شوبز کی دنیا میں آئے روز نئی کہانیاں، چہ مگوئیاں اور خبریں سامنے آتی رہتی ہیں، گزشتہ ہفتے بھی لولی وڈ، بولی وڈ اور ہولی وڈ میں کئی ایسی خبریں آئیں جن سے فلمی شائقین بے خبر رہے۔
گزشتہ ہفتے کی سب سے اہم خبروں میں بولی وڈ اداکارہ تاپسی پنو کا شادی سے متعلق دیا جانے والا بیان تھا، جس میں انہوں نے والدین کی اہمیت پر کھل کر بات کی۔
تاپسی کی شادی
اپنی فلم ’حسین دلربا‘ کی ریلیز کے موقع پر ایک انٹرویو میں تاپسی پنو نے کہا کہ ان کے والدین چاہتے ہیں کہ وہ جلد سے جلد رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں، کیوں کہ انہیں یہ بھی ڈر لگا رہتا ہے کہ کہیں ان کی بیٹی کنواری نہ رہ جائے۔
تاپسی پنو کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابھی شادی کا فیصلہ نہیں کیا لیکن وہ بھی جب بھی شادی کریں گی تو اس میں والدین کی رضامندی شامل ہوگی اور وہ ان کی رائے کے خلاف قدم نہیں اٹھائیں گی۔
تاپسی پنو کے اس وقت تعلقات سابق بیڈمنٹن کھلاڑی اور کوچ متھیاس بوئے سے ہیں اور چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ ان ہی سے شادی کریں گی۔
مارلن مینسن کی گرفتاری
ہولی وڈ اداکار گلوکار، نغمہ نگار، آرٹسٹ، میوزک پروڈیوسر اور لکھاری 52 سالہ برین ہف وارنر المعروف مارلن مینسن نے خود پر لگے پرانے الزام کے تحت گزشتہ ہفتے 2 جولائی کو لاس اینجلس پولیس کو گرفتاری پیش کی۔
مارلن مینسن نے ایک فوٹوگرافر کی جانب سے 2019 میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے دائر کیے گئے مقدمے میں گرفتاری پیش کی تھی، ان کی گرفتاری کے لیے 2 سال قبل وارنٹ جاری ہوئے تھے مگر انہوں نے کچھ عرصہ قبل پولیس سے معاہدہ کیا تھا کہ ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے نہ مارے جائیں، وہ خود تھانے پیش ہوں گے۔
اے پی کے مطابق مارلن مینسن نے 2 جولائی کو خود کو پولیس کےحوالے کیا تھا اور پولیس نے انہیں اس وقت ہی عدالتی ضمانت کے بغیر ہی رہا کردیا، اب ان پر مذکورہ معاملے پر کیس چلے گا اور پولیس ان کی گرفتاری سے متعلق عدالت میں رپورٹ پیش کرے گی، اگر ان پر جرم ثابت ہوا تو انہیں ایک سال تک قید اور 2 ہزار ڈالر جرمانہ ہوگا۔
منشا پاشا کا نام تبدیل نہ کرنے کا سبب
رواں برس اپریل میں سماجی رہنما جبران ناصر سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ منشا پاشا سے حال ہی میں ایک مداح نے انسٹاگرام پر سوال کیا کہ انہوں نے شادی کے بعد اپنا نام تبدیل کیوں نہیں کیا،؟ جس پر اداکارہ نے بتایا کہ ایسا کرنے کا حکم اسلام میں نہیں ہے۔
اداکارہ نے اسی حوالے سے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ اگرچہ وہ بہترین شخصیت اور بہترین مسلمان نہیں ہیں، تاہم وہ کوشش کرتی ہیں کہ اسلامی تعلیمات پر عمل کریں اور یہ کہ اسلامی تعلیمات میں کہیں یہ نہیں لکھا کہ شادی کے بعد لڑکی کو اپنا نام لازمی تبدیل کرنا ہوگا۔
سخت لاک ڈاؤن میں سمندر کی سیر
گزشتہ ہفتے آسٹریلیا میں اداکارہ نتالی پورٹمین اور اداکار بیرون کوہن کی کورونا کے لاک ڈاؤن کے دوران سڈنی ہاربر برج کے قریب سمندر کی سیر کرنے کی تصاویر و ویڈیوز وائرل ہونے پر تنازع ہوا تھا۔
دونوں اداکاروں پر الزام تھا کہ انہوں نے کورونا لاک ڈاؤن کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سمندر کی سیر کی، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
تاہم بعد ازاں پولیس نے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ انہوں نے ایس پی اوز کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی اور انہوں نے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے سمندر کی سیر کی تھی۔
احسن خان کا عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش
نامور اداکار احسن خان نے بھی دیگر اداکاروں اور سیاسی و سماجی شخصیات کی طرح معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو ان کی پانچویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی شان میں شاعری پڑھی۔
