• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہراسانی کیس: شکایت پر کارروائی نہ کرنے والے ایف آئی اے اہلکاروں کی معطلی کا حکم

شائع June 22, 2021
وزیراعظم نے ڈی جی ایف آئی اے کو کارروائی کا حکم دے دیا-فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
وزیراعظم نے ڈی جی ایف آئی اے کو کارروائی کا حکم دے دیا-فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر خاتون کی ہراسانی کی شکایت کے باوجود وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسران کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو معطل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم ہاؤس سے ایف آئی اے کو جاری خط کی کاپی ڈان ڈاٹ کام کو موصول ہوئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خاتون نے دسمبر 2019 سے جون 2021 تک کم از کم 5 مرتبہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کروائی لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا سٹیزن پورٹل پر شکایات کے حل میں تاخیر کا نوٹس

خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے معاملے کا نوٹس لیا ہے اور اظہار ناراضی کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کو شفاف انکوائری کی غرض سے متعلقہ افسران کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم آفس کا کہنا تھا کہ خاتون نے ہراسانی کے باعث یونیورسٹی سے نوکری چھوڑ کر ایف آئی اے سے رجوع کیا، ایف آئی اے افسران کے عدم تعاون کی وجہ سے خاتون نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش بھی کی۔

خط میں کہا گیا کہ خاتون نے16 دسمبر 2019 سے 13 جون 2021 تک ایف آئی اے میں شکایت کی، جس کو مسلسل نظرانداز کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق دو بار شکایت ری اوپن ہونے کے باوجود ایف آئی اے نے اپنی ذمہ داری کی ادائیگی میں کوتاہی برتی اور خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ ایف آئی اے کے خلاف شکایت لے کر وزیراعظم آفس پہنچ گئی۔

ایف آئی اے کو بتایا گیا ہے کہ خاتون کی درخواست پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعظم نے حکم دیا کہ معاملے کی اعلی سطح پر تحقیقات کروا کر متعلقہ افسران کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے اور خاتون کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایت کنندگان میں طلبا اور تاجروں کی تعداد سب سے زیادہ

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہری کی شکایت پر غفلت برتنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیراعظم نے سیٹیزن پورٹل پر درج شکایات کو غیر سنجیدہ لینے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو 20 جولائی 2021 کو پیش کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024