• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

اسلاموفوبیا کی حقیقت کس بنیاد پر جھٹلائیں گے؟ کینیڈین وزیراعظم

شائع June 9, 2021
انہوں نے کہا کہ یہ الفاظ بیچ کی مانند کام کرتے ہیں جو بدصورت وسیع رجحان کو بڑھاتے ہیں۔ 
---فوٹو: اے پی
انہوں نے کہا کہ یہ الفاظ بیچ کی مانند کام کرتے ہیں جو بدصورت وسیع رجحان کو بڑھاتے ہیں۔ ---فوٹو: اے پی

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ اگر کوئی سوچتا ہے کہ اس ملک میں نسل پرستی اور نفرت کا وجود نہیں ہے تو ہم متاثرہ خاندانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کیسے کہہ سکتے ہیں کہ اسلاموفوبیا حقیقت نہیں ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق کینیڈا کے جنوبی صوبے اونٹاریو میں مسلمان خاندان کے 4 افراد کی ہلاکت پر پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کینیڈا کے وزیراعظم نے کہا کہ مسلمان خاندان کے اوپر کیا گیا دہشت گرد حملہ تھا جس کے متحرکات نفرت پر مبنی تھے جو ہماری برادریوں میں سے ایک کے دل میں نفرت کا نتیجہ تھا۔

مزیدپڑھیں: کینیڈا کے وزیر اعظم نے مسلم اہلخانہ کے قتل کو دہشت گرد حملہ قرار دے دیا

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی سوچتا ہے کہ اس ملک میں نسل پرستی اور نفرت کا کوئی وجود نہیں ہے تو میں یہ کہنا چاہتا ہوں: ہم ہسپتال میں زیر علاج بچے کو اس حملے کی کس طرح وضاحت دیں گے؟ ہم متاثرہ خاندانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہہ سکتے ہیں کہ اسلامو فوبیا حقیقت نہیں ہے؟۔

کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران طویل وقت کے بعد متعدد کینیڈین تازہ ہوا کے لیے شام کی سیر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا ، لیکن اس رات مسلمان خاندان کبھی گھر نہیں جا سکا، ان کی زندگیاں ایک وحشیانہ، بزدلانہ اور تشدد پرمبنی رویے کی نذر ہوگئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ قتل کوئی حادثہ نہیں تھا اور بہت سے مسلمان کینیڈین خوفزدہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا: نفرت کی بنیاد پر حملے میں پاکستانی نژاد خاندان کے 4 اراکین جاں بحق

جسٹن ٹروڈو نے واضح کیا کہ غلط بیانی اور آن لائن انتہا پسندی اور سیاست میں الزام تراشی کے وقت استعمال ہونے والے الفاظ اثر انداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ الفاظ بیج کی مانند کام کرتے ہیں جو بدصورت وسیع رجحان کو بڑھاتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اور بعض اوقات وہ اصل تشدد کا باعث بنتے ہیں۔

اس سے قبل کینیڈا کے وزیر اعظم نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ وہ لوگ جو افضل کے اہلخانہ کو جانتے ہیں، لندن اور کینیڈا میں موجود مسلم کمیونٹی اور وہ تمام لوگ جو واقعے پر افسردہ اور خوفزدہ ہیں، میں کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اکیلےنہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورا ملک آپ سے تعزیت کرتا ہے ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔

منگل کی رات حکام نے کورونا سے متعلق پابندیوں میں نرمی کردی تھی تاکہ متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کے لیے لوگ جمع ہوسکے۔

کینیڈا کے وزیراعظم اور کینیڈا کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما نے سیکڑوں سوگواران کے ہمراہ مقامی مسجد کے پاس جمع ہوئے اور جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں شمع روشن کیں۔

اس موقع پر کینیڈا کے وزیر اعظم نے مجمع سے خطاب کرتے ہوے کہاکہ ایسے الفاظ نہیں ہیں جو تین نسلوں کے قتل کے غم کو کم کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی الفاظ نہیں ہیں جو اس کمیونٹی کے دکھ کو ختم کرسکتے ہوں، ایسی کوئی باتیں نہیں ہیں جو اس چھوٹے بچے کے مستقبل کو ٹھیک کرسکتے ہوں جس کا مستقبل چھین لیا گیا۔

مزیدپڑھیں: کینیڈا کا واقعہ انفرادی فعل نہیں، اسلاموفوبیا کا بڑھتا ہوا تشویشناک رجحان ہے، وزیر خارجہ

کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا کہ لیکن یہ حقیقت ہے کہ آپ تنہا نہیں ہیں، تمام کینیڈین آپ کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے مسلمان خاندان کے 4 افراد کی ہلاکت کو دہشت گرد حملہ قرار دیا تھا جنہیں ایک شخص نے ٹرک تلے کچل دیا تھا۔

حملے کے فورا بعد ہی گرفتار کیے گئے 20 سالہ ملزم پر پہلے درجے کے قتل اور قتل کی کوشش کے چار الزامات عائد کیے گئے ہیں جبکہ مسلم برادری کے متعدد رہنماؤں نے عدالتوں سے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

متاثرہ افراد کے نام جاری نہیں کیے گئے البتہ لندن شہر کے میئر ایڈ ہولڈر نے بتایا گیا کہ ان میں ایک 74 سالہ خاتون، ایک 46 سالہ مرد، 44 سالہ خاتون اور ایک 15 سال کی لڑکی شامل ہے جو ایک ہی خاندان کی 3 نسلیں تھیں'۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024