• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کینیڈین ولاگر روزی گیبریل ہنزہ میں سیاحوں کے رویے سے نالاں

شائع June 16, 2021
انہوں نے کچھ تصاویر اور اسکرین شاٹس پر مشتمل ایک طویل پوسٹ شیئر کی اور اسے نارتھ کو صاف رکھیں کا نام دیا —فوٹو: انسٹاگرام
انہوں نے کچھ تصاویر اور اسکرین شاٹس پر مشتمل ایک طویل پوسٹ شیئر کی اور اسے نارتھ کو صاف رکھیں کا نام دیا —فوٹو: انسٹاگرام

تین برس قبل موٹر سائیکل پر پاکستان میں داخل ہونے والی کینیڈین ولاگر روزی گیبریل نے پاکستان کے سیاحتی مقامات کو کچرے سے آلودہ کرنے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

گلگت بلتستان میں واقع وادی ہنزہ جو اپنی خوبصورتی کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، ان دنوں کچھ مسائل کا شکار ہے۔

ہنزہ، جسے مقامی افراد کی جانب سے بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے، کو شہری علاقوں میں رہائش پذیر افراد کی جانب سے چھٹیوں کے لیے ایک بہترین جگہ کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔

تاہم وادی ہنزہ میں آلودگی کے مسائل اس وقت سامنے آئے جب حال ہی میں وہاں ایک میوزک فیسٹیول کا انعقاد ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: کینیڈین ولاگر روزی گیبریل نے پاکستانی لڑکے سے شادی کرلی

کینیڈین ولاگر روزی گیبریل اس وقت وادی ہنزہ میں ہیں اور کچھ مقامی افراد نے وہاں موجود کچرے اور آلودگی سے متعلق اپنے خدشات ان سے بیان کیے اور اُمید کا اظہار کیا کہ وہ ان کی مدد کے لیے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کریں گی۔

اس حوالے سے انہوں نے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر اور اسکرین شاٹس پر مشتمل ایک طویل پوسٹ شیئر کی اور اسے 'نارتھ کو صاف رکھیں' کا نام دیا۔

کینیڈین ولاگر کی پوسٹ میں میوزک فیسٹیول میں جانے والے افراد کی جانب سے آلودگی پھیلانے کی تصاویر اور مقامی افراد کے ساتھ گفتگو کے اسکرین شاٹس شیئر کیے۔

مقامی افراد کی جانب سے سیاحوں کی جانب سے بیہودگی اور آلودگی پھیلانے کی شکایت کی گئی۔

انہوں نے شکایت کی کہ کس طرح وادی ہنزہ میں سیاح 'فحاشی' اور 'منشیات کلچر' پھیلارہے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ ان چیزوں کو فن و تفریح کی آڑ میں پھیلایا جارہا ہے اور انہیں اپنی اقدار کے متاثر ہونے کا خطرہ درپیش ہے۔

روزی گیبریل نے اس صورتحال پر اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا اور لکھا کہ بین الاقوامی سفر کے مواقع محدود ہونے کی وجہ سے لوگ شمالی علاقہ جات جانے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن وہ اپنے ساتھ 'برے رویے، منشیات، فحاشی، ڈانس پارٹیز لارہے ہیں اور بہت زیادہ کچرا پھیلارہے ہیں'۔

انہوں نے پاکستان کے شمالی علاقوں کے سفر سے متعلق اپنا تجربہ بھی بیان کیا اور کہا کہ وہ مقامی سیاحوں سے پریشان ہوئی تھیں اور انہیں دیگر مقام تلاش کرنے پڑے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: موٹر سائیکل پر پاکستان دیکھنے والی کینیڈین ولاگر نے اسلام قبول کرلیا

کینیڈین ولاگر نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ایک مشکل سال کے بعد لوگوں کو سفر کرنے اور خود کو وقت دینے کی ضرورت ہے لیکن نشاندہی کی کہ لوگ جن مقامات کی سیر کررہے ہیں انہیں تباہ کریں۔

روزی گیبریل نے کہا کہ مقامی افراد کو سیاحوں کا استقبال کرنا اچھا لگتا ہے لیکن انہیں یہ سب پسند نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی افراد میوزیکل ایونٹس اور ورکشاپس کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن اب جو ہورہا ہے اسے ثقافت کے لیے خطرہ سمجھا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ روزی گیبریل 2018 میں پاکستان آئیں تھی اور اس وقت ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام خدشات اور لوگوں کے روکنے کے باوجود پاکستان آئی ہیں اور وہ یہاں کے 40 مقامات کی سیر کرکے دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی دکھائیں گی۔

کینیڈین ولاگر اور سیاح خاتون نے بعد ازاں لاہور، قصور، ملتان اور گوادر سمیت شمالی علاقہ جات کا بھی سفر کیا تھا اور انہوں نے وہاں جاکر ویڈیوز بھی بنائی تھیں۔

روزی گیبریل تقریباً 14 ماہ پاکستان میں رہیں اور بعدازاں انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اسلام قبول کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024