احسن خان کے علاوہ شہزاد رائے اور دیگر اداکاراؤں نے بھی عبدالستار ایدھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا تھا، وہ 8 جولائی 2016 کو 88 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئے تھے۔
دلیپ کمار پر تنقید کرنے والے کو ارمیلا کا جواب
گزشتہ ہفتے لیجنڈری بولی وڈ اداکار محمد یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس پر پوری دنیا کے لوگوں نےانہیں خراج عقیدت پیش کیا، تاہم بعض انتہا پسند ہندووں نے ان پر تنقید بھی کی۔
دلیپ کمار کی جانب سے اپنا نام تبدیل کیے جانے کے معاملے پر بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ایک رہنما نے لیجنڈری اداکار پر الزام لگایا کہ انہوں نے پیسے کمانے کے لیے اپنا نام محمد یوسف خان سے دلیپ کمار کیا۔
بی جے پی رہنما کی ایسی ٹوئٹ پر جہاں عام لوگوں نے ان پر تنقید کی، وہیں اداکارہ ارمیلا مٹونڈکر نے بھی انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے مختصر طور پر ان کے لیے لکھا کہ انہیں شرم آنی چاہیے۔
عاطف اسلم کا اہلیہ سے شکوہ
نامور گلوکار عاطف اسلم نے گزشتہ ہفتے اہلیہ سارہ بھوانا سے شکوہ کرتے ہوئے ان کے لیے مختصر پوسٹ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور لوگوں نے اس پر طرح طرح کے کمنٹس کیے۔
عاطف اسلم نے انسٹاگرام پر اہلیہ کی تصویر پر کمنٹ کیا کہ یہ لڑکی ان کا پورا کریڈٹ کارڈ اپنے میک اپ پر خرچ کردیتی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اہلیہ سے محبت کا اظہار بھی کیا، جس پر مداحوں نے بھی ان کی تعریفیں کیں۔
بولی وڈ بیبو کے دوران حمل کے احساسات پر کتاب
رواں برس فروری میں دوسرے بیٹے کو جنم دینے والی اداکارہ کرینہ کپور نے حال ہی میں اپنے حمل اور شادی کے تجربات اور احساسات پر مبنی کتاب فروخت کے لیے پیش کی، جس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
کرینہ کپور نے اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں بتایا کہ ان کی جانب سے لکھی گئی کتاب میں جہاں ان کے دوران حمل کے جذبات اور تجربات کو شامل کیا گیا ہے، وہیں ماہر ڈاکٹرز کے مشورے بھی دیے گئے ہیں اور انہوں نے خواتین کو کئی مفید مشورے بھی دیے ہیں۔
صبا قمر اور عمران عباس کو رشتے داری کا مشورہ
گزشتہ ہفتے اداکارہ صبا قمر اور عمران عباس کی انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں اداکارہ کو سرخ رنگ کے عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا تھا۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو میں عمران عباس کو بھارتی گانے ’اب نام محبت کے الزام تو آیا ہے‘ کو گنگناتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
!مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے دونوں کی جوڑی کو خوب سراہا اور ساتھ ہی انہیں مشورہ دے ڈالا کو وہ اپنی دوستی کو رشتے داری میں بدل دیں۔
سنگیتا بجلانی کی محبت
بولی وڈ کی ماضی کی خوبرو اداکارہ اور سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کی سابق اہلیہ 61 سالہ سنگیتا بجلانی نے حال ہی میں خواہش ظاہر کی کہ وہ ویب سیریز میں کام کرنے کی خواہاں ہیں اور یہ کہ وہ جیسے جیسے عمر رسیدہ ہوتی جا رہی ہیں، ویسے ویسے وہ سمجھدار ہوتی جا رہی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سنگیتا بجلانی نے کہا کہ وہ اسکرین پر دوبارہ واپسی کا سوچ رہی ہیں جب کہ انہوں نے سلمان خان کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محبت اور تعلقات کبھی ختم نہیں ہوتے، زندگی میں لوگوں کا آنا اور جانا لگا رہتا ہے مگر آپ سے اسکول اور بچپن کے دوست نہیں بھلائے جاتے اور محبت کبھی ختم نہیں ہوتی‘۔
ماضی میں سنگیتا بجلانی اور سلمان خان کے ایک دہائی تک تعلقات رہے تھے اور دونوں کا تعلق شادی تک پہنچ گیا تھا مگر بعد ازاں اداکارہ نے 1996 میں کرکٹر محمد اظہرالدین سے شادی کی تھی مگر دونوں کے درمیان 2010 میں طلاق ہوگئی تھی۔