• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

متعدد مرتبہ کام کے بدلے نامناسب مطالبات کیے گئے، منیشا لامبا

شائع June 24, 2021
غلط مطالبے کی بات پر فلم سازوں کو کہتی میں بات سمجھ نہیں پائی، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
غلط مطالبے کی بات پر فلم سازوں کو کہتی میں بات سمجھ نہیں پائی، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

متنازع بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ سمیت دیگر ریئلٹی شوز، ڈراموں اور بولی وڈ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ منیشا لامبا نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں کام کے بدلے ان سے متعدد مرتبہ نامناسب مطالبات کیے گئے۔

منیشا لامبا نے 2005 میں فلمی کیریئر کا آغاز ’یہاں‘ سے کیا تھا، انہوں نے 2 درجن کے قریب فلموں میں کام کیا ہے۔

منیشا لامبا کی مشہور فلموں میں ‘کارپوریٹ، اینتھونی کون ہے؟، بچنا اے حسینو، انامیکا، بھیجا فرائی ٹو، ویلڈن ابا، ہم تم شبانہ، ضلع غازی آباد اور بھومی‘ شامل ہیں۔

انہوں نے 2014 میں ’بگ باس‘میں بھی شرکت کی تھی جب کہ انہوں نے متعدد بھارتی ڈراموں میں بھی کام کیا ہے، جلد ہی وہ ہندی فلم ’قطب مینار‘ میں دکھائی دیں گی۔

منیشا لامبا کو ان کی اداکاری کے بجائے ان کے بولڈ بیانات اور تنازعات کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہے، حال ہی میں انہوں نے ایک بھارتی ایف ایم ریڈیو کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے شوبز کے حوالے سے کئی انکشافات کیے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق منیشا لامبا نے ریڈیو انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ انہیں متعدد مرتبہ کام کے بدلے جنسی تعلقات جیسے مطالبات کا سامنا کرنا پڑا لیکن اپنی ذہانت کی وجہ سے وہ ہر مرتبہ بچ گئیں۔

منیشا لامبا نے بتایا کہ انہیں فلم ساز اور اداکار کسی بھی فلم میں کاسٹ کرنے سے قبل انہیں رات کو کھانے پر بلاتے اور کہتے کہ فی الحال فلم کی کہانی اور کاسٹ مکمل نہیں ہوئی مگر ساتھ ہی ان سے کہا جاتا کہ وہ رات کو ان کی رہائش گاہ پر آئیں تو فلم پر بات کریں۔

اداکارہ کے مطابق انہیں جب بھی کوئی فلم ساز یا اداکار فلم پر بات کرنے کے حوالے سے رات کو گھر آنے کا کہتا تو وہ انکار کردیتیں اور ان سے بات کرنے کے لیے ان کے دفتر پہنچ جاتیں۔

کیریئر کے آغاز میں ہی عہد کیا تھا کہ شوبز کے کسی مرد سے تعلقات نہیں رکھوں گی، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
کیریئر کے آغاز میں ہی عہد کیا تھا کہ شوبز کے کسی مرد سے تعلقات نہیں رکھوں گی، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

منیشا لامبا کے مطابق دفتر میں باتوں کے دوران بھی فلم ساز اور اداکار ان سے نامناسب کام کا مطالبہ کرتے اور اس وقت وہ ایسا تاثر دینے کی کوشش کرتیں کہ انہیں کوئی بات سمجھ نہیں آ رہی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کام کے بدلے نامناسب مطالبات کرنے والے افراد کے سامنے خود کو بے وقوف بنا کر پیش کرکے اپنا تحفظ کیا۔

اگرچہ اداکارہ نے کام کے بدلے نامناسب تعلقات کی پیش کش کے دعوے کیے لیکن انہوں نے کسی بھی ہدایت کار یا اداکار کا نام نہیں لیا اور نہ ہی بتایا کہ ان سے کس فلم میں کام کے بدلے غلط کام کا مطالبہ کیا گیا تھا؟

اسی طرح منیشا لامبا نے مزید بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں ان کے ایک نامور اداکار سے تعلقات استوار ہوگئے تھے مگر انہوں نے ان کے ساتھ دھوکا کیا، جس کے بعد انہوں نے شوبز کے کسی بھی شخص سے تعلقات نہ رکھنے کا عزم کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ شوبز انڈسٹری کے مرد حضرات کے حوالے سے وہ مزید کچھ بھی نہیں کہنا چاہتیں، کیوں کہ دیگر بہت سارے لوگوں کے اداکاروں و ہدایت کاروں سے تعلقات ہیں اور ان کی اُمیدیں بھی وابستہ ہیں۔

منیشا لامبا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ تعلقات کو خفیہ رکھنے پر یقین رکھتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایک سال سے اپنے بوائے فرینڈ کے حوالے سے کسی کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ سال سے ایک شخص سے تعلقات میں ہیں مگر وہ ان سے متعلق کسی کو معلومات فراہم نہیں کرنا چاہتیں۔

خیال رہے کہ منیشا لامبا نے گزشتہ برس جون میں ہی شوہر ریان تھام (Ryan Tham) سے طلاق لی تھی، انہوں نے 2015 میں شادی کی تھی۔

طلاق کے محض کچھ وقت بعد ہی منیشا لامبا کے تعلقات کی خبریں سامنے آئی تھیں اور اب خود اداکارہ نے بھی حالیہ انٹرویو میں اعتراف کیا کہ ان کے گزشتہ برس سے ہی ایک شخص سے تعلقات ہیں لیکن انہوں نے ان کا نام نہیں بتایا۔

منیشا لامبا نے گزشتہ برس جون میں طلاق لی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
منیشا لامبا نے گزشتہ برس جون میں طلاق لی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024