• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

’آئرن مین 2‘ میں میرے کردار کو بولڈ انداز میں دکھایا گیا، اسکارلٹ جانسن

شائع June 19, 2021
آئرن مین 2 میں میرے کردار کےجسمانی خدوخال پر زیادہ فوکس کیا گیا، اسکارلٹ جانسن—اسکرین شاٹ
آئرن مین 2 میں میرے کردار کےجسمانی خدوخال پر زیادہ فوکس کیا گیا، اسکارلٹ جانسن—اسکرین شاٹ

جلد ہی ریلیز ہونے والی مارول اسٹوڈیو کی سائنس فکشن سپر ہیرو فلم ’بلیک وڈو‘ کی اداکارہ اسکارلٹ جانسن نے کہا ہے کہ ان کے کردار کو ایک دہائی قبل شہوانی انداز میں دکھایا گیا تھا۔

اسکارلٹ جانسن کے مطابق ایک دہائی قبل 2010 میں ریلیز ہونے والی سائنس فکشن فلم ’ائرن مین 2‘ میں ان کے کردار ’بلیک وڈو‘ کو مہارت کے بجائے جنسی انداز میں زیادہ پیش کیا گیا۔

نامور اداکارہ کے مطابق ایک دہائی قبل ان کے کردار کا فوکس اس کی صلاحیتوں کے بجائے ان کے جسمانی خدوخال پر رکھا گیا تھا۔

شوبز ویب سائٹ ’ہولی وڈ رپورٹرز‘ کے مطابق اسکارلٹ جانسن نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے سائنس فکشن کردار اور اس میں ایک دہائی کے دوران ہونے والی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے کردار کو جنسی نہیں بلکہ پیشہ ورانہ دکھایا جانے لگا ہے۔

آئرن مین ٹو کے وقت میری عمر 25 سال تھی، اسکارلٹ جانسن—اسکرین شاٹ
آئرن مین ٹو کے وقت میری عمر 25 سال تھی، اسکارلٹ جانسن—اسکرین شاٹ

اسکارلٹ جانسن نے کہا کہ 10 سال قبل جب وہ 25 سال کی تھیں تو ان کا ’آئرن مین 2‘ میں ’بلیک وڈو‘ کا کردار بہت زیادہ شہوانی تھا اور ان کے کردار کو پرکشش اور بولڈ انداز میں دکھایا گیا۔

اداکارہ نے ماضی میں اپنے کردار کو بولڈ اور پرکشش دکھائے جانے پر سخت تنقید کرنے کے بجائے اسے وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ شاید اس وقت ان کی عمر کے حساب سے ان کے کردار کو ایسا دکھانا ٹھیک تھا۔

اسکارلٹ جانسن نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ’بلیک وڈو‘ کے کردار میں گزشتہ ایک دہائی میں اہم تبدیلیاں ہوئیں اور گزشتہ چند سال سے اب ان کے کردار کو شہوانی یا جنسی دکھانے کے بجائے ان کے کردار کی مہارت دکھائی جاتی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اب وہ 35 سال کی ہو چکی ہیں اور ایک بچے کی ماں بھی بن چکی ہیں، اس لیے شاید اب ان کے کردار کو ماضی کی طرح پرکشش اور جنسی انداز میں دکھانا درست نہیں۔

اب فلم میں کردار کی صلاحیتوں کو دکھایا جاتا ہے، اداکارہ—اسکرین شاٹ
اب فلم میں کردار کی صلاحیتوں کو دکھایا جاتا ہے، اداکارہ—اسکرین شاٹ

انہوں نے ’بلیک وڈو‘ کے کردار کو مارول اسٹوڈیو کی نئی فلموں میں پرکشش اور جنسی انداز کے بجائے پیشہ ورانہ انداز میں دکھانے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ ’بلیک وڈو‘ کا سائنس فکشن سپر ہیرو کردار ابتدائی طور پر 2006 میں فلموں اور ڈراموں میں دکھایا گیا اور اسکارلٹ جانسن کو مذکورہ کردار کے لیے پہلی بار 2010 کی فلم ’آئرن مین 2‘ میں کاسٹ کیا گیا تھا۔

تب سے اب تک اسکارلٹ جانسن ہی ’بلیک وڈو‘ کے کردار کو نبھاتی آر ہی ہیں اور ان کے مذکورہ کردار کو کئی سائنس فکشن سپر ہیرو فلموں میں دکھایا جا چکا ہے۔

’بلیک وڈو‘ کے کردار کا نام ’نتاشا رومانوف‘ ہوتا ہے اور اب آئندہ ماہ اسی کردار کی پہلی تنہا فلم بھی ریلیز ہوگی۔

اگرچہ ’بلیک وڈو‘ کو کئی فلموں میں دکھایا جا چکا ہے، تاہم اب آئندہ ماہ جولائی کے آغاز میں ’بلیک وڈو‘ کے کردار کی مرکزی فلم کو ریلیز کیا جائے گا۔

’بلیک وڈو‘ کی فلم کو 2019 میں ریلیز کیا جانا تھا، تاہم بعد ازاں اسے 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پھر کورونا کی وبا آنے کی وجہ سے اس کی ریلیز جولائی 2021 تک ملتوی کردی گئی تھی۔

اب آئندہ ماہ ’بلیک وڈو‘ کو مختلف ممالک میں محدود سینما ہاؤسز پر ریلیز کرنے سمیت آن لائن بھی ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024