• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
شائع July 17, 2021
براک اوباما نے اپنے پسندیدہ گانوں میں اردو گانے کو بھی شامل رکھا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام/ ٹوئٹر
براک اوباما نے اپنے پسندیدہ گانوں میں اردو گانے کو بھی شامل رکھا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام/ ٹوئٹر

ہر ہفتے کی طرح گزشتہ ہفتے بھی شوبز کی بہت ساری خبریں ایسی تھیں، جنہوں نے لوگوں کی توجہ حاصل کی، بعض خبریں ایسی بھی تھیں جنہوں نے لوگوں کو حیران کیا اور کچھ خبروں سے شائقین محظوظ ہوتے دکھائی دیے۔

گزشتہ ہفتے 10 جولائی کو سابق امریکی صدر براک اوباما نے اپنے پسندیدہ گانوں کی فہرست جاری کی، جس میں مجموعی طور پر 38 گانے شامل تھے، حیران کن طور پر ان کے پسندیدہ گانوں میں اردو غزل بھی شامل تھی۔

براک اوباما کی پسندیدہ اردو غزل

براک اوباما نے ٹوئٹر پر اپنے پسندیدہ گانوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے امریکا میں پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کی گائی گئی کلاسیکل غزل ’محبت‘ کو پسندیدہ قرار دیا۔

براک اوباما کی جانب سے اردو غزل کو اپنی فہرست میں شامل کرنے پر عروج آفتاب نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی سابق امریکی صدر کی جانب سے اردو زبان کے گانے کو پسند کیے جانے پر لوگوں نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔

اجے دیو گن کا نیا انداز

بولی وڈ ایکشن ہیرو اجے دیوگن کے مداح یوں تو انہیں ہر انداز میں پسند کرتے ہیں، تاہم حال ہی میں ان کے نئے انداز کو دیگر لوگوں نے بھی سراہا۔

اجے دیوگن کے نئے انداز کو سراہا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
اجے دیوگن کے نئے انداز کو سراہا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

اجے دیوگن کی حال ہی میں داڑھی کے ساتھ تصاویر سامنے آئیں تو لوگوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور ان کے انداز کو قاتلانہ قرار دیا۔

اجے دیوگن کی نئے انداز کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے عمر کے حساب سے ان کے انداز کو پسند کیا۔

سائرہ یوسف کی تعریف کا بہروز سبزواری کا پرانا انٹرویو

سینیئر اداکار بہروز سبزواری کا ایک پرانا انٹرویو بھی گزشتہ ہفتے خوب وائرل ہوا، جس میں وہ سابق بہو سائرہ یوسف کی تعریف کرتے دکھائی دیے۔

بہروز سبزواری کا مذکورہ انٹرویو اپریل 2021 کا ہے اور وہ پی ٹی وی کے پروگرام میں خاندانی زندگی اور دادا بننے کی اہمیت کے معاملے پر بات کرتے دکھائی دیے۔

مذکورہ شو میں بہروز سبزواری نے بتایا تھا کہ سال 2020 ان کے خاندان کے لیے اتار چڑھاؤ کا سال رہا، کیوں کہ اسی سال ان کے بیٹے شہروز سبزواری کی سائرہ یوسف سے طلاق ہوگئی۔

بہروز سبزواری نے بتایا تھا کہ سائرہ یوسف کی طلاق ہوجانے پر انہیں بہت دکھ ہوا اور یہ کہ وہ ان کی بیٹیوں کی طرح تھیں اور ہمیشہ رہیں گی۔

ساتھ ہی انہوں نے شہروز سبزواری کی دوسری بیگم صدف کنول کو بھی بیٹی قرار دیا اور کہا کہ وہ بھی اچھی ہیں۔

انٹرویو میں بہروز سبزواری کی جانب سے سائرہ یوسف کی تعریف کرنے کے ساتھ ساتھ صدف کنول کی بھی تعریف کرنے پر جہاں انہیں سراہا گیا، وہیں ان پر تنقید بھی کی گئی کہ وہ ہمدردی حاصل کرنے کے لیے سائرہ کو بیٹی کہ رہے ہیں۔

شہروز نے دوسری شادی مئی 2020 میں صدف کنول سے کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شہروز نے دوسری شادی مئی 2020 میں صدف کنول سے کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کی بیٹی نورے بھی ہے، تاہم دونوں کی شادی مارچ 2020 میں طلاق پر ختم ہوئی، جس کے بعد شہروز نے صدف کنول سے مئی 2020 میں دوسری شادی کرلی تھی۔

