• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل انگلینڈ کے 3 کرکٹرز، عملے کے 4 اراکین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

شائع July 6, 2021
فوٹو بشکریہ دی گارجین
فوٹو بشکریہ دی گارجین

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق تین کھلاڑیوں اور عملے کے 4 اراکین کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ برسٹل میں پی سی آر ٹیسٹ کرانے والے ون ڈے کے تین کھلاڑیوں اور انتظامی ٹیم کے چار ممبران نے کورونا وائرس کا مثبت تجربہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’پبلک ہیلتھ انگلینڈ، پبلک ہیلتھ ویلز اور برسٹل لوکل ہیلتھ اتھارٹی کے اشتراک سے متاثرہ افراد 4 جولائی سے آئیسولیشن میں ہیں اور برطانوی حکومت کے قرنطینہ پروٹوکول پر عمل پیرا ہیں‘۔

مزید پڑھیں: کورونا کے خوف سے آسٹریلوی کھلاڑی آئی پی ایل چھوڑ کر وطن واپس لوٹنے لگے

ای سی بی کے بیان میں کہا گیا کہ ٹیم کے دیگر ممبران کو قریبی رابطے کی وجہ سے قرنچینہ میں رہیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ای سی بی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز آگے بڑھے گی، بین اسٹوکس انگلینڈ واپس آئیں گے اور ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے، ٹیم کا نام آئندہ چند گھنٹوں میں سامنے آجائے گا‘۔

بیان میں کہا گیا کہ آنے والا اسکواڈ اور سپورٹ ٹیم کے اراکین کیمپ میں محفوظ داخلے کو یقینی بنانے کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور برجنگ پروٹوکول پر عمل کریں گے۔

اس پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے ای سی بی کے سربراہ ٹام ہیریسن نے کہا کہ بورڈ کو کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے پھیلاؤ کا علم تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا لاک ڈاؤن: قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش ملتوی

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے پروٹوکول کو اپنانے کی کوشش میں ایک حکمت عملی کا انتخاب کیا تاکہ ہمارے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے عملے کی صحت بہتر رہے جنہوں نے گزشتہ 14 مہینوں کا بیشتر حصہ انتہائی پابندیوں میں گزارا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ایک نیا اسکواڈ پیش کرنے کے لیے تیز رفتاری سے کام کیا ہے اور ہم بین اسٹوکس کے مشکور ہیں جو کپتان کی ذمہ داری پر واپس آئیں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اس خبر کے ہماری فرسٹ کلاس کاؤنٹیز اور ان میں شامل کھلاڑیوں پر پڑنے والے اثرات کا علم رکھتے ہیں اور اس وبا سے نمٹنے میں ان کے اور ہمارے شراکت دار اسکائی اور رائل لندن کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں'۔

واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کی قومی ٹیم, انگلینڈ کے دورے کی تیاری کر رہی ہے جس کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور تین ہی ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

پہلا ون ڈے 8 جولائی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا، دیگر میچز 10 جولائی کو لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم اور 13 جولائی کو ایجبسٹن میں کھیلے جائیں گے۔

انگلینڈ نے نئے اسکواڈ کا اعلان کردیا

بعد ازاں ای سی بی نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچز کے لیے ایک نئے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ’بین اسٹوکس ٹیم کی کپتانی کے لیے ٹیم میں واپس آئیں ہیں اور کرس سلور ووڈ ہیڈ کوچ کے عہدے پر واپس آئے ہیں جبکہ 9 نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔

انگلینڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے گِلز نے کہا کہ ’یہ سب سے بڑے اسٹیج پر کھیلنے کا ایک بہت اچھا موقع ہے اور بیشتر کھلاڑیوں کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ وہ 24 گھنٹے پہلے ایسی توقع کررہے ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ کھلاڑیوں کا ایک دلچسپ گروپ ہے جس میں چند نوجوان کھلاڑی ہیں جو طویل عرصے سے ڈومیسٹک کرکٹ میں متاثر کن پرفارمنس دیتے رہے ہیں‘۔

ایشلے گِلز نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے پورے اسکواڈ اور انتظامی ٹیم کو تبدیل کرکے ’بے مثال کام‘ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں اس موقع پر پر ای سی بی کی طرف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو معاملے کو سمجھنے اور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں‘۔

انگلینڈ کے ون ڈے اسکواڈ میں بین اسٹوکس (کپتان)، جیک بال، ڈینی برِگز، برائیڈن کارسے، زیک کرولے، بین ڈوکیٹ، لیوس گریگوری، ٹام ہیلم، ول جیکس، ڈین لارنس، ثاقب محمود، ڈیوڈ ملان، کریگ اوورٹن، میٹ پارکنسن، ڈیوڈ پینے، فِل سالٹ، جان سمپسن اور جیمز ونس شامل ہیں۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں، پی سی بی

ادھر پی سی بی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ کیمپ میں کورونا کیسز مثبت آنے کی خبر ملنے کے بعد سے پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پی سی بی، ای سی بی کے میڈیکل پینل کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے اور اپنے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے لیے کیے جانے والے پروٹوکولز پر مطمئن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اس سلسلے میں انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی مینیجمنٹ کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں ہوٹل اور اسٹیڈیم میں مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024