ناساز طبیعت کے بعد دلیپ کمار سے متعلق جھوٹی خبروں پر اہلیہ برہم
لیجنڈری بولی وڈ اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد ان سے متعلق افواہیں پھیلنے پر ان کی اہلیہ اداکارہ سائرہ بانو نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو جھوٹی خبروں پر دھیان نے دینے کی اپیل کی ہے۔
دلیپ کمار کو گزشتہ روز 6 جون کو سانس لینے میں دشواری کے باعث ممبئی کے ہندوجا ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔
اداکار کی ابتدائی ٹیسٹ کیے جانے کے بعد ہسپتال انتظامیہ کے حوالے سے ٹائمز آف انڈیا نے بتایا تھا کہ اداکار کو آکسیجن سپورٹ فراہم کی گئی ہے، ان کے پھیپھڑوں میں پانی بھر جانے کی تشخیص ہوئی جس کے ساتھ خون میں آکسیجن کی سطح بھی کم ہوگئی تھی'۔
یہ بھی پڑھین: دلیپ کمار طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل
تاہم لیجنڈری اداکار سے متعلق بھارت کی سوشل میڈیا اور خصوصی طور پر واٹس ایپ کے ذریعے جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں، جس پر کئی لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔
سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلنے کے بعد دلیپ کمار کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ چلانے والی ٹیم اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے ٹوئٹ کی کہ برائے مہربانی افواہوں پر کان نہ دھریں۔
دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹوئٹ کی گئی کہ واٹس ایپ پر پھیلنے والے پیغامات پر یقین نہ کریں، لیجنڈری اداکار کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور انہیں 2 سے تین دنوں میں گھر منتقل کردیا جائے گا۔
بعد ازاں 7 جون کی صبح کو مذکورہ ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ دلیپ کمار کی طبیعت پہلے سے مزید بہتر ہے اور وہ وینٹی لینٹر پر نہیں بلکہ آکسیجن پر ہیں اور ان کے بعض ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔
بعد ازاں دلیپ کمار کے ٹوئٹر ہینڈل سے ہی میڈیا سے درخواست کی گئی کہ وہ جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں اور اداکار کی صحت سے متعلق کسی دوسرے شخص سے رابطہ کرنے کے بجائے ٹوئٹر ہینڈل پر فراہم کردہ معلومات سے خبریں چلائیں۔
ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ لیجنڈری اداکار کے کروڑوں چاہنے والے ہیں جو ان کی صحت سے متعلق فکرمند ہیں، اس لیے میڈیا افواہیں پھیلانے سے گریز کرے اور ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی ٹوئٹر ہینڈل پر فراہم کردہ معلومات کو ہی سچا اور درست مانا جائے۔
خیال رہے کہ زائد العمری کے باعث دلیپ کمار کو گزشتہ چند ماہ میں متعدد مرتبہ ہسپتال داخل کرایا جا چکا ہے، انہیں زیادہ تر سانس لینے میں دشواری، سینے میں تکلیف، پھیپھڑوں اور گردوں کے مسائل کی وجہ سے ہسپتال داخل کرایا جاتا رہا ہے۔
دلیپ کمار ایک دہائی سے ہر طرح کی تقریبات سے دور ہیں اور زائد العمری و بیماری کی وجہ سے گھر پر ہی رہتے ہیں۔
پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو پیدا ہونے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے اور انہوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلم 'جوار بھاٹا' سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔
وہ 'انداز'، 'داغ'، 'رام اور شام'، 'نیا دور'، 'مدھومتی' اور 'آدمی' جیسی کئی سپر ہٹ فلموں کا حصہ تھے۔
انہوں نے بہت سی فلموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے لیکن 'مغل اعظم' میں ان کی رومانوی اداکاری اور 'رام اور شام' میں ان کے کردار کو آج بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔
ان کی آخری فلم ‘قلعہ’ 1998 میں ریلیز ہوئی تھی, دلیپ کمار کو 1991 میں پدمابھوشن، 1994 میں دادا صاحب پھالکے اور 2015 میں پدماوی بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