• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ہنی سنگھ پر اہلیہ نے گھریلو تشدد و جنسی استحصال کا مقدمہ کردیا

شائع August 4, 2021
گلوکار نے 2011 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
گلوکار نے 2011 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

معروف بھارتی ریپر، گلوکار اور اداکار 38 سالہ یو یو ہنی سنگھ پر ان کی اہلیہ نے جنسی استحصال، گھریلو تشدد اور دوسری خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کا مقدمہ دائر کردیا۔

نئی دہلی ٹیلی وژن (این ڈی ٹی وی) کے مطابق یو یو ہنی سنگھ پر ان کی اہلیہ شالنی سنگھ تلوار نے ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی کے علاقے تیس ہزاری میں موجود میٹروپولیٹن کورٹ میں درخواست دائر کی۔

شالنی تلوار نے شوہر کے خلاف 2 اگست کو پروٹیکشن آف ویمن فرام ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کیے۔

شالنی تلوار کی جانب سے تین مختلف وکلا کمپنیوں نے مشترکہ طور پر ہنی سنگھ کے خلاف درخواست دائر کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف جنسی، جسمانی، ذہنی اور جذباتی تشدد و استحصال کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے گلوکار سے 20 کروڑ روپے کا ہرجانہ طلب کیا۔

خاتون نے 20 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
خاتون نے 20 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

درخواست میں ہنی سنگھ پر بیوی کو ڈرانے، دھمکانے اور انہیں ہراساں رکھنے جیسے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔

شالنی تلوار کی جانب سے دائر کردہ درخواست کے بعد خاتون جج تانیہ سنگھ نے یو یو ہنی سنگھ کو رواں ماہ 28 اگست تک جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔

اسی حوالے سے ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شالنی تلوار نے گلوکار پر نہ صرف جسمانی و جنسی تشدد کے الزامات لگائے ہیں بلکہ انہوں نے شوہر پر دیگر خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کے دعوے بھی کیے ہیں۔

خاتون نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ ان کے شوہر شراب نوشی کرنے سمیت متعدد خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات میں بھی ملوث رہے ہیں جب کہ وہ انہیں گالیاں بھی دیتے رہتے ہیں۔

شالنی تلوار نے دعویٰ کیا کہ ان کی شادی کے بعد ہی ان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اور ہنی مون کے فوری بعد ہی ان میں تلخیاں پیدا ہوگئی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماضی میں یو یو ہنی سنگھ اہلیہ کی تعریفیں کرتے رہے ہیں اور برملا یہ بھی کہتے رہے ہیں کہ شالنی سے پوچھے بغیر کچھ نہیں کرتے۔

ہنی سنگھ کی اہلیہ بھی گلوکارہ ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
ہنی سنگھ کی اہلیہ بھی گلوکارہ ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

ریپر ماضی میں متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ ان کی اہلیہ نے مختلف مواقع پر ان کی مدد کی اور کیریئر بڑھانے سمیت ذاتی زندگی کو بہتر بنانے میں ان کا ساتھ بھی دیا۔

بیوی کی جانب سے گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کے الزامات پر فوری طور پر گلوکار نے کوئی جواب نہیں دیا جب کہ یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ خاتون نے صرف ہرجانے کے طور پر پیسوں کا مطالبہ کیا ہے یا انہوں نے طلاق بھی مانگی ہے؟

ہنی سنگھ اور شالنی تلوار نے جنوری 2011 میں شادی کی تھی تاہم انہوں نے چند سال تک اہلیہ کو میڈیا سے دور ہی رکھا تھا مگر 2014 میں انہوں نے بیوی کو ریئلٹی شو کے ذریعے لوگوں سے متعارف کروایا تھا۔

ان کا پہلا مشہور بھنگڑا گانا ’لک 28 کڑی دا‘ 2011 میں ریلیز ہوا تھا لیکن وہ اس گانے سے قبل ہی متعدد ایوارڈ حاصل کر چکے تھے۔

یو یو ہنی سنگھ نے بولی وڈ فلموں ’کاک ٹیل، چنئی ایکسپریس، باس، گھبر از بیک اور مستان‘ سمیت دیگر فلموں کے لیے بھی گانے گائے۔

یو یو ہنی سنگھ نے متعدد پنجابی و دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے لیکن انہیں شہرت ریپر اور بھنگڑا گلوکار کے طور پر ہی ملی۔

ہنی سنگھ 2015 سے 2017 کے درمیان میوزک کی دنیا سے غائب بھی رہے تھے وہ اس دوران انزائٹی اور ڈپریشن سمیت دیگر ذہنی مسائل کا شکار ہوگئے تھے اور پھر دسمبر 2017 میں انہوں نے میوزک کی دنیا میں واپسی کی تھی۔

بیوی کے الزامات پر ہنی سنگھ نے کوئی جواب نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بیوی کے الزامات پر ہنی سنگھ نے کوئی جواب نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024