سرفراز میرے کپتان تھے اور ہمیشہ رہیں گے، شاہین شاہ آفریدی
قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد ہمیشہ میرے کپتان رہیں گے، مجھے ان کے احترام میں خاموش رہنا چاہیے تھا۔
پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے مابین میچ میں فاسٹ باؤلر کے باؤنسر پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بحث ہوئی تھی جس پر سوشل میڈیا پر صارفین اور صحافیوں کے مابین بھی خوب گرما گرمی ہوئی۔
مزید پڑھیں: سرفراز اور شاہین کے بعد صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کے درمیان بھی گرما گرمی
تاہم اب لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر نے میچ میں ہونے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سرفراز احمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سیفی بھائی(سرفراز) ہم سب کا فخر ہیں، وہ میرے کپتان تھے اور ہمیشہ رہیں گے، جو کچھ بھی ہوا وہ دوران کھیل گرما گرمی میں ہوا، مجھے ان کے احترام میں خاموش رہنا چاہیے تھا، میں نے ہمیشہ اپنے سینئر کھلاڑیوں کا احترام کیا ہے اور سرفراز بھائی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
سرفراز احمد نے بھی اس ٹوئٹ کا خوشدلی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ میدان میں ہوا، اسے میدان تک ہی رہنا چاہیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے شاہین کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے چھوٹے بھائی اور پاکستان کے مستقبل کے اسٹار ہیں۔
واضح رہے کہ منگل کو لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کی تکرار ہوئی تھی۔
گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 19ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی کا باؤنسر سرفراز کے سر پر لگا اور وہ فوراً رن لینے کے لیے دوڑے لیکن اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تھوڑی گرما گرمی ہوئی۔
سرفراز نے شاہین کو کچھ کہا جس پر فاسٹ باؤلر بھی جواب دینے کے لیے فوراً آگے بڑھے تاہم اس دوران لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کرا کے معاملے کو مزید نہ بڑھنے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 73 رنز پر ڈھیر، پی ایس ایل 2021 میں سفر تمام
ایسا لگا کہ سرفراز کو 92 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کی گئی باؤنسر کچھ پسند نہ آئی اور انہوں نے فاسٹ باؤلر کو جارحیت سے باز رہنے کا مشورہ دیا تھا ۔
اس موقع پر کمنٹیٹرز نے بھی کہا تھا کہ آخر سرفراز ایک فاسٹ باؤلر کو باؤنسر کرنے سے کیسے منع کر سکتے ہیں، وہ سرفراز کی مرضی کے مطابق باؤلنگ نہیں کر سکتے۔
اننگز کے بعد جب شاہین سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا تھا کہ یہ سب میچ میں ہو جاتا ہے اور بحیثیت باؤلر وہ جارح مزاجی کے ساتھ باؤلنگ کرنا چاہتے ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں