شہباز شگری اور آئمہ بیگ نے باضابطہ طور پر منگنی کرلی
گلوکارہ آئمہ بیگ اور اداکار شہباز شگری نے انفرادی طور پر منگنی کرنے کے چار ماہ بعد باضابطہ طور پر اہل خانہ کی موجودگی میں منگنی کرلی۔
دونوں نے رواں برس 20 مارچ کو انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے منگنی کرنے کا اعلان کیا تھا اور دونوں نے انگوٹھیوں کے ہمراہ تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
مارچ میں انفرادی طور پر منگنی کرنے کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ اب دونوں شادی کریں گے، تاہم دونوں نے رشتہ ازدواج میں بندھنے سے قبل اہل خانہ کی موجودگی میں باضابطہ طور پر منگنی کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: آئمہ بیگ اور شہباز شگری نے منگنی کرلی
دونوں کی منگنی کی تقریبات کا اہتمام کرنے والی کمپنی ’ویڈنگ شیڈنگ‘ کی جانب سے شیئر کی گئیں ویڈیوز اور تصاویر کے مطابق منگنی کی تقریب دارالحکومت اسلام آباد میں ہوئی۔
منگنی کی تقریب میں دونوں کے اہل خانہ کے علاوہ معروف شوبز شخصیات کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
منگنی کی تقریب میں گلوکار و موسیقار بلال سعید اور اداکارہ ہانیہ عامر کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات اور موسیقی سے وابستہ افراد بھی شریک ہوئے جب کہ دونوں کے رشتے داروں نے بھی شرکت کی۔
دونوں کی منگنی کی تصاویر بنانے والی کمپنی ’پکٹروازاہ‘ نے بھی ان کی منگنی کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، جن میں دونوں کو خوش دیکھا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: شہباز شگری، آئمہ بیگ کا جلد شادی کرنے کا عندیہ
گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں مختلف شوبز شخصیات کی جانب سے منگنی کی مبارک باد دیے جانے کی پوسٹس بھی شیئر کیں۔
دوںوں کی منگنی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں اور شوبز شخصیات سمیت ان کے مداحوں نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی۔
دونوں کی منگنی کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر 23 جولائی کو عید الاضحیٰ کے تیسرے دن شیئر کی گئیں اور اسی دن ہی آئمہ بیگ کا فرحان سعید کے ساتھ پنجابی رومانوی گانا ’نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘ بھی ریلیز کیا گیا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں کی منگنی کب ہوئی، تاہم تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر 23 جولائی کو اسلام آباد سے شیئر کی گئیں۔
دونوں کو گزشتہ دو سال سے ایک ساتھ دیکھا جا رہا ہے اور رواں برس مارچ میں دونوں کی جانب سے انفرادی طور پر منگنی کا اعلان کیے جانے کے بعد دونوں کو انتہائی قریب دیکھا گیا اور دونوں نے متعدد بار جلد شادی کا عندیہ بھی دیا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ اہل خانہ کی رضامندی سے باضابطہ منگنی ہوجانے کے بعد اب دونوں ممکنہ طور پر رواں برس کے اختتام یا پھر آئندہ سال کے آغاز تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