• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

اداکار انور اقبال ہسپتال میں دورانِ علاج لی گئی تصویر وائرل ہونے پر برہم

شائع June 27, 2021
چند روز قبل مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر اداکار انور اقبال کی تصویر وائرل ہوئی تھی—فائل فوٹو : فیس بک
چند روز قبل مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر اداکار انور اقبال کی تصویر وائرل ہوئی تھی—فائل فوٹو : فیس بک

ناسازی طبیعت کے باعث ہسپتال میں داخل ہونے والے پاکستان کے سینئر اداکار انور اقبال بلوچ نے دورانِ علاج اجازت کے بغیر لی گئی تصویر وائرل ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

چند روز قبل مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر اداکار انور اقبال کی تصویر وائرل ہوئی تھی جن میں وہ ہسپتال کے بستر پر موجود ہیں۔

سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اداکار شدید علیل ہیں اور ان کے اہلخانہ نے مداحوں سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

جس کے بعد گزشتہ روز انور اقبال بلوچ کے نام سے منسوب فیس بک آئی ڈی سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں ان کی تصویر وائرل ہونے پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔

اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار انور اقبال گزشتہ کئی ماہ سے بیمار ہیں اور کراچی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

انور اقبال بلوچ نے دورانِ علاج لی گئی تصویر وائرل ہونے والے کے حوالے سے ایک فیس بک پوسٹ میں اس پر برہمی کا اظہار کیا۔

فیس بک پوسٹ میں کہا گیا کہ 'میں اپنے تمام مداحوں، دوستوں اور میڈیا کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میری صحت سے متعلق تشویش ظاہر کی لیکن کچھ لوگوں نے مجھے بہت زیادہ مایوس کیا'۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ' انہوں نے ہسپتال میں میری مرضی کے بغیر میری تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر وائرل کیں، جس سے میری اور میرے خاندان کی پرائیویسی متاثر ہوئی'۔

انور اقبال نے لکھا کہ اس غیر ذمہ دارانہ صحافت کی وجہ سے میرے خاندان والے اور مداح بہت زیادہ پریشان ہوئے۔

مزید کہا گیا کہ 'میں کچھ عرصے سے بہت زیادہ بیمار ہوں اور کراچی کے بہترین ڈاکٹروں کے زیرنگرانی میرا بہترین علاج ہورہا ہے، میرے خاندان والے اور دوست میرے ساتھ ہیں'۔

انور اقبال نے مزید کہا کہ 'میں میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ میری پرائیویس اور میرے اہلخانہ اور مداحوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں'۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ میں اپنے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے اور میری صحتیابی کے لیے دعا کرنے والوں کا مشکور ہوں۔

دوسری جانب رپورٹ میں کہا گیا کہ انڈپیندنٹ اردو نے انور اقبال سے بات کرنے کے لیے ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا تاہم بتایا گیا کہ وہ زیر علاج ہیں اور فی الحال بات نہیں کرسکتے۔

خیال رہے کہ انور اقبال نے اردو اور سندھی زبان کے کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔

انہوں نے اپنی اداکاری سے ڈراما انڈسٹری میں نام بنایا جبکہ ڈراما سیریل 'شمع' نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔

ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں ماضی میں لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل اور فنکاروں کی جانب سے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اداکاری کے علاوہ انور اقبال ایک استاد بھی رہے وہ ایک نجی اسکول میں بچوں کو تعلیم دیتے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024