• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

کراچی: الہ دین پارک میں انسداد تجاوزات آپریشن، پولیس اور مظاہرین میں تصادم

شائع June 15, 2021
آپریشن میں پارک کے اندر واقع تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
آپریشن میں پارک کے اندر واقع تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
آپریشن میں پارک کے اندر واقع تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
آپریشن میں پارک کے اندر واقع تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی کے الہ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوا جبکہ پتھراؤ اور لاٹھی چارج سے پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے کراچی میں مقامی انتظامیہ کو حکم دیا تھا کہ وہ گلشنِ اقبال کے تفریحی پارک 'الہ دین' میں قائم پویلین اینڈ کلب کو مسمار کر کے تمام تجارتی سرگرمیاں بھی بند کردے۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مشاہدہ کیا کہ الہ دین پارک کو پویلین اینڈ کلب میں تبدیل کردیا گیا ہے اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ فیس کے عوض ممبرشپ کی پیشکش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کراچی کے ایڈمنسٹریٹر کو ہدایت کی کہ وہ کلب کو فوری طور پر مسمار کریں اور پارک کے احاطے میں دیگر تجارتی سرگرمیاں بند کروا کر اس پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ دو دن کے اندر جمع کرائیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا کراچی میں 'پویلین اینڈ کلب' فوری مسمار کرنے کا حکم

عدالت کے احکامات پر منگل کی صبح محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے آپریشن کیا اور پارک کے احاطے میں واقع غیر قانونی شاپنگ مال گرانا شروع کر دیا۔

تاہم آپریشن کے خلاف دکانداروں کی طرف سے مزاحمت کی گئی اور احتجاج شروع کردیا گیا جس کے نتیجے میں کچھ دیر کے لیے آپریشن روک دیا گیا۔

وقفے کے بعد انسداد تجاوزات عملے نے ایک مرتبہ پھر آپریشن شروع کیا، اس بار مظاہرین مشتعل ہوگئے اور پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

پولیس کی جانب سے بھی جواب میں لاٹھی چارج کیا گیا جس سے چند مظاہرین بھی زخمی ہوئے جبکہ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔

صورتحال بگڑنے پر آپریشن کو دوسری مرتبہ روک دیا گیا اور بھاری مشینری اور پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی۔

ایک گھنٹے سے زائد کے وقفے کے بعد آپریشن ایک مرتبہ پھر جاری ہے اور پارک کے اندر واقع تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ہنگامہ آرائی کے باعث نیپا سے جوہر موڑ جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے اور ٹریفک کو نیپا سے حسن اسکوائر کی طرف منتقل کیا جارہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024