• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

انتخابات سے قبل نیب کے کرپشن کیسز کے فیصلے ہو جائیں گے، شیخ رشید

شائع August 4, 2021
شیخ رشید کی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو—تصویر: ڈان نیوز
شیخ رشید کی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو—تصویر: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ 2 برس میں عام انتخابات سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) کے کرپشن کیسز کے فیصلے ہوجائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ جیسی نالائق اپوزیشن کو دیکھتے ہوئے مجھے یقین ہوتا جارہا ہے کہ عمران خان اگلے 5 سال بھی حکومت کرے گا کیوں کہ آپ میں دیوار میں پیچھے دیکھنے کی صلاحیت نہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بالآخر مفاہمت کی جانب بڑھنا ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) جو بہت چیختے چلاتے تھے اب اپنی اصل جگہ پر آگئے ہیں اور انہیں سمجھ آگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں ہوئی، یہ ‘انٹرنیشنل سازش’ ہے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ میں انہیں مفت میں مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی سیاست میں خطے کی نئی سیاست شامل ہونے والی جو آپ کی سوچ سے بڑی سیاست ہوگی اور وہ عمران خان کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ چوں چوں کا مربعہ ہیں، آپ کو سمجھ نہیں ہے، صرف میڈیا میڈیا کرتے ہیں یہ 40 کیمرے آپ کے شکرگزار ہیں اگر آپ بھی نہ بولیں تو انہیں ڈرامے خریدنے پڑیں گے اور کامیڈی اس وقت ڈراموں میں سب سے مہنگی ہے۔

انہوں نے اپوزیشن کو کہا کہ پہلے اپنا گھر ٹھیک کرو، ملک آپ نے خاک ٹھیک کرنا ہے، دونوں پارٹیوں کے گھروں میں مفاہمت اور مزاحمت کی لڑائی جاری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں لندن میں مقیم مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کے سربراہ الطاف حسین کو ملک میں واپس نہیں لا سکتا۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات کے بعد حکومت، اپوزیشن کے مابین تعلقات بہتر ہوں گے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام خارج کرنے کے لیے مقررہ وقت میں درخواست ہی نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے شک ہے کہ شہباز شریف راستہ بنا رہے ہیں کہ انتخابات کے دنوں میں نواز شریف کو سیدھا جیل نہ جانا پڑے، وہ وہی حکمت عملی اختیار کررہے ہیں جو انہوں نے سعودی عرب سے نواز شریف کو لانے کے لیے اختیار کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان پر وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں وزارت داخلہ اور وزارت اطلاعات کے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا امن، پاکستان کا امن ہے اور افغان قوم کے فیصلے افغانستان کے فیصلے وہ جو فیصلہ کریں وہ ہمارے لیے قابل قبول ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی نئی سیاسی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، شیخ رشید

انہوں نے بتایا کہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے کھولے گئے 680 سینٹرز میں 2 لاکھ درخواستیں آئی ہیں، ابھی ہماری اتنی گنجائش نہیں، ابھی ایک لاکھ سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی جاسکتی ہے، کچھ روز بعد گنجائش میں اضافہ کردیا جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت محکموں بشمول وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) پاسپورٹ، ویزا سیکشن، امیگریشن میں جھاڑو پھیر کر انہیں کرپشن سے پاک کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 110 وارڈز بنا کر الیکشن کمیشن کو بھیج رہے ہیں جو ان کا فیصلہ کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024