ایشٹن کچر کی بیوی شوہر سے زیادہ سمجھدار

ہولی وڈ اداکار ایشٹن کچر نے بیوی کے سمجھانے کے بعد خلا کے سفر کا پروگرام ملتوی کرتے ہوئے خریدا ہوا ٹکٹ واپس کردیا۔

رائٹرز کے مطابق ایشٹن کچر نے 10 سال قبل ہی نجی کمپنی ورجن گیلیکٹک کی پرواز کے ذریعے خلائی سفر کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور اس نے ایڈوانس بکنگ بھی کروا رکھی تھی، لیکن جب انہوں نے مذکورہ فیصلہ کیا تھا، تب وہ غیر شادی شدہ تھے اور شاید ان میں عقل کی بھی کمی تھی۔

بیوی کے سمجھانے پر ایشٹن کچر نے ٹکٹ واپس کردیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
بیوی کے سمجھانے پر ایشٹن کچر نے ٹکٹ واپس کردیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

لیکن اب شادی کرنے اور بچوں کی پیدائش کے بعد بیوی کے سمجھائے جانے پر انہوں نے خلائی سفر کرنے کا پروگرام ملتوی کرتے ہوئے خریدا ہوا ٹکٹ واپس کردیا اور بتایا کہ ان کی اہلیہ نے انہیں سمجھایا کہ اس وقت خلا کا سفر کرنا دانش مندی نہیں۔

بار بی ڈول 38 برس کی ہوگئیں

بولی وڈ بار بی ڈول کہلائی جانے والی اداکارہ کترینہ کیف نے 16 جولائی کو اپنی 38 ویں سالگرہ منائی اور شوبز کی تقریبا تمام شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی۔

اداکارہ نے بھی جنم دن کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر لوگوں اور شوبز شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔

جہاں کترینہ کیف کو دیگر شوبز شخصیات نے جنم دن کی مبارک باد دی، وہیں سلمان خان نے ان کے ساتھ کچھوائی گئی ایک ایسی تصویر شیئر کی، جس کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی گئی تھی۔

غریبوں کے شاہ رخ خان

اداکار فیروز خان نے گزشتہ ہفتے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی تو جہاں لوگوں نے ان کی تعریف کی، وہیں بعض لوگوں ان کا مذاق بھی اڑایا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

فیروز خان کی تصویر پر ایک مداح نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’غریبوں کا شاہ رخ خان‘ جس پر اداکار نے بھی مداح کو فوری جواب دیا۔

فیروز خان نے جواب میں لکھا کہ وہ غریب ضرور ہیں مگر و ہ غریبوں کے فیروز خان ہیں۔

طوفان ریلیز

بھارتی لوگوں کے اعتراض اور احتجاج کے باوجود اداکار فرحاں اختر کی اسپورٹس ڈراما فلم ’طوفان‘ کو اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کردیا گیا۔

طوفان میں فرحان اختر نے مسلمان باکر کا کردار ادا کیا ہے جو فلم میں ہندو لڑکی سے رومانس کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس وجہ سے بھارتی ہندو انتہاپسندوں نے اعتراض کیا تھا اور اداکار و فلم کی ٹیم پر ’لو جہاد‘ کو پروان چڑھانے کا الزام عائد کیا تھا۔

انتہاپسند بھارتی لوگ ہندو خواتین اورمسلمان مرد حضرات کے درمیان محبت کو ’لو جہاد‘ کا نام دیتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ مسلمان لڑکے ہندو لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسا کر ان سے شادی کرنے کے بعد ان کا مذہب تبدیل کردیتے ہیں۔

عفت عمر اداکارہ سریکھا سکری کی موت پر خوش؟

اداکارہ عفت عمر نے فیشن میگزین ایلے انڈیا کی جانب سے سینیئر اداکارہ سریکھا سکری کی موت کی خبر پر خوشی کا اظہار کیا تو ان پر خوب تنقید کی گئی۔

اداکارہ نے غلطی میں wow کا کمنٹ کیا تھا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے غلطی میں wow کا کمنٹ کیا تھا—اسکرین شاٹ

عفت عمر نے سریکھا سکری کی موت کی خبر پر انگریزی میں wow کا کمنٹ کیا تو لوگوں نے انہیں کھری کھری سنادیں، جس پر بعد ازاں اداکارہ نے معافی بھی مانگی اور اپنی غلطی تسلیم کرلی۔

