• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی میں کورونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' کے 65 نئے کیسز کی تشخیص

شائع July 15, 2021
کراچی میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کا شکار افراد کی تعداد 100 ہو گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کا شکار افراد کی تعداد 100 ہو گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے مزید 65 کیسز کی تشخیص ہوگئی ہے جس کے بعد شہر میں وائرس کی اس قسم کے شکار افراد کی تعداد 100 ہو گئی ہے۔

جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف ویرولوجی (این آئی وی) نے 12 اور 13 جولائی کو حکومت سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے بھیجے گئے 2 ہزار 62 نمونوں کے ٹیسٹ کیے، جن میں سے 163 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے اور ان مثبت کیسز میں سے منتخب کیے گئے 95 نتائج میں سے 69فیصد یعنی 65 کیسز وائرس کی قسم ڈیلٹا کے تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں کورونا وائرس کی 'ڈیلٹا' قسم کے 35 کیسز کی تصدیق

جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے نتائج کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وائرس کی قسم ڈیلٹا کے 65 کیسز کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ میں پائے جانے والے وائرس بیٹا کے بھی دو کیسز منظر عام پر آئے ہیں، دو کیسز وائلڈ قسم کے ہیں جبکہ 25 کیسز نامعلوم قسم کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ 25 کیسز بھی ڈیلٹا پلس قسم یا کسی نئی طرز کے ہو سکتے ہیں، صوبہ سندھ میں وائرس کی قسم ڈیلٹا کی پہلے ہی تصدیق ہو چکی ہے اور حال ہی میں ان کیسز کے تیزی سے مقامی سطح پر پھیلاؤ دیکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ پچھلے تجزیے میں 25 جون سے 9 جولائی کے درمیان جمع کیے گئے نمونوں میں سے 15 فیصد ڈیلٹا کے تھے اور اس قسم کے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ویرولوجی میں محققین شہر میں وائرس کی اس قسم کے پھیلاؤ کی مستقل نگرانی کررہے ہیں جہاں اس طرز کا پھیلاؤ انتہائی تشویش ناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کورونا کی چوتھی لہر سامنے ہے‘، عیدالاضحیٰ پر پابندیوں کا عندیہ

اس سے قبل صوبائی محکمہ صحت نے کراچی میں وائرس کی قسم ڈیلٹا کے 35 کیسز کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔

اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ جن لوگوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی ان میں سنگین اور شدید علامات پائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ نے بدھ سے صوبے بھر میں کورونا وائرس کی پابندیوں کا دوبارہ سے اطلاق کردیا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 17.11 فیصد ریکارڈ کیے جانے کے بعد اسکول بند اور ریسٹورنٹ کے اندر کھانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کووڈ-19 کے کیسز می تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملک میں 2 ہزار 545 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 28فیصد اضافے کا عندیہ دیتے ہیں جہاں بدھ کو وائرس کے ایک ہزار 980 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں وبا کے پھیلاؤ میں تیزی، 2 ہزار 545 نئے کیسز رپورٹ

یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں 29 مئی کے بعد کووڈ-19 کے ڈھائی ہزار کے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں، ملک میں 29 مئی کو 2 ہزار 697 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

واضح رہے کہ آج رپورٹ ہونے والے 2ہزار 545 کیسز میں سے 55.7فیصد یا ایک ہزار 420 کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024