• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

انڈر ٹیکر کا اکشے کمار کو حقیقی مقابلے کا چیلنج

شائع June 21, 2021
ریسلر کے چیلنج پر اکشے کمار گھبرا گئے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
ریسلر کے چیلنج پر اکشے کمار گھبرا گئے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے ریٹائرڈ 56 سالہ امریکی ریسلر مارک ولیم گلیوی المعروف انڈر ٹیکر نے بولی وڈ کھلاڑی 53 سالہ اکشے کمار کو حقیقت میں ریسلنگ لڑنے کی پیش کش کردی۔

انڈر ٹیکر نے تقریبا دو ہائیوں تک ریسلنگ رنگ میں حریفوں کو چت کیا اور ان کے جارحانہ انداز پر متعدد فلمیں بھی بنائی جا چکی ہیں۔

انڈر ٹیکر کے جارحانہ انداز کو اکشے کمار کی 25 سال قبل ریلیز ہونے والی ایکشن فلم ’کھلاڑیوں کے کھلاڑی‘ میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے اکشے کمار کی مذکورہ فلم کی ریلیز کو 25 سال مکمل ہونے پر بولی وڈ کھلاڑی نے فلم سے متعلق ایک حقیقت کو بیان کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کی فلم میں حقیقی انڈر ٹیکر کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر ٹیکر نے ریٹائرمنٹ پر خاموشی توڑ دی

اکشے کمار نے بتایا کہ’کھلاڑیوں کے کھلاڑی‘ میں ان کے اور انڈر ٹیکر کے درمیان ہونے والے ریسلنگ مقابلے میں حقیقی کھلاڑی نہیں بلکہ ریسلر برین لی تھے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کے ایک سین میں ان سے ریسلنگ کا مقابلہ کرنے والے انڈر ٹیکر کے نام پر بیرن لی لڑے تھے۔

اکشے کمار کی جانب سے مذکورہ پوسٹ انسٹاگرام سمیت ٹوئٹر اور فیس بک پر بھی شیئر کی گئی۔

بولی وڈ کھلاڑی کی جانب سے مذکورہ حقیقت کو شیئر کیے جانے کے فوری بعد ریٹائرڈ ریسلر انڈر ٹیکر نے ان کی انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے انہیں اب حقیقت میں لڑنے کا چیلنگ کر دیا۔

انڈر ٹیکر نے مختصر کمنٹ میں اکشے کمار سے پوچھا کہ وہ بتائیں کہ حقیقت میں وہ ان سے کب ریسلنگ میچ میں لڑیں گے؟

ریسلر کی جانب سے چیلنج کیے جانے کے بعد اکشے کمار نے انہیں مزاحیہ جواب دیا کہ وہ پہلے اپنی لائف انشورنس کو دیکھیں پھر انہیں جواب دیتے ہیں کہ کب حقیقت میں لڑنا ہے؟

انڈر ٹیکر نے اکشے کمار کو حقیقت میں لڑنے کا چیلنج کیا—اسکرین شاٹ
انڈر ٹیکر نے اکشے کمار کو حقیقت میں لڑنے کا چیلنج کیا—اسکرین شاٹ

اکشے کمار کی جانب سے مذکورہ انکشاف کیے جانے کے بعد کئی لوگوں نے دلچسپ کمنٹس کیے اور انہیں بھی ریسلر کی طرح قرار دیا۔

خیال رہے کہ ’کھلاڑیوں کے کھلاڑی‘ کو 14 جون 1996 میں ریلیز کیا گیا تھا، مذکورہ فلم میں ان کے ساتھ ریکھا، روینہ ٹنڈن اور گلشن گرور نے بھی کردار ادا کیے تھے۔

مذکورہ فلم کے ایک سین میں اکشے کمار کو انڈر ٹیکر سے ریسلنگ لڑتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جس میں اگرچہ بولی وڈ کھلاڑی کو کافی مار پڑتی ہے لیکن وہ ریسلر کو ہرا دیتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024