• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ملکی سطح پر موبائل فونز کی تیاری، درآمد سے بڑھ گئی

شائع August 27, 2021
اسمارٹ فونز کے مقابلے ملک میں 'ٹو جی' سیٹس زیادہ تیار کیے گئے — فائل فوٹو: اے پی
اسمارٹ فونز کے مقابلے ملک میں 'ٹو جی' سیٹس زیادہ تیار کیے گئے — فائل فوٹو: اے پی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں سال 2021 کے پہلے 7 ماہ میں ایک کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار موبائل فونز تیار کیے گئے اور اس کے مقابلے 82 لاکھ 90 ہزار موبائل درآمد کیے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تاہم اسمارٹ فونز کے مقابلے ملک میں 'ٹو جی' سیٹس زیادہ تیار کیے گئے۔

جنوری سے جولائی کے درمیان مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے ایک کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار موبائل فونز میں سے صرف 48 لاکھ 70 ہزار 'فور جی' اسمارٹ فونز تھے، جبکہ 74 لاکھ موبائل فون سیٹس 'ٹو جی' ٹیکنالوجی کے حامل تھے۔

ایک سوال کے جواب میں مینوفیکچرر نے کہا کہ رجحان تبدیل ہو رہا ہے اور آنے والے مہینوں میں پرانے ٹو جی ٹیکنالوجی پر مبنی فونز اور اسمارٹ فونز کے درمیان تناسب کم ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کا پاکستان میں موبائل فونز تیار کرنے کا منصوبہ

ٹیکنو کے سی ای او عامر اللہ والا کا کہنا تھا کہ 'سال 2020 میں پاکستان میں صرف 20 لاکھ 60 ہزار اسمارٹ فونز تیار کیے گئے جبکہ ایک کروڑ 9 لاکھ 80 ہزار ٹو جی سیٹ تیار ہوئے'۔

انہوں نے کہا کہ 'رواں سال اب تک تقریباً 50 لاکھ اسمارٹ فونز بنائے جاچکے ہیں اور اس کا ٹو جی سیٹ کے ساتھ فرق بہت زیادہ نہیں ہے'۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ڈیوائس کی شناخت رجسٹریشن اور بلاکنگ نظام (ڈی آئی آر بی ایس) کے کامیاب نفاذ اور حکومت کی سازگار پالیسیوں بشمول موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی نے ملک میں موبائل ڈیوائس کی تیاری کے لیے موافق ماحول پیدا کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسمارٹ فونز برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل

پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جعلی موبائل ڈیوائسز مارکیٹ کو ختم کرکے موبائل ایکو سسٹم کا نفاذ ہوا ہے اور کمرشل اداروں کو برابری کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی ڈیوائس کی درآمد کے لیے معیاری قانونی راستے تشکیل دینے سے صارفین میں اعتماد پیدا ہوا ہے۔

اتھارٹی نے کہا کہ موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ٖڈی ایم) کے جنوری 2021 کے ضابطوں نے پاکستان میں اپنے یونٹس کے قیام کے لیے مینوفیکچررز کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

اب تک ایم ڈی ایم کے ذریعے 26 موبائل فون کمپنیوں کو پاکستان میں موبائل ڈیوائسز تیار کرنے کی اجازت دی گئی ہے جن میں معروف برانڈز سام سنگ، نوکیا، اوپو، ٹیکنو، انفینکس، ویگوٹیل، کیو موبائل سمیت دیگر شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024