• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم

شائع August 12, 2021
شجرکاری مہم میں 12ہزار طالب علموں اور 5 ہزار اساتذہ نے حصہ لیا
—فوٹو: ٹوئٹر
شجرکاری مہم میں 12ہزار طالب علموں اور 5 ہزار اساتذہ نے حصہ لیا —فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان نے ایک منٹ (یعنی 60 سیکنڈز) میں 50 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا جس میں 12 ہزار طلبہ نے حصہ لیا۔

یہ ریکارڈ صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے
کے تحت قائم کیا گیا جس میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ نے حصہ لیا۔

مذکورہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: شجرکاری مہم: آئندہ جون تک ایک ارب درخت لگا دیں گے، عمران خان

علاوہ ازیں عالمی ریکارڈ کے اس پروگرام کی کوریج کے لیے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم بھی تقریب میں شریک تھی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ گوجرانوالہ شہر نے آج ورلڈ ریکارڈ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک کو سبز اور صاف بنا سکیں اور ہم نے گوجرانوالہ کا نام عالمی ریکارڈ میں شامل کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اب بھارت کو چیلنج دے دیا ہے کیونکہ ان کا ریکارڈ 37 ہزار پودے لگانے کا تھا جسے ہم نے توڑ دیا اور اب گوجرانوالہ انہیں چیلنج کررہا ہے کہ ہمارا ریکارڈ توڑ کر دکھائیں۔

ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ ریکارڈ بنا کر قوم کو یوم آزادی پر تحفہ دیا گیا ہے، ہم نے بھارت کا ریکارڈ توڑا اس کی دوہری خوشی ہے۔

یہ ریکارڈ قائم کرنے کے لیے جی ٹی روڈ پر قائم گرین بیلٹ پر منعقد کی گئی شجرکاری مہم میں 12ہزار طالب علموں اور 5 ہزار اساتذہ نے حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: شجرکاری مہم: آنے والی نسلوں کیلئے ضروری ہے ہم اپنا طرز زندگی تبدیل کریں، وزیراعظم

عالمی ریکارڈ کے لیے طلبہ نے سائرن بجتے ہی پودے لگانا شروع کیے اور سائرن بجنے سے پہلے قومی ترانہ بھی بجایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایک منٹ میں سب سے زیادہ پودے لگانے کا ریکارڈ بھارت کا پاس تھا جو ایک منٹ میں 37 ہزار پودے لگا کر بنایا گیا تھا اور اب پاکستان نے اسی دورانیے میں 50 ہزار پودے لگا کر یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔

اس موقع پر طلبہ کا جوش و خروش عروج پر تھا ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ بنانے پر بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے۔

قبل ازیں 10 بلین ٹری سونامی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ گوجرانوالہ میں 60 سیکنڈز میں پودے لگانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کی شجرکاری مہم کے تحت گوجرانوالہ میں اسکولز کے ہزاروں طلبہ اپنے اساتذہ کے ہمراہ ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کریں گے۔

2 روز قبل گوجرانوالہ میں پارکس اینڈ ہورٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے چیئرمین ایس اے حمید نے بتایا تھا کہ ایک منٹ میں 50 ہزار درخت لگانے کا عالمی ریکارڈ 12 اگست کو بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ امکان ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

ایس اے حمید نے کہا تھا کہ 12 اگست کو عالمی ریکارڈ بنانا گوجرانوالہ کا اعزاز ہوگا اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہوگا۔

پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل سجاد احمد ثاقب نے کہا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے اشتراک سے ایونٹ کی تیاریاں جاری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024