'15 روز کی مدت گزر گئی، ای سی ایل سے متعلق شہباز شریف کی کوئی درخواست نہیں ملی'
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام درج ہونے کے بعد اپیل کے لیے 15 روز کا وقت ہوتا ہے جو گزر چکا ہے لیکن شہباز شریف کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے نسبت پاکستان میں ویکسینیشن کی صورتحال بہتر ہے اور لوگوں میں اب اس کا رجحان پیدا ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے لوگ ویکسینیشن کے خلاف تھے اور اس کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا تھا لیکن اب دنیا ویکسینیشن کی جانب جارہی ہے اور یہ کم سے کم مدت میں مکمل کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:موجودہ اپوزیشن عمران خان کیلئے چیلنج نہیں، سہولت کار ہے، شیخ رشید
شیخ رشید نے کہا کہ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جنرل حماد، وفاقی وزیر اسد عمر اور خاص کر وزیراعظم عمران خان کو کریڈٹ دوں گا کہ اس قسم کی معیشت میں بھی ویکسینیشن کرائی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت میں بالخصوص اتر پردیش، مہاراشٹر، سی پی کی صورتحال دیکھیں وہاں بورڈ لگے ہوئے ہیں کہ 7 روز تک ویکسینیشن نہیں ہوسکتی لیکن پاکستان میں کہیں 'نو ویکسینیشن' کا بورڈ نہیں لگا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران، سعودی عرب کی جانب سے صرف مخصوص ویکسینیشن کو منظوری دینے پر متعلقہ حکام سے بات کریں گے وہ اس مسئلے کو خود دیکھ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: حکومت کے پاس اپنی رٹ قائم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا، شیخ رشید
ترین گروپ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ میں اس ملک میں عمران خان کی کوئی اپوزیشن نہیں دیکھ رہا، اتنی نااہل، نالائق اور نکمی اپوزیشن میں نے نہیں دیکھی کہ دسمبر میں انہوں نے ڈیڈ لائن دی تھی اور اب بجٹ بھی پیش ہونے جارہا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت سے مجھے پوری توقع ہے کہ مزدوروں کی تنخواہوں اور پیشن میں بھی اضافہ ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوگئے جس کا دکھ عمران خان کو بھی بہت زیادہ ہے لیکن شہباز شریف کو روک دیا گیا اور ای سی ایل میں اندراج کے خلاف درخواست دینے کے 15 روز ہوتے ہیں جو کل گزر چکے اور کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کو برطانیہ سے اللہ ہی لاسکتا ہے، شیخ رشید
ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ جے یو آئی جانے، ایف جانے، نون جانے، آپس میں جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے، عمران خان خوش نصیب شخص ہے کہ جسے ایسی نکمی اپوزیشن ملی۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کے لیے جہانگیر ترین گروپ کے بھی تمام ووٹس حمایت میں پڑیں گے۔