• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

اچھا اسکرپٹ ملا تو چھوٹی اسکرین پر کام کروں گا، عاطف اسلم

شائع August 16, 2021
اچھا کردار ملا تو ڈراموں میں کام کروں گا، گلوکار—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اچھا کردار ملا تو ڈراموں میں کام کروں گا، گلوکار—فائل فوٹو: انسٹاگرام

شہرت یافتہ گلوکار و اداکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ اگر انہیں اچھا اسکرپٹ ملا تو وہ ضرور چھوٹی اسکرین پر کام کریں گے۔

عاطف اسلم نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان سے متعلق خبریں ہیں کہ وہ جلد ہی چھوٹی اسکرین پر بھی دکھائی دیں گے۔

ٹی وی ڈیبیو کرنے کے حوالےسے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ’بی بی سی‘ کو بتایا کہ ان کے مداح انہیں چھوٹی اسکرین پر بھی دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اچھی کہانی ملنے پر ضرور ڈراموں میں کام کریں گے۔

انہوں نے چھوٹی اسکرین پر جلوے دکھانے کی اپنی خبروں سے متعلق کہا کہ انہوں نے بھی خود سے متعلق افواہیں سن رکھی ہیں مگر فوری طور پر ایسا سچ ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبول ڈرامے ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں عاطف اسلم کاسٹ؟

گلوکار نے واضح کیا کہ اگر انہیں اچھی کہانی اور کردار دیا گیا تو وہ ضرور چھوٹی اسکرین پر کام کریں گے، تاہم ساتھ ہی کہا کہ مداح انہیں جلد ٹی وی پر دیکھنے کی امید نہ رکھیں۔

انٹرویو میں عاطف اسلم نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ رواں سال ماہرہ خان کے ساتھ ایک گانے میں دکھائی دیں گے اور دونوں ایک دہائی بعد اسکرین پر رومانس کریں گے۔

اس سے قبل دونوں نے ’بول‘ نامی فلم میں ایک ساتھ کام کیا تھا اور ان کی جوڑی کو بہت سراہا گیا تھا جبکہ عاطف اسلم نے بھی ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کو خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے انہیں سنجیدہ اور اچھی اداکارہ قرار دیا۔

انٹرویو میں عاطف اسلم نے بولی وڈ کیریئر پر بھی کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ نئے پروڈیوسرز و گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے سے نہیں گھبراتے بلکہ وہ ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرکے تجربات کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ کیریئر کے 17 سال بعد بھی وہ تجربات کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے حال ہی میں ویلو میوزک اسٹیشن کے ذریعے ماضی کے مقبول گانے ’کدی تے ہنس بول کو‘ نئے انداز میں گاکر نئی نسل کی توجہ حاصل کرنے سمیت شوکت علی صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ہر وقت شاہ رخ خان کے لیے حاضر ہوں، عاطف اسلم

شاہ رخ خان جب کہیں ان کےلیے گانا تیار کروں گا، گلوکار—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ
شاہ رخ خان جب کہیں ان کےلیے گانا تیار کروں گا، گلوکار—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ

مذکورہ انٹرویو میں عاطف اسلم نے ماضی میں بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے لیے گانا نہ گانے کے معاملے پر بھی کھل کر بات کی۔

’رفتہ رفتہ‘ گلوکار کا کہنا تھا کہ ماضی میں انہوں نے شاہ رخ خان کی ٹیم کی فرمائش پر اداکار کے لیے ’گیروا‘ گانا بھی ریکارڈ کرواکر انہیں بھجوا دیا تھا مگر انہیں کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

میزبان کے ایک سوال کے جواب میں عاطف اسلم نے واضح کیا کہ شاہ رخ خان نے ان سے براہ راست کبھی رابطہ نہیں کیا، البتہ 2015 کی فلم ’دل والے‘ کے وقت ان کی ٹیم نے گلوکار سے رابطہ کرکے گانا تیار کرنے کی دخواست کی تھی۔

شاہ رخ خان کے لیے’گیروا‘ گانا گیا تھا، عاطف اسلم—اسکرین شاٹ/ دل والے
شاہ رخ خان کے لیے’گیروا‘ گانا گیا تھا، عاطف اسلم—اسکرین شاٹ/ دل والے

’دل دیاں گلاں‘ گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کی ٹیم کی درخواست پر ہی ’دل والے‘ کے لیے ’گیروا‘ گانا تیار کرکےانہیں بھجوایا بھی تھا مگر پھر انہیں کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

انہوں نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اچھا انسان قرار دیا اور کہا کہ وہ ان کے لیے ہمیشہ گانا تیار کرنے کے لیے موجود ہیں۔

عاطف اسلم نے شاہ رخ خان کو پیغام دیا کہ وہ ان کے لیے ہر وقت حاضر ہیں، وہ جب کہیں گے ان کے لیے وہ گانا تیار کریں گے۔

خیال رہے کہ 2015 میں ہی شاہ رخ خان نے کاجول کے ہمراہ ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہوں نے عاطف اسلم کو گانا بنانے کے لیے کہا مگر پاکستانی گلوکار نے انکار کردیا۔

شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ مصروفیت کی وجہ سے عاطف اسلم نے ان کے لیے گانا تیار نہیں کیا مگر اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تو گانا تیار کرکے بھجوا بھی دیا تھا مگر بولی وڈ اداکار کی ٹیم نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا۔

عاطف اسلم نے جس ’گیروا‘ گانے کو شاہ رخ خان کی ٹیم کو تیار کرکے بھیجا تھا بعد میں اسے ’دل والے‘ کے لیے بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ اور انتارا مترا نے گایا تھا اور اسے کاجول و شاہ رخ پر فلمایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024