• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

آصف زرداری ذہین شخص، عمران خان مضبوط حکمران ہیں، شہریار منور

شائع June 22, 2021
ماہرہ خان سے اچھی دوستی ہے، شہریار منور—اسکرین شاٹ
ماہرہ خان سے اچھی دوستی ہے، شہریار منور—اسکرین شاٹ

سیاست سے دور رہنے والے اداکار شہریار منور کا کہنا ہے کہ وہ سیاستدانوں اور سیاست پر کھل کر رائے نہیں دے سکتے لیکن ان کی نظر میں آصف علی زرداری تیز اور ذہین شخص ہیں جب کہ عمران خان مضبوط حکمران ہیں۔

جیو نیوز کے شو ’جشن کرکٹ‘ میں بات کرتے ہوئے شہریار منور نے سیاستدانوں پر تنقید کرنے سے گریز کیا جب کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز شریف سے بھی کسی ایک کو ووٹ دینے سے اجتناب کیا۔

پروگرام میں جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں ایک دن کے لیے ملک کا وزیر اعظم بنایا جائے تو وہ پہلے تین کام کیا کریں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ وہ سب سے پہلے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔

شہریار منور نے مزید وضاحت کی کہ پاکستان جیسے ملک میں وزارت عظمیٰ پر رہتے ہوئے ذمہ داریاں نبھانا آسان نہیں۔

انہوں نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کو مشکل ترین قرار دیا اور کہا کہ یہ سیاستدانوں کا ہی کام ہے، ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ وہ مذکورہ عہدے پر رہتے ہوئے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ کچھ وقت قبل جب ان کا روڈ ایکسیڈنٹ ہوا تھا تو وہ سرجری کے لیے لندن گئے تھے اور ان سے شعیب اختر روز فون پر باتیں کرکے ان کی ہمت بڑھاتے تھے۔

اداکار نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی آل راؤنڈر عبدالرزاق اور شعیب اختر کے فین تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے گریجویشن کے بعد اپنی بہن سے صرف ایک سال کے لیے شوبز میں کام کرنے کی اجازت مانگی تھی مگر وہ ہمیشہ کے لیے یہیں کہ ہو کر رہ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: شہریار منور کا حادثے کے بعد سرجری کرانے کا انکشاف

شہریار منور کے مطابق شروع میں ہی بشریٰ انصاری نے انہیں بتایا دیا تھا کہ اگر وہ شوبز میں رہے تو واپس نہیں جا سکیں گے اور ان کی بات سچ ثابت ہوئی۔

شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ درست بات ہے کہ ان کی پھوپھو سلطانہ صدیقی انڈسٹری کا حصہ ہیں مگر انہوں نے آج تک اپنی پھوپھو کے چینل کے کسی ڈرامے میں کام نہیں کیا۔

سیاست پر محتاط انداز میں بات کرتے ہوئے شہریار منور نے آصف علی زرداری کے حوالے سے کہا کہ وہ تیز اور ذہین آدمی ہیں، انہیں سب کو ایک ساتھ لے کر چلنے کا فن آتا ہے، اس لیے ہی وہ پہلے سیاستدان بنے تھے جنہوں نے ملک میں جمہوری طریقے سے 5 سال مکمل کیے تھے۔

شہریار منور نے عمران خان پر بات کرتے ہوئے انہیں مضبوط حکمران قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں ہر طرح کے مسائل کے حساب سے سیاست کرنا آتی ہے۔

نواز شریف سے متعلق انہوں نے زیادہ بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ ایک طرح سے انہوں نے سیاست میں حد سے زیادہ وقت گزارا ہے۔

بلاول بھٹو اور مریم نواز میں سے کون بہتر سیاستدان ہے کہ سوال پر بھی انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

شہریار منور نے پروگرام میں عمران خان کی جانب سے فلمی صنعت کے لیے اٹھائے جانے والے کچھ اقدامات کی تعریف کی اور ساتھ ہی اُمید کا اظہار کیا کہ وہ مزید بہتر اقدامات اٹھائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مایا علی اور ماہرہ خان میں سے بھی کسی کو بہترین اداکارہ قرار دینے سے گریز کیا لیکن ساتھ ہی کہا کہ ماہرہ خان سے ان کی اچھی اور زیادہ دوستی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024