• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

پشاور بورڈ کا 10 جولائی سے میٹرک اور انٹر کے امتحانات کا اعلان، شیڈول جاری

شائع June 8, 2021
پشاور بورڈ نے ڈیٹ شیٹ جاری کردی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
پشاور بورڈ نے ڈیٹ شیٹ جاری کردی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

خیبر پختونخوا میں پشاور بورڈ کے زیر انتظام میٹرک اور انٹر کے امتحانات 10 جولائی سے شروع ہوں گے، جس کے لیے شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پشاور بورڈ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امتحانات صبح اور شام کی شفٹوں میں ہوں گے اور میٹرک کا پہلا پرچہ 10 جولائی کو ہو گا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: طلبہ کو امتحان کی تیاری کیلئے آن لائن ایپ متعارف

اس حوالے سے جاری شیڈول کے مطابق میٹرک اور انٹر کے امتحانات 19 جولائی کو ختم ہوں گے، جس کے بعد نویں اور گیارھویں کے امتحانات 27 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو ختم ہوں گے۔

پشاور بورڈ نے کہا کہ امتحانات صرف اختیاری مضامین کے ہوں گے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے 2 جون کو اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں متفقہ طور پر 10 جولائی کے بعد بورڈ امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور نویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ صرف اختیاری مضامین کے امتحان دیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ سال امتحانات کے بغیر بچے پاس کرنے کا تجربہ کیا اور تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے پچھلے سال دسمبر میں ایک فیصلہ کیا جس پر ہم آج تک قائم ہیں اور وہ فیصلہ یہ ہے کہ امتحان کے بغیر کوئی گریڈ نہیں ملیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے آج سے کئی ماہ پہلے یہ فیصلہ کیا تھا کہ سلیبس میں سے 40 فیصد کورس کو کم کردیا جائے اور وہ اس لیے کم کیا تھا تاکہ بچوں کو سلیبس مکمل کرنے میں مشکل پیش نہ آئے اور طلبہ کا یہ کہنا درست ہے کہ کورس ورک مکمل نہیں ہو سکا لہٰذا اس چیز اور بیماری کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے کچھ فیصلے کیے ہیں اور کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نویں اور دسویں کے اختیاری مضامین اور حساب کے امتحان لیے جائیں گے اور اس طرح نویں اور دسویں کا امتحان چار مضامین میں ہو گا، باقی مضامین میں نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات 10 جولائی کے بعد لینے کا فیصلہ

شفقت محمود نے کہا تھا کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات صرف اختیاری مضامین کے لیے جائیں گے، یہ ہم نے اس لیے بھی سوچا کہ اگر کسی نے ڈاکٹر بننا ہے کہ تو اس نے بائیولوجی لی ہوئی ہے، کسی نے انجینئر بننا ہے تو فزکس اور باقی مضامین لیے ہوئے ہیں، تو طلبہ نے جس بھی شعبے میں جانا ہے وہ اس کا امتحان دے دیں اور باقی مضامین کا امتحان نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پہلے پاکستان بھر کے بورڈز 24 جون سے امتحانات شروع کررہے تھے لیکن اب ہم نے ان سے کہا ہے کہ 10 جولائی کے بعد امتحانات شروع کیے جائیں جس سے بچوں کو تیاری کے لیے مزید دو تین ہفتے مل جائیں گے جبکہ ہم نے بورڈز کو پرچوں کے درمیان وقفہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

بعد ازاں کے پی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث کلاس لینے سے محروم اسکول کے بچوں کو امتحان کی تیاری کے لیے ایپلی کیشن متعارف کروادی تھی۔

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے بچوں کو جون میں ہونے والے امتحانات کی تیاری کروانے کے لیے ایپ تیار کرلی ہے اور بچوں کی آسانی کے لیے 'ن' نامی کمپنی محدود کورس کی تیاری کر وائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ طلبہ سہ پہر 3 بجے سے رات 10 بجے تک اس ایپ سے فری آن لائن کلاسیں لے سکتے ہیں، آن لائن کورس ریکارڈ بھی ایپ پر موجود ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024