• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سپریم کورٹ: رحیم یار خان کے مندر پر حملے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم

شائع August 6, 2021
عدالت نے کہا کہ پولیس نے ماسوائے تماشہ دیکھنے کے کچھ نہیں کیا—فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
عدالت نے کہا کہ پولیس نے ماسوائے تماشہ دیکھنے کے کچھ نہیں کیا—فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

سپریم کورٹ نے رحیم یارخان میں مندر پر حملے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے علاوہ شر پسندی پر اکسانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ مندر کی بحالی پر آنے والے اخراجات کی رقم ہر صورت ملزمان سے وصول کی جائے۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ نے رحیم یار خان میں مندر پر ہونے والے حملے کے واقعے پر لیے گئے از خود نوٹس پر سماعت کی۔

سماعت میں پنجاب کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) انعام غنی، چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت مندر پر حملہ ہوا تو انتظامیہ اور پولیس کیا کر رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:چیف جسٹس کا رحیم یار خان میں مندر پر حملے پر ازخود نوٹس

آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر، اے سی اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس موقع پر موجود تھے، انتظامیہ کی ترجیح مندر کے اطراف میں واقع ہندوؤں کے 70 گھروں کا تحفظ تھا۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کام نہیں کر سکتے تو انہیں ہٹا دیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک 9 سال کے بچے کی وجہ سے یہ سارا واقعہ ہوا جس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی، پولیس نے ماسوائے تماشہ دیکھنے کے کچھ نہیں کیا۔

جسٹس قاضی امین نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ کیا کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی؟ جس پر آئی جی نے بتایا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل سہیل محمود نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم نے بھی معاملہ کا نوٹس لے لیا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وزیر اعظم اپنا کام جاری رکھیں، لیگل کیس عدالت دیکھے گی۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: مشتعل ہجوم کی ہندو بزرگ کی سمادھی میں توڑ پھوڑ، نذرآتش کردیا

جسٹس قاضی امین نے کہا کہ پولیس اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہوئی، پھر پولیس ملزمان کی ضمانت، صلح کروائے گی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سرکاری پیسے سے مندر تعمیر ہو گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ واقعے کو 3 دن ہو گئے ایک بندہ پکڑا نہیں گیا، واقعے پر پولیس کی ندامت دیکھ کر لگتا ہے پولیس میں جوش ولولہ نہیں، پولیس کے لوگ پروفیشنل ہوتے تو اب تک معاملات حل ہو چکے ہوتے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہندوؤں کا مندر گرادیا، ان کے دل پر کیا گزری ہوگی، سوچیں مسجد شہید کردی جاتی تو مسلمانوں کا ردعمل کیا ہوتا۔

سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ دندناتے پھرتے ملزمان ہندو کمیونٹی کے لیے مسائل پیدا کر سکتے ہیں، یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں 100 سالہ قدیم مندر پر حملہ

علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے کمشنر رحیم یار خان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب بالخصوص متاثرہ علاقے میں قیام امن کے لیے ویلج کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔

ساتھ ہی عدالت نے آئی جی اور چیف سیکریٹری سے ایک ہفتے میں پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 اگست تک ملتوی کردی۔

واقعے کا پس منظر

خیال رہے کہ ایک 9 سالہ بچے کے مبینہ طور پر مدرسے میں پیشاب کردینے پر دارالعلوم عربیہ تعلیم قرآن کے ایک معلم حافظ محمد ابراہیم کی شکایت پر بھونگ پولیس نے بچے کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295-اے کے تحت 24 جولائی کو مقدمہ درج کیا تھا۔

تاہم مقامی عدالت نے چند روز قبل اسے ضمانت دے دی تھی جس کے بعد کچھ افراد نے علاقے کے عوام میں اشتعال پھیلایا اور تمام دکانیں بند کروادی تھیں۔

مذکورہ واقعے پر کچھ ہندو عمائدین نے مدرسے کی انتظامیہ سے یہ کہتے ہوئے معافی مانگی تھی کہ ملزم کم عمر اور ذہنی طور پر بیمار ہے۔

بعدازاں مشتعل افراد کی جانب سے مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور سکھر-ملتان موٹروے (ایم-5) بھی کچھ گھنٹوں کے لیے بلاک کردی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:غیرمسلموں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، وزیرمذہبی امور

البتہ کچھ رپورٹس یہ بھی تھیں کہ مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان پیسوں کا کوئی جھگڑا تھا جو اس واقعے کی اصل وجہ بتایا جارہا ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ بچے کو سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے رحیم یار خان کی ضلعی جیل بھیجا گیا تھا، بعدازاں 4 روز قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اس کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ رئیس خاندان نے اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا تھا لیکن سومرو قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی شخص نے اقلیتی برادری کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جس کے نتیجے میں اشتعال پھیلا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ بھونگ مارکیٹ بند کروانے کے بعد ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے کچھ گھروں پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

مذکورہ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا جبکہ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے بھی از خود نوٹس لے لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024