٹی اسٹار کم کارڈیشین جلد ہی ناراض شوہر گلوکار کانیے ویسٹ کے میوزیکل ایلبم کے شو میں شرکت کریں گی، جس میں وہ اپنی شادی کا جوڑا پہن کر آئیں گی۔

بی بی سی کے مطابق شکاگو میں ہونے والے میوزک شو میں 40 ہزار افراد شرکت کریں گے اور شو میں جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے اداکار و موسیقار مارلن مینسن اور ریپر دا بیبی بھی شرکت کریں گے۔

شو کے ایک منظر کے دوران کم کارڈیشین کو ان کے شادی کے لباس میں شوہر کے ساتھ دکھایا جائے گا، جس کے لیے وہ ناراضگی کے باوجود شو میں نہ صرف حاضر ہوں گی بلکہ وہ شادی والا لباس بھی پہنیں گی۔

کم کارڈیشین نے فروری 2021 میں کانیے ویسٹ سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، دونوں نے 2014 میں شادی کی تھی اور ان کے چار بچے ہیں۔

قسم سے وائرل ویڈیو میری نہیں، رام گوپال ورما

بولی وڈ فلم ساز و اداکار رام گوپال ورما نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ڈانس ویڈیو سے متعلق کہا ہے کہ مذکورہ ویڈیو ان کی نہیں ہے۔

رام گوپال ورما نے وائرل ہونے والی ڈانس ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ہندو و مسیحی دیوتا کی قسم کھاتے ہوئے کہا کہ وہ ویڈیو میں وہ نہیں کوئی اور ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک شخص کو خاتون کے ساتھ بچکانہ انداز میں ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ ڈانس کرنے والا مرد 59 سالہ رام گوپال ورما ہے، تاہم انہوں نے قسم کھاکر کہا کہ ویڈیو میں وہ نہیں کوئی اور ہیں۔

رام گوپال ورما کی جانب سے قسم کھانے کی ٹوئٹ کرنے کے بعد لوگوں نے کمنٹس میں متعدد ویڈیوز بھی شیئر کیں اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ ویڈیو میں فلم ساز ہی ہیں۔

رام گوپال ورما بولی وڈ کے معروف فلم ساز ہیں، انہوں نے رنگیلا، دوڑ، ستیا ، کمپنی، لو کے لیے کچھ بھی کرے گا، مست، سرکار راج، کانٹریکٹ، پھونک، ڈیپارٹمنٹ اور سرکار سیریز جیسی فلمیں بنائی ہیں اور انہوں نے متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