• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm

افغانستان سے سیریز کیلئے پاکستان ون ڈے اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ ملتوی

شائع August 20, 2021
افغانستان بورڈ کی جانب سے شیڈول اور ٹریول پلان کا انتظار ہے جس کے بعد کیمپ کا آغاز کیا جائے گا، پی سی بی - فائل فوٹو:رائٹرز
افغانستان بورڈ کی جانب سے شیڈول اور ٹریول پلان کا انتظار ہے جس کے بعد کیمپ کا آغاز کیا جائے گا، پی سی بی - فائل فوٹو:رائٹرز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان کے ساتھ ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کے ون ڈے اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ ملتوی کر دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے اسکواڈ کا کیمپ کل سے 28 اگست تک کے لیے لاہور میں شروع ہونا تھا۔

پی سی بی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان بورڈ کی جانب سے شیڈول اور سفر سے متعلق منصوبے کا انتظار ہے جس کے بعد کیمپ کا آغاز کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پی سی بی کی جانب سے تمام معاملات افغانستان بورڈ کے اعلان کے ساتھ مشروط ہیں'۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ افغانستان بورڈ کے اعلان سے قبل کیمپ اور ٹریول پلان بنا کر اضافی اخراجات نہیں کرنا چاہتے۔

دوسری جانب ون ڈے اسکواڈ کے کھلاڑیوں کا اعلان بھی التوا کا شکار ہوگیا ہے۔

پی سی بی نے بتایا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے سیریز کے شیڈول اور ٹریول پلان تک ٹیم کا اعلان اور کیمپ مؤخر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغان کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیڈول کرکٹ سیریز کے بارے میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

کوئی بھی عہدیدار سیریز کی ضمانت دینے سے قاصر ہے جبکہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز یکم ستمبر سے شیڈول ہیں۔

افغان ٹیم اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی لیکن اب اس حوالے سے بھی شبہات موجود ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز طالبان نے افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹ سے کوئی مسئلہ نہیں اور وہ افغانستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے امور میں مداخلت نہیں کریں گے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جہاں ایک طرف طالبان نے مردوں کی ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دے دی ہے وہیں خواتین کی ٹیم کا مستقبل غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

اتوار کو کابل پر طالبان کے کنٹرول کے باوجود افغان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ سری لنکا میں پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز شیدول کے مطابق ہو گی اور وہ شپاگیزا ٹی20 لیگ میں توسیع بھی کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ افغانستان میں 1996 سے 2001 تک حکمرانی کرنے والے طالبان نے اس وقت کھیلوں کے مقابلوں کی زیادہ حوصلہ افزائی نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان شیڈول سیریز ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی تھی لیکن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے مقابلوں کے باعث سری لنکا منتقل کردی گئی۔

متحدہ عرب امارات میں ستمبر میں آئی پی ایل کا انعقاد ہوگا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ ‘ہم انہیں بتا چکے ہیں کہ ہم ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، تمام تیاریاں جاری ہیں’۔

افغان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ میں کہا گیا کہ قومی اسکواڈ 7 اگست کو اعلیٰ عہدیداروں سے ملا تھا اور انہیں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی پر بہترین انعامات دیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024