عفت عمر نے بعد ازاں اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا کہ دراصل انہوں نے پوسٹ پڑھے بغیر ہی کمنٹ کردیا تھا۔

سریکھا سکری 75 برس کی عمر میں 16 جولائی کو چل بسی تھیں۔

بعد میں عفت عمر نے معافی مانگی—اسکرین شاٹ
بعد میں عفت عمر نے معافی مانگی—اسکرین شاٹ

نمکین پانی کے ساتھ روٹی کھا کر بڑی ہوئی، بھارتی سنگھ

بھارتی کامیڈین بھارتی سنگھ یوں تو اسکرین پر لوگوں کو ہنساتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے بچپن میں انتہائی غربت دیکھی اور یہاں تک ان کے پاس روٹی کے ساتھ کھانے کے لیے سالن تک نہیں ہوتا تھا۔

بھارتی سنگھ نے انٹرویو میں بتایا کہ ان کی والدہ دوسرے گھروں کی ملازمت کرتی تھیں، وہاں جاکر ان کی ماں کھانے پکایا کرتیں جب کہ بھائی دکان پر اجرت کرتے۔

بچپن میں بہت غربت دیکھی، بھارتی سنگھ—فوٹو: انسٹاگرام
بچپن میں بہت غربت دیکھی، بھارتی سنگھ—فوٹو: انسٹاگرام

کامیڈین کے مطابق وہ اتنی غربت کی زندگی گزارتے تھے کہ انہوں نے کئی بار پانی میں نمک ملا کر اس کے ساتھ روٹی کھائی جب کہ وہ کالج پڑھنے کے دوران گھر جانا بھی پسند نہیں کرتی تھیں۔

بھارتی سنگھ کے مطابق وہ کالج میں یہی سوچ کر ٹھہر جاتیں کہ وہ کچھ لمحات کےلیے غربت سے بچ سکیں گی، کیوں کہ ان کے گھر میں ہر طرف غربت اور بھوک ہوتی تھیں۔

شوہر کے دور ہونے پر ڈپریشن ہوگیا تھا، جینان حسین

اداکارہ جینان حسین نے گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں کھل کر ذہنی صحت پر بات کی اور بتایا کہ کس طرح وہ والد کی دوسری شادی اور شوہر کی جانب سے دور ہونے پر شدید ذہنی اضطراب کو شکار ہوئی تھیں۔

جینان حسین نے انٹرویو میں کھل کر اپنے کیریئر پر بھی بات کی اور بتایا کہ انہیں بعض اداکاروں اور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کا شروع سے ہی شوق تھا۔

جیننان حسین کا کہنا تھا جب کہ ان کی شادی ہوئی تو ان کے شوہر اپنی تعلیم کے سلسلے میں ملائشیا منتقل ہوئے تو انہیں شدید ڈپریشن ہوا، کیوں کہ وہ پہلے بھی اس طرح کے مسائل کا شکار رہ چکی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر وہ انتہائی کم عمری میں 12 سال میں اس وقت ڈپریشن کا شکار ہوئیں، جب ان کے والد نے دوسری شادی کی اور وہ دوسری عورت کے ساتھ رہنے پر مجبور ہوئیں۔

منیشا لامبا نئی محبت ملنے پر خود کو خوش قسمت سمجھنے لگیں

بولی وڈ اداکارہ منیشا لامبا طلاق کے ایک سال بعد نئی محبت ملنے پر خود کو خوش قسمت سمجھنے لگی ہیں اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ انہیں دوبارہ سے اچھا شخص مل گیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق منیشا لامبا کے تعلقات صنعت کار آکاش ملک سے ہیں اور ان سے تعلق رومانس ہونے پر اداکارہ شکرانے ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ وہ اپنی نئی محبت کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔

منیشا لامبا کی گزشتہ برس جون میں طلاق ہوگئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
منیشا لامبا کی گزشتہ برس جون میں طلاق ہوگئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

منیشا لامبا نے نئی محبت ملنے پر کہا کہ وہ تعلقات کے ختم ہونے یا طلاق کے بعد زندگی کو بیکار نہیں سمجھتیں اور نہ ہی ایسی باتیں زندگی کا خاتم ہوتی ہیں بلکہ ہر کسی کو دوبارہ محبت ملنے کا ایک اور موقع ضرور ملتا ہے۔

منیشا لامبا نے گزشتہ برس جون میں ہی شوہر ریان تھام (Ryan Tham) سے طلاق لی تھی، انہوں نے 2015 میں شادی کی تھی۔

رومانوی انداز کی ویکسینیشن

حال ہی میں منگنی کے بندھن میں بندھنے والے اداکار احسن محسن اکرام اور منال خان نے ویکسین لگوانے کی رومانوی انداز میں تصویر شیئر کی تو لوگوں نے ان پر خوب تنقید کی۔

احسن محسن اکرام نے ویکسین لگوانے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ویکسین لگوانے سے ڈر لگتا ہے، اس لیے منال خان ان کے پاس رہ کر انہیں بہلا رہی تھیں۔

تصویر میں احسن محسن خان کو ویکسین لگواتے ہوئے اور منال خان کا ہاتھ تھامے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ تصویر شیئر کرنے کے بعد لوگوں نے ان پر خوب تنقید کی اور انہیں امیر اولاد قرار دینے سمیت دونوں کو حد سے زیادہ بے شرم بھی قرار دیا۔

منال خان اور احسن محسن پر لوگوں نے خوب تنقید کی—اسکرین شاٹ
منال خان اور احسن محسن پر لوگوں نے خوب تنقید کی—اسکرین شاٹ

کرینہ سگھڑ ماں کیسے بنیں؟

بولی وڈ ’بیبو‘ کرینہ کپور نے حال ہی میں شائع کردہ اپنی کتاب میں اعتراف کیا ہے کہ وہ کیسے سگھڑ ماں بنیں اور کس طرح انہیں دوران حمل کام کرنے کا جذبہ ملتا رہا۔

کرینہ کپور نے گزشتہ ہفتے 9 جولائی کو اپنی کتاب ’پریگننسی بائبل‘ فروخت کے لیے پیش کی تھیں، جس کے نام کی وجہ سے ان پر مسیحی لوگ بھی ناراض ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی چاہتے ہیں، کیوں کہ ان کے مطابق ’بائبل‘ کا لفظ مقدس ہے، جسے اداکارہ نے استعمال کیا۔

اپنی کتاب میں انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ اپنے ہاں 2016 میں پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش تک انہیں یہ تک معلوم نہیں تھا کہ بچے کی صفائی کیسے کرنی ہوتی ہے اور اسے درست انداز میں پیمپر کیسے پہنایا جاتا ہے؟

اداکارہ کے مطابق کئی بار تیمور علی خان درست پیمپر نہ پہنائے جانے کی وجہ سے دوسرے لوگوں کے کپڑے خراب کردیتے تھے لیکن آہستہ آہستہ وہ سگھڑ بنتی گئیں اور اپنے ہاں فروری 2021 میں دوسرے بیٹے کی پیدائش کے بعد وہ اچھی اور سمجھدار ماں بن چکی تھیں۔

کتاب میں انہوں نے شوہر اور ساس کی بھی تعریفیں کی ہیں اور بتایا ہےکہ کس طرح پہلے بچے کی پیدائش کے بعد ان کی ساس نے انہیں واپس فلموں میں کام کرنے کے لیے جذبہ دلایا اور کس طرح شوہر ہر وقت ان کی مدد کرتے رہے۔

الٹا نظام

فیس بک پیج سول سسٹرز سے شہرت حاصل کرنے والی سوشل میڈیا سلیبرٹی کنول احمد کے ڈیجیٹل نیٹ ورک کی جانب سے آنے والی ویب سیریز ’الٹا نظام‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

الٹا نظام شادی شدہ جوڑے کی مشکلات کی کہانی ہے جو خصوصی طور پر کورونا کی وبا کے بعد شادی شدہ جوڑوں کی زندگی میں آنے والے مسائل پر بنائی گئی ہے۔

ویب سیریز کو جلد ہی کنول احمد نیٹ ورک کے یوٹیوب چینل پر جاری کردیا جائے گا۔

کنول احمد نے سول سسٹرز نامی فیس بک سے شہرت حاصل کرنے کے بعد کچھ عرصہ قبل ڈیجیٹل شو بھی شروع کیا تھا اور اب انہوں نے اپنا ڈیجیٹل نیٹ ورک بھی متعارف کرادیا،جس کے تحت ویب سیریز اور دستاویزی فلمیں بھی ریلیز کی جائیں گی۔