• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مرتضیٰ وہاب کا بحیثیت ایڈمنسٹریٹر کراچی میں تفریق کی سیاست ختم کرنے کا عزم

شائع August 6, 2021
مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا تھا—تصویر: ڈان نیوز
مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا تھا—تصویر: ڈان نیوز

کراچی کے نو تعینات شدہ ایڈمنسٹریٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے دور میں ’تفریق کی سیاست‘ کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب جو حکومت سندھ کے ترجمان بھی ہیں، انہوں نے یہ ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں کوشش کررہا ہوں کہ ماضی کے بارے میں نہ سوچوں، میں مستقبل کے بارے میں سوچ رہا ہوں اور بلا امیتاز کام کروں گا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’سندھ حکومت ایجنڈے کی قیادت کرے گی اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور دیگر بلدیاتی اس کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مرتضیٰ وہاب کراچی کے ایڈمنسٹریٹر تعینات

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ وہ کراچی کی بہتری کے لیے کسی کے ساتھ حتیٰ کہ وفاقی حکومت کے نمائندوں کے ساتھ بھی کام کرنے کو تیار ہیں۔

شہر کے مسائل کے حل سے متعلق ان کے منصوبے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ابھی اپنا ایجنڈا نہیں بتارہے کیوں کہ اس پر ابھی کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں ایسا فرد نہیں جو اپنا کام کیے بغیر بیانات دیتا ہے، پہلے مجھے صورتحال کا جائزہ لینے دیں جس کے بعد میں ایکشن پلان تیار کر کے تفصیلات بتاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی سمت نہ ہونے کی وجہ سے کئی برسوں سے شہر کے مسائل حل نہیں ہوئے، ہم وہ سمت طے کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'کراچی کے 3 بڑے مسائل حل کرنے کیلئے وفاقی، صوبائی حکومت مل کر کام کریں گی'

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی ادارہ وسائل کے بغیر نہیں چل سکتا ساتھ ہی مالی خود انحصاری کے لیے کے ایم سی کی ٹیکس کلیکشن پر توجہ دینے کی ضرورت اجاگر کی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کے ایم سی عہدیداران کو بتادیا ہے کہ جب ادارے کو مالی طور پر خود انحصار نہیں بنایا جاتا شہر کے مسائل کا کوئی پائیدار حل نہیں نکل سکتا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی نے ماضی میں شہر کی خدمت کی ہے اور اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے، ہم انہیں لوگوں کے ساتھ کام کریں گے۔

شہر کی صفائی کے مسئلے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بلدیاتی اداروں خصوصاً ڈسٹرک میونسپل کارپوریشنز (ڈی ایم سیز) کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کا کہنا تھا کہ کراچی کے 6 اضلاع میں سے 4 میں یہ ذمہ داری سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے پاس ہے جبکہ 2 اضلاع کورنگی اور ضلع وسطی میں یہ کام ڈی ایم سیز کرتی ہیں اور جن اضلاع میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ذمہ دار ہے وہاں صورتحال بہت بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کے مسائل کا مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے، وزیر اعظم

انہوں نے بتایا کہ ضلع وسطی اور کورنگی کی انتظامیہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور رواں ماہ کے اختتام تک وہاں بھی یہ کام شروع کردے گا جس کے بعد آپ کو نمایاں فرق نظر آئے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کا پانی کا مسئلہ حل ہونے میں ٹائم لگے گا البتہ سیوریج کا مسئلہ جلد حل کیا جاسکتا ہے اور بتایا کہ وہ اس سلسلے میں جلد عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب کی ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے پر تعیناتی

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت سندھ نے وزیراعلیٰ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا تھا۔

حکومتِ سندھ کے سیکریٹری لوکل گورنمٹ کی جانب سے گزشتہ روز جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2003 کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، صوبائی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں اور متعلقہ حکام کی منظوری کے ساتھ مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن تعینات کر دیا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب اب تک وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون، ماحول، موسمیاتی تبدیلی اور کوسٹل ڈیولپمنٹ کے حیثیت سے کام کر رہے تھے اور انہیں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے 2016 میں صوبائی کابینہ میں شامل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024