پاک فوج کے زیر انتظام فلم فیسٹیول میں 26 فلموں کے لیے ایوارڈز
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے منعقد کیے جانے والے پہلے ’نیشنل امیچوئر شارٹ فلم فیسٹیول‘ (این اے ایس ایف ایف) (نساف) میں 26 فلموں کو ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نساف کی پہلی تقریب 26 جون کو ہونے والی تقریب میں 6 مختلف کیٹیگریز کی فلموں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پہلے فلم فیسٹیول کی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت متعدد وفاقی وزرا، سیاستدانوں اور شوبز شخصیات نے شرکت کی۔
ایوارڈ تقریب کی میزبانی کے فرائض ماہرہ خان اور احسن خان نے ادا کیے جب کہ تقریب میں ان تمام فلم سازوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جنہوں نے ایوارڈز کے لیے اپنی فلمیں بھجوائی تھیں۔
نساف کے مطابق پہلے ایوارڈ کے لیے پاکستان کی 72 یونیورسٹیز کے طلبہ نے اپنی مختصر فلمیں اور دستاویزی فلمیں جمع کروائی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا نوجوان فلم سازوں کے لیے ایوارڈز کا اعلان
نساف کے مطابق ایوارڈز کے لیے منتظمین کو مجموعی طور پر ایوارڈز کے لیے 300 فلمیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 55 کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔
شارٹ لسٹ کی جانے والی تمام فلموں کی ٹیموں کو ایوارڈز تقریب میں مدعو کیا گیا تھا تاہم ان میں سے صرف 26 فلموں کو ایوارڈز دیے گئے۔
ایوارڈز کے لیے فلمیں بھجوانے والی ٹیموں نے ’پاکستان کے رنگ، وادی سندھ کی تہذیب، پاکستانی ثقافت، چھوٹی صنعتوں کا کاروبار میں کردار، پاکستان میں فلاحی کام اور زراعت کا ملکی ترقی میں کردار‘ کی کیٹیگریز کے لیے فلمیں بھجوائی تھیں۔
مزید پڑھیں: ملک کے 'سافٹ امیج' کو بہتر کرنے کیلئے پاکستانیت کو فروغ دینا ہو گا، وزیراعظم
ایوارڈز تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، وزیر اطلاعات فواہد چوہدری، ڈی جی آئی ایس پی آر اور دیگر شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج ابھارنے کے لیے فلموں کی اہمیت پر بات کی۔
ایوارڈز تقریب میں متعدد فلم ساز، اداکار و ماڈلز بھی شریک ہوئے تھے جب کہ یونیورسٹیز کے طلبہ، اساتذہ اور سیاستدانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
خیال رہے کہ آئی ایس پی آر نے پہلے نساف کا اعلان نومبر 2020 میں کیا تھا اور ایوارڈز میں فلمیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 10 مارچ 2021 تھی۔
مذکورہ فلم فیسٹیول میں نوجوان فلم سازوں کو ایوارڈز دیے جاتے ہیں اور اس میں اینیمیڈ فلموں اور دستاویزی فلموں کو بھی ایوارڈز کے لیے شارٹ لسٹ کیا جاتا ہے۔