• KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:24am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 4:59am Sunrise 6:22am
  • ISB: Fajr 5:06am Sunrise 6:31am

اندرا گاندھی پر مجھ سے بہتر کوئی اور فلم نہیں بنا سکتا، کنگنا رناوٹ

شائع June 26, 2021
ممکنہ طور پر کنگنا رناوٹ ہی اندرا گاندھی کا کردار اد اکریں گی—فائل فوٹو: فیس بک
ممکنہ طور پر کنگنا رناوٹ ہی اندرا گاندھی کا کردار اد اکریں گی—فائل فوٹو: فیس بک

بولی وڈ پنگا کوئین کنگنا رناوٹ نے کہا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ بھارت کی سابق اور پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی پر ان سے بہتر انداز میں اور کوئی بھی فلم نہیں بنا سکتا۔

کنگنا رناوٹ نے تمام بولی وڈ فلم سازوں سے خود کو بہتر ہدایت کار قرار دیتے ہوئے اندرا گاندھی کی جانب سے 1975 میں نافذ کی گئی ایمرجنسی پر فلم بنانے کا اعلان بھی کردیا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق کنگنا رناوٹ نے سوشل ویب سائٹ ’کو‘ پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ اندرا گاندھی کی جانب سے ملک میں نافذ کی گئی ’ایمرجنسی‘ کے تناظر پر فلم بنائیں گی۔

اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے کافی عرصے تک سوچ ویچار کرنے کے بعد مذکورہ فلم کی ہدایات دینے کا فیصلہ کیا، کیوں کہ انہیں احساس ہوگیا کہ مذکورہ معاملے پر ان سے بہتر انداز میں اور کوئی فلم نہیں بنا سکتا۔

مذکورہ فلم اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی نہیں ہوگی—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر
مذکورہ فلم اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی نہیں ہوگی—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر

ساتھ ہی اداکارہ نے بتایا کہ ان کی فلم کی کہانی رتیش شاہ لکھیں گے، تاہم انہوں نے کاسٹ اور دیگر ٹیم کا اعلان نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ اپنی آنے والی فلم میں اندرا گاندھی کا کردار ادا کریں گی

خیال کیا جا رہا ہے کہ کنگنا رناوٹ خود ہی اندرا گاندھی کا کردار ادا کریں گی، کیوں کہ رواں برس جنوری میں ہی انہوں نے تصدیق کی کہ تھی کہ آنے والی فلم میں سابق خاتون وزیر اعظم کا کردار ادا کریں گی۔

جنوری میں کنگنا رناوٹ نے کہا تھا کہ مذکورہ فلم اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی نہیں ہوگی لیکن اس میں بھارتی سیاسی تاریخ بشمول آپریشن بلیو اسٹار اور ایمرجنسی جیسے اہم واقعات شامل ہوں گے۔

اندرا گاندھی جو کہ بھارت کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں انہوں نے اپنے دور وزارت عظمیٰ کے دوران 1975 میں بھارت میں شدت پسندی کے باعث ایمرجنسی نافذ کی تھی جو 1977 تک جاری رہی تھی۔

ان کی جانب سے ’ایمرجنسی‘ نافذ کیے جانے کے معاملے پر پہلے بھی چند بولی وڈ فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔

مذکورہ فلم کے علاوہ جلد ہی کنگنا رناوٹ کی ایک اور فلم ’تھالوی‘ سامنے آئے گی، جس میں وہ بھارتی سیاستدان جے للیتا کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

اندرا گاندھی کی ایمرجنسی پر بنائی جانے والی فلم سے قبل کنگنا رناوٹ نے ’منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ کی ہدایات بھی دی تھیں۔

بطور ہدایت کارہ ان کی ایک ہی فلم ریلیز ہوچکی ہے جب کہ انہوں نے بعض فلموں کو پروڈیوس بھی کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024