• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حکومت اور اپوزیشن نے اسمبلی کی کارروائی بہتر طریقے سے چلانے پر اتفاق کرلیا، پرویز خٹک

شائع June 17, 2021
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر وفاقی وزرا پریس کانفرنس کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر وفاقی وزرا پریس کانفرنس کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے قومی اسمبلی کی کارروائی کو بہتر طریقے سے چلانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ ہمارے ملک و آئین کے لیے اچھا نہیں ہے، اس کی مذمت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور حکومت اس پر پارلیمنٹ میں بحث چاہتی ہے۔

انہوں نے اپوزیشن سے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ 'ایک تجویز پر اتفاق ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اراکین نے صحیح زبان استعمال کرنی ہے، گالم گلوچ اور شور شرابا نہ ہو اور سیٹوں سے نہ اٹھیں تاکہ لڑائی اور فساد نہ ہو اور ایوان کی کارروائی بہتر طریقے سے چل سکے'۔

انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن سے بہت اچھی ملاقات رہی اور کوشش ہے کہ آج اسمبلی کی کارروائی بہتر طریقے سے چل سکے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ 'اراکین پارلیمنٹ اس ملک کی بہتری کے لیے کام کرتے ہیں اور جو کچھ ہوا ہم سب اس کی مذمت کرتے ہیں'۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی اجلاس: شہباز شریف کی تقریر کے دوران رکن اسمبلی نے بوتل دے ماری

انہوں نے بتایا کہ 'اسپیکر اس حوالے سے کمیٹی کا اعلان کریں گے اور فیصلہ ہوا ہے کہ پرامن طریقے سے اسمبلی کی کارروائی ہوگی اور اپوزیشن لیڈر اور ہمارے لیڈر بات کریں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اپوزیشن سے جو معاہدہ ہوا اس کا اعلان اسپیکر صاحب کریں گے اور یہ سب تحریری طور پر ہوگا'۔

انہوں نے کہا کہ 'اسپیکر کے پاس ایک دن تک کسی بھی رکن کو باہر نکالنے کا اختیار ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اسپیکر کو بااختیار کیا جائے تاکہ وہ کارروائی کریں تو اس کا نتیجہ نکل سکے جس کے بارے میں ہم نے اپوزیشن کو بھی تجویز دی ہے'۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'نمبروں کا مسئلہ نہیں، بجٹ منظور ہوجائے گا، ہم جو اقدامات کر رہے ہیں وہ جمہوریت، آئین اور پارلیمان کو طاقتور کرنے کے لیے کر رہے ہیں'۔

ڈپٹی اسپیکر کے خلاف اپوزیشن تحریک واپس لینے پر بھی بات کی ہے، فواد چوہدری

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جس میں قومی اسمبلی کی کارروائی کو بہتر انداز میں چلانے سمیت اسپیکر اسمبلی کے اختیارات بڑھانے پر بھی بات کی گئی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'اپوزیشن سے ملاقات میں پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی وفد میں اسد قیصر، اسد عمر، علی محمد خان، عامر ڈوگر اور میں خود بھی شامل تھا'۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اپوزیشن کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کے رانا ثنا اللہ، ایاز صادق، رانا تنویر اور پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف اور شازیہ مری تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام امور پر بحث ہوئی اور اتفاق ہوا کہ اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس سے اراکین پارلیمنٹ کو ندامت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی خواتین رہنماؤں کا مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ 'اس ضمن میں ایک تجویز دی گئی ہے کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ان تمام امور پر کنٹرول کے معاملات دیکھے گی'۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ اسپیکر کے اختیارات پر کیسے نظرثانی کی جائے اور انہیں آگے لے کر جایا جائے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم نے اپوزیشن سے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی بات کی ہے اور اپوزیشن اپنے پارٹی قیادت سے بات کرے گی، اُمید ہے کہ یہ روک دی جائے گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'خوش آئند بات یہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہوگیا ہے اور آج سے پارلیمان کے تمام امور بہتر طریقے سے چل سکیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی تقریر کے دوران قومی اسمبلی میں تیسرے روز بھی بدنظمی، اجلاس ملتوی

انہوں نے بتایا کہ 'پرویز خٹک کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی اور اتحادیوں کا اجلاس ہوا تھا جس میں 186 اراکین نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری پر اعتماد کا اظہار کیا اس لیے تحریک عدم اعتماد ہمارا مسئلہ نہیں لیکن ہم اچھے ماحول کے لیے اس جانب بڑھنا چاہتے ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024