• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مقبول ڈرامے ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں عاطف اسلم کاسٹ؟

شائع July 13, 2021
ابھی واضح نہیں ہے کہ سیکوئل پر کب تک کام شروع ہوگا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
ابھی واضح نہیں ہے کہ سیکوئل پر کب تک کام شروع ہوگا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

خبریں ہیں کہ ماضی کے مقبول پاکستانی ڈرامے ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں پہلی بار گلوکار عاطف اسلم اداکارہ ہانیہ عامر، کبریٰ خان اور احسن خان کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

’سنگ مر مر‘ کو 2016 میں ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا، جسے کہانی کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا تھا۔

ڈرامے کی کہانی پاکستان کے قبائلی علاقہ جات کے خاندان اور وہاں کی رسم و رواج کے گرد تھی، جس وجہ سے شائقین نے اسے بہت سراہا تھا۔

اب خبریں ہیں کہ ’سنگ مر مر‘ کی ٹیم ڈرامے کے سیکوئل سمیت اس کو ٹرائلوجی کی صورت میں بنائے گی اور سیکوئل میں ڈرامے کی پہلی کاسٹ کے ساتھ اس بار ہانیہ عامر، عاطف اسلم اور احسن خان کو مرکزی کرداروں میں شامل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم ایوارڈز کا میلہ سنگ مر مر کے نام

سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کے مطابق ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں عاطف اسلم اور احسن خان بھی شامل ہوں گے جب کہ فی میل کے مرکزی کردار کے لیے ہانیہ عامر کو بھی کاسٹ کیا جائے گا۔

اسی حوالے سے شوبز ویب سائٹ نے بتایا کہ خبریں ہیں کہ سیکوئل میں عاطف اسلم یا احسن خان میں سے کسی ایک کو مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا جائے گا جب کہ ہانیہ عامر کو لازمی طور پر نئے ڈرامے کا حصہ بنایا جائےگا۔

اگرچہ ابھی تک ’سنگ مر مر ‘ کی ٹیم نے ایسی افواہوں پر کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم توقع ہے کہ جلد ہی ڈرامے کی ٹیم سیکوئل کی کاسٹ کا اعلان کرے گی۔

’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل کی چہ مگوئیاں گزشتہ ماہ جون میں اس وقت شروع ہوئی تھیں جب کہ ڈرامے کے ڈائریکٹرسیفی حسن نے عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی سیکوئل پر کام شروع کریں گے۔

سیفی حسن نے بتایا تھا کہ ’سنگ مر مر‘ کو ٹرائلوجی کی صورت میں بنایا جائے گا، جس کے دوسرے حصے ’سنگ محل‘ پر جلد ہی کام شروع کیا جائے گا جب کہ ڈرامے کا تیسرا اور آخری حصہ ’سنگ سیاہ‘ کے نام سے بنایا جائے گا۔

سیفی حسن نے تصدیق کی تھی کہ سیکوئل میں بھی پہلے ڈرامے کی کاسٹ کو رکھا جائے گا، تاہم نئے ڈرامے کی کہانی پہلے سے مختلف ہوگی اور کچھ کردار بھی نئے شامل کیے جائیں گے۔

سیفی حسن کے مطابق سیکوئل ڈرامے ’سنگ محل‘ کی کہانی بھی قبائلی علاقوں کے پٹھان خاندان کے گرد گھومے گی، تاہم وہ پہلے ڈرامے سے مختلف ہوگی۔

خیال رہے کہ ’سنگ مر مر‘ کی کاسٹ میں نعمان اعجاز، ثانیہ سعید، میکال ذوالفقار اور کبریٰ خان سمیت دیگر اداکار شامل تھے اور ڈرامے نے متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کیے تھے۔

اب خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں سال کے اختتام یا پھر آئندہ سال کے آغاز تک ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل کو نشر کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

سنگ مر مر کو 2016 میں نشر کیا گیا تھا—پرومو فوٹو
سنگ مر مر کو 2016 میں نشر کیا گیا تھا—پرومو فوٹو

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024