• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عائزہ خان اور سارہ خان کا علی رحمٰن کے ساتھ رومانوی ڈراما ’لاپتہ‘

شائع June 21, 2021
جلد ہی ڈرامے کو ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—پرومو فوٹو
جلد ہی ڈرامے کو ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—پرومو فوٹو

رومانوی اور منفرد کرداروں سے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنانے والی اداکارہ عائزہ خان اور سارہ خان جلد ہی علی رحمٰن اور گوہر رشید کے ہمراہ رومانوی ڈرامے ’لاپتہ‘ میں منفرد کردار میں دکھائی دیں گی۔

ہدایت کار خضر ادریس کے ڈرامے ’لاپتہ‘ کی کہانی بھی خود انہوں نے ہی لکھی ہے اور اسے مومنہ درید نے پروڈیوس کیا ہے۔

’لاپتہ‘ کو جلد ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا، جس کے مختصر ٹیزر بھی جاری کردیے گئے اور ٹیزر دیکھ کر ہی ڈراموں کے شائقین دیوانے ہوگئے۔

جاری کیے گئے ٹیزرس سے ڈرامے کی مکمل کہانی کو سمجھنا مشکل ہے لیکن اندازہ ہوتا ہے کہ ’لاپتہ‘ نہ صرف رومانس بلکہ مزاح اور تجسس سے بھی بھرپور ڈراما ہوگا۔

جاری کیے گئے ٹیزر میں عائزہ خان کو شوخ و چنچل لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے، جسے والدہ تعلیم پر توجہ دینے اور کم از کم میٹرک پاس کرنے کی تلقین کرتی دکھائی دیتی ہیں جب کہ وہ والدہ کو اپنی شادی کرنے کے مطالبے کرتے دکھائی دیتی ہیں۔

ڈرامے کے دوسرے ٹیزر میں علی رحمٰن اور سارہ خان کے درمیان رومانس کو دکھایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ ڈرامے میں ایک دوسرے کی محبت میں کھوجانے کے بعد ’لاپتہ‘ ہوجائیں گے۔

ڈرامے کے ٹیزر کو مداحوں نے کافی سراہا اور ساتھ ہی اداکاروں کی کیمسٹری کی بھی تعریف کی لیکن کچھ لوگوں نے سارہ خان کے ساتھ علی رحمٰن کو رومانوی انداز میں دکھانے پر ناراضی کا اظہار بھی کیا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ڈرامے کو کب تک ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا لیکن امکان ہے کہ اسے جلد ہی نشر کردیا جائے گا۔

اگرچہ ڈرامے کی مکمل کہانی سے متعلق تاحال ٹیم نے وضاحت نہیں کی لیکن خبریں ہیں کہ ڈرامے میں عائزہ خان ایک ٹک ٹاکر لڑکی ’گٹسی پرنسز‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

خیال رہے کہ اسی نام سے عائزہ خان نے حال ہی میں اپنا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بھی بنایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024